کتاب 91: باب هِجَاءِ الْمُشْرِكِينَ

صحیح بخاری

صحیح بخاری 6150

حَدَّثَنَا مُحَمَّدٌ حَدَّثَنَا عَبْدَةُ أَخْبَرَنَا هِشَامُ بْنُ عُرْوَةَ عَنْ أَبِيهِ عَنْ عَائِشَةَ ـ رضى الله عنها ـ قَالَتِ اسْتَأْذَنَ حَسَّانُ بْنُ ثَابِتٍ رَسُولَ اللَّهِ صلى الله عليه وسلم فِي هِجَاءِ الْمُشْرِكِينَ فَقَالَ رَسُولُ اللَّهِ صلى الله عليه وسلم " فَكَيْفَ بِنَسَبِي ". فَقَالَ حَسَّانُ لأَسُلَّنَّكَ مِنْهُمْ كَمَا تُسَلُّ الشَّعَرَةُ مِنَ الْعَجِينِ. وَعَنْ هِشَامِ بْنِ عُرْوَةَ عَنْ أَبِيهِ قَالَ ذَهَبْتُ أَسُبُّ حَسَّانَ عِنْدَ عَائِشَةَ فَقَالَتْ لاَ تَسُبُّهُ فَإِنَّهُ كَانَ يُنَافِحُ عَنْ رَسُولِ اللَّهِ صلى الله عليه وسلم.

محمد (بن سلام) نے ہم سے بیان کیا کہ عبدہ نے ہمیں بتایا۔ ہشام بن عروہ نے ہمیں خبر دی۔ ہشام نے اپنے باپ سے، ان کے باپ نے حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا سے روایت کی۔ آپؓ فرماتی تھیں: حضرت حسان بن ثابتؓ نے رسول اللہ ﷺ سے مشرکوں کی ہجو کرنے کی اجازت مانگی۔ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: تم میرے خاندان کی کیونکر ہجو کرو گے؟ حضرت حسانؓ نے کہا: میں آپؐ کو ان سے اس طرح نکال دوں گا جیسے بال آٹے سے نکالا جاتا ہے۔ اور (اسی سند سے) ہشام بن عروہ سے مروی ہے۔ انہوں نے اپنے باپ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: میں حضرت عائشہؓ کے سامنے حضرت حسانؓ کو بُرا بھلا کہنے لگا تو انہوں نے کہا: اسے بُرا نہ کہو کیونکہ وہ رسول اللہ ﷺ کی مدافعت کیا کرتا تھا۔

صحیح بخاری 6151

حَدَّثَنَا أَصْبَغُ قَالَ أَخْبَرَنِي عَبْدُ اللَّهِ بْنُ وَهْبٍ قَالَ أَخْبَرَنِي يُونُسُ عَنِ ابْنِ شِهَابٍ أَنَّ الْهَيْثَمَ بْنَ أَبِي سِنَانٍ أَخْبَرَهُ أَنَّهُ سَمِعَ أَبَا هُرَيْرَةَ فِي قَصَصِهِ يَذْكُرُ النَّبِيَّ صلى الله عليه وسلم يَقُولُ " إِنَّ أَخًا لَكُمْ لاَ يَقُولُ الرَّفَثَ ". يَعْنِي بِذَاكَ ابْنَ رَوَاحَةَ قَالَ فِينَا رَسُولُ اللَّهِ يَتْلُو كِتَابَهُ إِذَا انْشَقَّ مَعْرُوفٌ مِنَ الْفَجْرِ سَاطِعُ أَرَانَا الْهُدَى بَعْدَ الْعَمَى فَقُلُوبُنَا بِهِ مُوقِنَاتٌ أَنَّ مَا قَالَ وَاقِعُ يَبِيتُ يُجَافِي جَنْبَهُ عَنْ فِرَاشِهِ إِذَا اسْتَثْقَلَتْ بِالْكَافِرِينَ الْمَضَاجِعُ تَابَعَهُ عُقَيْلٌ عَنِ الزُّهْرِيِّ. وَقَالَ الزُّبَيْدِيُّ عَنِ الزُّهْرِيِّ عَنْ سَعِيدٍ وَالأَعْرَجِ عَنْ أَبِي هُرَيْرَةَ.

اصبغ (بن فرج) نے ہم سے بیان کیا، کہا: عبداللہ بن وہب نے مجھے خبر دی۔ یونس نے مجھ سے بیان کیا۔ یونس نے ابن شہاب سے روایت کی کہ ھَیثم بن ابی سنان نے اُنہیں بتایا۔ انہوں نے حضرت ابوہریرہؓ سے ان کے واقعات کے بیان کرنے کے اثنا میں سنا، وہ نبیﷺ کا ذکر کرتے تھے، کہتے تھے: تمہارا ایک بھائی ہے جو بیہودہ نہیں کہتا۔ آپ کی مراد اس سے حضرت ابن رواحہؓ تھے۔ انہوں نے (ہی یہ شعر) کہا ہے: ہم میں اللہ کے رسول ہیں جو اُس کی کتاب پڑھ کر سناتے ہیں اُس وقت جب صبح کی پَو پھوٹ رہی ہوتی ہے۔ اس نے ہمیں اندھے پن کے بعد سیدھا راہ دکھایا جس سے ہمارے دل یقین کئے ہوتے ہیں کہ جو اُس نے کہا وہ ہو کر رہے گا۔ وہ رات اس طرح گزارتا ہے کہ اس کا پہلو اس کے بستر سے الگ رہتا ہے جبکہ بستر کافروں سے بوجھل ہو رہے ہوتے ہیں۔ (یونس کی طرح) عقیل نے بھی اس حدیث کو زُہری سے نقل کیا۔ اور زبیدی نے بھی زُہری سے نقل کیا۔ (انہوں نے اس کی سند یوں بیان کی) سعید اور اعرج سے مروی ہے کہ انہوں نے حضرت ابوہریرہؓ سے روایت کی۔

صحیح بخاری 6152

حَدَّثَنَا أَبُو الْيَمَانِ أَخْبَرَنَا شُعَيْبٌ عَنِ الزُّهْرِيِّ. وَحَدَّثَنَا إِسْمَاعِيلُ قَالَ حَدَّثَنِي أَخِي عَنْ سُلَيْمَانَ عَنْ مُحَمَّدِ بْنِ أَبِي عَتِيقٍ عَنِ ابْنِ شِهَابٍ عَنْ أَبِي سَلَمَةَ بْنِ عَبْدِ الرَّحْمَنِ بْنِ عَوْفٍ أَنَّهُ سَمِعَ حَسَّانَ بْنَ ثَابِتٍ الأَنْصَارِيَّ يَسْتَشْهِدُ أَبَا هُرَيْرَةَ فَيَقُولُ يَا أَبَا هُرَيْرَةَ نَشَدْتُكَ بِاللَّهِ هَلْ سَمِعْتَ رَسُولَ اللَّهِ صلى الله عليه وسلم يَقُولُ " يَا حَسَّانُ أَجِبْ عَنْ رَسُولِ اللَّهِ اللَّهُمَّ أَيِّدْهُ بِرُوحِ الْقُدُسِ ". قَالَ أَبُو هُرَيْرَةَ نَعَمْ.

ابوالیمان نے ہم سے بیان کیا کہ شعیب نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے زُہری سے روایت کی۔ نیز اسماعیل نے ہم سے بیان کیا۔ انہوں نے کہا: مجھے میرے بھائی (عبدالحمید) نے بتایا۔ انہوں نے سلیمان سے، سلیمان نے محمد بن ابی عتیق سے، ابن ابی عتیق نے ابن شہاب سے، ابن شہاب نے ابوسلمہ بن عبدالرحمٰن بن عوف سے روایت کی کہ انہوں نے حضرت حسان بن ثابت انصاریؓ سے سنا۔ وہ حضرت ابوہریرہؓ سے شہادت لے رہے تھے، کہتے تھے: ابوہریرہؓ! میں تمہیں اللہ کی قسم دے کر پوچھتا ہوں کیا تم نے رسول اللہ ﷺ سے سنا کہ آپؐ فرماتے تھے: اے حسان! رسول اللہ کی طرف سے جواب دو۔ اے اللہ! روح القدس سے اس کی تائید فرما۔ حضرت ابوہریرہؓ نے کہا: ہاں۔

صحیح بخاری 6153

حَدَّثَنَا سُلَيْمَانُ بْنُ حَرْبٍ حَدَّثَنَا شُعْبَةُ عَنْ عَدِيِّ بْنِ ثَابِتٍ عَنِ الْبَرَاءِ ـ رضى الله عنه ـ أَنَّ النَّبِيَّ صلى الله عليه وسلم قَالَ لِحَسَّانَ " اهْجُهُمْ ـ أَوْ قَالَ هَاجِهِمْ ـ وَجِبْرِيلُ مَعَكَ ".

سلیمان بن حرب نے ہم سے بیان کیا کہ شعبہ نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے عدی بن ثابت سے، عدی نے حضرت براء (بن عازب) رضی اللہ عنہ سے روایت کی کہ نبی ﷺ نے حضرت حسانؓ سے فرمایا: ان کی ہجو کرو یا فرمایا: ان کی ہجو کا جواب دو اور جبریل تمہارے ساتھ ہوں گے۔

10 von 10 heute frei