کتاب 96: بَابُ عَلاَمَةِ حُبِّ اللَّهِ عَزَّ وَجَلَّ
صحیح بخاری
صحیح بخاری 6168
بشر بن خالد نے ہم سے بیان کیا کہ محمد بن جعفر نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے شعبہ سے، شعبہ نے سلیمان سے، سلیمان نے ابو وائل سے، ابو وائل نے حضرت عبداللہ (بن مسعودؓ) سے، حضرت عبداللہؓ نے نبی ﷺ سے روایت کی کہ آپؐ نے فرمایا: آدمی انہی کے ساتھ ہوتا ہے جن سے محبت رکھتا ہے۔
صحیح بخاری 6169
قتیبہ بن سعید نے ہم سے بیان کیا کہ جریر )بن عبدالحمید( نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے اعمش سے، اعمش نے ابووائل سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: حضرت عبداللہ بن مسعود رضی اللہ عنہ کہتے تھے: ایک شخص رسول اللہ ﷺ کے پاس آیا اور کہنے لگا: یا رسول اللہ! آپؐ اس شخص کے متعلق کیا فرماتے ہیں جو کسی قوم سے محبت رکھے اور ان سے ملا نہ ہو؟ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: آدمی انہی کے ساتھ ہوتا ہے جن سے محبت رکھتا ہے۔ (جریر بن عبدالحمید کی طرح) اس حدیث کو جریر بن حازم اور سلیمان بن قرم اور ابوعوانہ نے بھی اعمش سے، اعمش نے ابووائل سے، ابووائل نے حضرت عبداللہ (بن مسعودؓ) سے، انہوں نے نبی ﷺ سے روایت کیا۔
صحیح بخاری 6170
ابو نعیم نے ہم سے بیان کیا کہ سفیان (ثوری) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے اعمش سے، اعمش نے ابو وائل سے، ابو وائل نے حضرت ابو موسیٰؓ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: نبی ﷺ سے کہا گیا کہ ایک شخص کچھ لوگوں سے محبت رکھتا ہے اور وہ ابھی تک ان سے ملا نہیں۔ آپؐ نے فرمایا: آدمی انہی کے ساتھ ہوتا ہے جن سے وہ محبت رکھتا ہے۔ (سفیان کی طرح) اس حدیث کو ابو معاویہ اور محمد بن عبید نے بھی روایت کیا۔
صحیح بخاری 6171
عبدان نے ہم سے بیان کیا کہ میرے باپ (عثمان مروَزی) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے شعبہ سے، شعبہ نے عمرو بن مُرّہ سے، عمرو نے سالم بن ابی جعد سے، سالم نے حضرت انس بن مالکؓ سے روایت کی کہ ایک شخص نے نبی ﷺ سے پوچھا: یا رسول اللہ! وہ گھڑی کب ہو گی؟ آپؐ نے فرمایا: تم نے اس کے لئے کیا سامان تیار کر رکھا ہے؟ وہ بولا: میں نے اس کے لئے کچھ بہت نمازیں تیار نہیں رکھیں اور نہ روزے اور نہ صدقے مگر یہ بات ضرور ہے کہ میں اللہ اور اس کے رسول سے محبت رکھتا ہوں۔ آپؐ نے فرمایا: تم انہی کے ساتھ ہو گے جن سے محبت رکھتے ہو۔