کتاب 82: باب الْمُدَارَاةِ مَعَ النَّاسِ
صحیح بخاری
صحیح بخاری 6131
قتیبہ بن سعید نے ہم سے بیان کیا کہ سفیان (بن عیینہ) نے ہمیں بتایا۔ (محمد) ابن منکدر نے اُن سے بیان کیا۔ انہوں نے عروہ بن زبیر سے روایت کی کہ حضرت عائشہؓ نے انہیں بتایا کہ ایک شخص نے نبی ﷺ کے پاس اندر آنے کی اجازت مانگی۔ آپؐ نے فرمایا: اس کو اندر آنے دو۔ بہت بُرا بیٹا ہے یا فرمایا: بہت بُرا بھائی ہے خاندان کا۔ جب وہ اندر آیا تو آپؐ نے اس سے نرمی سے باتیں کیں۔ میں نے آپؐ سے عرض کیا: یا رسول اللہ! آپؐ نے جو فرمایا تھا، فرمایا تھا۔ پھر آپؐ نے گفتگو کرتے وقت اس سے نرمی کی۔ آپؐ نے فرمایا: عائشہ! اللہ کے نزدیک رتبہ کے لحاظ سے لوگوں میں سے بدترین شخص وہ ہے جسے لوگ اس کی بداخلاقی سے بچنے کی وجہ سے چھوڑ دیں۔ آپؐ نے تَرَكَهُ فرمایا یا وَدَعَهُ۔
صحیح بخاری 6132
عبداللہ بن عبدالوہاب نے ہم سے بیان کیا کہ (اسماعیل) ابن عُلَیہ نے ہمیں بتایا۔ ایوب نے ہمیں خبر دی۔ انہوں نے عبداللہ بن ابی ملیکہ سے روایت کی کہ نبی ﷺ کو دیباج کی کچھ قبائیں آئیں جن میں سونے کے بٹن لگے ہوئے تھے، آپؐ نے وہ اپنے صحابہ میں سے کچھ لوگوں میں تقسیم فرمائیں اور اُن میں سے ایک حضرت مخرمہؓ کے لیے الگ کر لی۔ جب وہ آئے تو آپؐ نے فرمایا: تمہارے لئے میں نے یہ چھپا رکھی تھی۔ ایوب نے کہا: یعنی اپنے کپڑے میں جسے آپؐ انہیں دکھا رہے تھے اور مخرمہؓ کے مزاج میں کچھ تیزی تھی۔ اور حماد بن زید نے بھی ایوب سے اس حدیث کو روایت کیا ہے۔ اور حاتم بن وردان نے (اپنی سند میں یوں) کہا: ہم سے ایوب نے بیان کیا۔ انہوں نے ابن ابی ملیکہ سے، انہوں نے حضرت مسورؓ سے روایت کی (کہ اس میں یوں ہے:) نبی ﷺ کے پاس کچھ قبائیں آئیں۔