کتاب 86: باب صُنْعِ الطَّعَامِ وَالتَّكَلُّفِ لِلضَّيْفِ
صحیح بخاری
صحیح بخاری 6139
محمد بن بشار نے ہم سے بیان کیا کہ جعفر بن عون نے ہمیں بتایا۔ ابوالعُمیس نے ہمیں خبر دی۔ انہوں نے عون بن ابی جحیفہ سے، عون نے اپنے باپ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: نبی ﷺ نے حضرت سلمانؓ اور حضرت ابودرداءؓ کو آپس میں بھائی بھائی بنایا۔ حضرت سلمانؓ حضرت ابودرداءؓ کو ملنے گئے تو انہوں نے حضرت اُم درداءؓ کو کام کاج کرنے کے معمولی کپڑے پہنے دیکھا۔ حضرت سلمانؓ نے ان سے پوچھا: تمہاری یہ کیا حالت ہے ؟ وہ کہنے لگیں: (تمہارا بھائی ابودرداءؓ) اس کو دنیا کی کوئی خواہش نہیں۔ اتنے میں حضرت ابودرداءؓ آگئے تو انہوں نے ان کے لئے کھانا تیار کیا اور کہا: تم کھاؤ کیونکہ میں تو روزے دار ہوں۔ حضرت سلمانؓ نے کہا: میں تو نہیں کھاؤں گا جب تک کہ تم بھی نہ کھاؤ اور حضرت ابودرداءؓ نے کھایا، جب رات ہوئی تو حضرت ابودرداءؓ کھڑے ہو کر نماز پڑھنے لگے۔ حضرت سلمانؓ نے کہا: سوجاؤ اور وہ سوگئے، پھر وہ اٹھنے لگے، انہوں نے کہا: سوئے رہو۔ جب پچھلی رات ہوئی حضرت سلمانؓ نے کہا: اب اُٹھو۔ (حضرت ابو جحیفہؓ) کہتے تھے: ان دونوں نے نماز پڑھی پھر حضرت سلمانؓ نے ان سے کہا: تمہارے ربّ کا بھی تم پر حق ہے اور تمہارے نفس کا بھی تم پر حق ہے اور تمہاری بیوی کا بھی تم پر حق ہے سو ہر حقدار کو اس کا حق دو، پھر حضرت ابودرداءؓ نبی ﷺ کے پاس آئے اور آپؐ سے اس کا ذکر کیا، نبی ﷺ نے (سن کر) فرمایا: سلمانؓ نے سچ کہا۔ حضرت ابو جحیفہؓ وہب سوائی ہیں جنہیں وہب الخیر بھی کہتے تھے۔