کتاب 104: باب قَوْلِ الرَّجُلِ جَعَلَنِي اللَّهُ فِدَاكَ
صحیح بخاری
صحیح بخاری 6185
علی بن عبداللہ نے ہم سے بیان کیا کہ بشر بن مفضل نے ہمیں بتایا۔ یحيٰ بن ابی اسحاق نے ہم سے بیان کیا۔ انہوں نے حضرت انس بن مالکؓ سے روایت کی کہ وہ اور حضرت ابوطلحہؓ نبی ﷺ کے ساتھ آرہے تھے۔ اور نبی ﷺ کے ساتھ حضرت صفیہؓ تھیں جنہیں آپؐ نے اپنے پیچھے اپنی اُونٹنی پر سوار کیا ہوا تھا۔ جب راستے میں کسی جگہ پہنچے تو اُونٹنی نے ٹھوکر کھائی۔ تو نبی ﷺ اور وہ عورت بھی گر پڑی اور (حضرت انسؓ) کہتے تھے: میرا خیال ہے کہ حضرت ابوطلحہؓ اپنے اُونٹ سے جلدی سے کود پڑے اور رسول اللہ ﷺ کے پاس آئے اور کہنے لگے: اللہ کے نبی! اللہ مجھے آپؐ کے قربان کرے۔ کیا آپؐ کو کوئی چوٹ تو نہیں لگی؟ آپؐ نے فرمایا: نہیں۔ لیکن اس عورت کی خبر لو۔ تو حضرت ابوطلحہؓ نے اپنے منہ پر اپنا کپڑا ڈال لیا اور حضرت صفیہؓ کی طرف گئے اور اپنا کپڑا اُن پر ڈال دیا۔ وہ عورت اُٹھی اور حضرت ابوطلحہؓ نے ان دونوں کے لئے اُن کی اُونٹنی پر پالان مضبوطی سے باندھ دیا اور وہ دونوں سوار ہو کر چل پڑے۔ جب مدینہ کی اونچی سطح پر پہنچے یا کہا: مدینہ کے اُوپر پہنچے، نبی ﷺ نے فرمایا: ہم لوٹ کر آرہے ہیں، اپنے ربّ کے حضور توبہ کرتے ہیں، اپنے ربّ کی ہی عبادت کرنے والے، اسی کی ستائش کرنے والے ہیں۔ آپؐ یہی کلمات بار بار دہراتے رہے یہاں تک کہ مدینہ پہنچے۔