کتاب 94: باب مَا جَاءَ فِي زَعَمُوا
صحیح بخاری
صحیح بخاری 6158
عبداللہ بن مسلمہ نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے مالک سے، مالک نے ابونضر سے جو عمر بن عبیداللہ کے غلام تھے روایت کی کہ ابومُرہ نے جو حضرت اُم ہانیؓ بنت ابی طالب کے غلام تھے انہیں بتایا کہ انہوں نے حضرت اُم ہانیؓ بنت ابی طالب سے سنا۔ وہ کہتی تھیں: جس سال مکہ فتح کیا گیا میں رسول اللہ ﷺ کے پاس گئی۔ میں نے آپؐ کو نہاتے ہوئے پایا اور آپؐ کی بیٹی فاطمہؓ نے آپؐ کو پردہ کیا ہوا تھا۔ میں نے آپؐ کو سلام کیا۔ آپؐ نے پوچھا: یہ کون ہے؟ میں نے کہا: میں ابوطالب کی بیٹی اُمّ ہانی ہوں۔ آپؐ نے فرمایا: اچھا آنا ہو اُمّ ہانی، خوشی سے آئیں۔ جب آپؐ اپنے نہانے سے فارغ ہوگئے آپؐ کھڑے ہوگئے اور آپؐ نے ایک ہی کپڑے میں لپٹے ہوئے آٹھ رکعتیں نماز پڑھی۔ جب نماز سے فارغ ہو کر مڑے میں نے کہا: یا رسول اللہ! میری ماں کا بیٹا یہ کہتا ہے کہ وہ اس شخص کو مار ڈالے گا جس کو میں نے پناہ دی ہے یعنی فلاں بن ہُبَیرہ۔ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: اُمّ ہانی! ہم نے اس کو پناہ دی جس کو تم نے پناہ دی۔ حضرت اُم ہانیؓ کہتی تھیں: اور یہ چاشت کا وقت تھا۔