کتاب 115: باب كُنْيَةِ الْمُشْرِكِ
صحیح بخاری
صحیح بخاری 6207
ابو الیمان نے ہم سے بیان کیا کہ شعیب نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے زُہری سے روایت کی۔ اور اسماعیل (بن ابی اویس) نے ہم سے بیان کیا، کہا: میرے بھائی نے مجھے بتایا۔ انہوں نے سلیمان سے، سلیمان نے محمد بن ابی عتیق سے، محمد نے ابن شہاب سے، ابن شہاب نے عروہ بن زبیر سے روایت کی کہ حضرت اُسامہ بن زید رضی اللہ عنہما نے اُنہیں خبر دی کہ رسول اللہ ﷺ ایک گدھے پر سوار ہوئے جس پر فدک کی چادر پڑی تھی اور حضرت اُسامہؓ آپؐ کے پیچھے بیٹھے تھے۔ آپؐ بنی حارث بن خزرج کے محلے میں حضرت سعد بن عبادہؓ کی عیادت کو جا رہے تھے۔ یہ واقعہ جنگ بدر سے پہلے کا ہے۔ وہ دونوں چلے گئے۔ اتنے میں وہ ایک مجلس کے پاس سے گزرے جس میں عبداللہ بن اُبیّ ابن سلول بھی تھا اور یہ پیشتر اس کے ہے کہ عبداللہ بن ابی مسلمان ہوا۔ تو کیا دیکھا اس مجلس میں مسلمان اور مشرک بت پرست اور یہود ملے جلے لوگ تھے۔ اور مسلمانوں میں حضرت عبداللہ بن رواحہؓ بھی تھے۔ جب جانور کی گرد مجلس پر پڑنے لگی تو ابن اُبیّ نے اپنی چادر سے اپنی ناک ڈھانک لی اور کہا: ہم پر گرد مت اُڑاؤ۔ رسول اللہ ﷺ نے اُن کو السلام علیکم کہا۔ پھر ٹھہر گئے اور نیچے اُتر آئے۔ آپؐ نے انہیں اللہ کی طرف بلایا اور ان کے سامنے قرآن پڑھا۔ عبداللہ بن اُبیّ ابن سلول سن کر کہنے لگا: آدمی جو تم کہتے ہو اُس سے بہتر اور کوئی بات نہیں۔ اگر یہ حق ہے تو پھر ہماری مجلسوں میں آکر ہمیں اس سے نہ ستایا کرو۔ جو تمہارے پاس آئے اُنہی کو یہ قصے سنایا کرو۔ حضرت عبداللہ بن رواحہؓ نے کہا: نہیں یا رسول اللہ! بلکہ آپؐ ہماری مجلسوں میں آیا کریں کیونکہ ہم یہ باتیں پسند کرتے ہیں۔ اس پر مسلمان، اور مشرک اور یہود نے ایک دوسرے کو گالیاں دینی شروع کیں یہاں تک کہ قریب تھا کہ وہ ایک دوسرے پر حملہ کرتے۔ رسول اللہ ﷺ اُن کے جوش کو دھیما کرتے رہے یہاں تک کہ وہ خاموش ہوگئے۔ اس کے بعد رسول اللہ ﷺ اپنے جانور پر سوار ہو کر چلے گئے اور حضرت سعد بن عبادہؓ کے پاس پہنچے۔ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: سعد! تم نے نہیں سنا جو ابوحباب نے کہا؟ یعنی عبداللہ بن اُبیّ نے۔ اُس نے ایسا ایسا کہا ہے۔ حضرت سعد بن عبادہؓ نے (سن کر) کہا: یا رسول اللہ میرے باپ آپؐ پر قربان۔ اسے معاف فرمائیں اور اس سے درگزر کریں۔ اُس ذات کی قسم جس نے آپؐ پر کتاب نازل کی۔ اللہ اس حق کو لے آیا ہے جو اُس نے آپؐ پر نازل کیا۔ اس بستی کے لوگوں نے یہ ٹھہرا لیا تھا کہ اس کو (یعنی عبداللہ بن اُبیّ کو) تاج پہنائیں اور اس کے سر پر سرداری کا عمامہ باندھیں۔ جب اللہ نے اسے اُس حق کی وجہ سے جو اُس نے آپؐ کو دیا منظور نہ کیا تو اس سے اس کا گلا گھٹ گیا۔ یہی وجہ ہے جو اُس نے کیا ہے جو آپؐ نے دیکھا۔ رسول اللہ ﷺ نے اس سے درگزر کیا اور رسول اللہ ﷺ اور آپؐ کے صحابہ مشرکوں اور اہل کتاب سے درگزر کیا کرتے تھے جیسا کہ اللہ نے انہیں حکم دیا۔ اور اُن کی ایذا دہی پر صبر کیا کرتے تھے۔ اللہ تعالیٰ نے فرمایا: اور تم ضرور ان لوگوں سے جنہیں (تم سے پہلے) کتاب دی گئی تھی (بہت دکھ دینے والا کلام) سنو گے۔ اور فرمایا: اہل کتاب میں سے بہت سے لوگ چاہتے ہیں (کہ تمہیں پھر کافر بنا دیں) تو رسول اللہ ﷺ ان احکام کے مطابق جو اللہ نے آپؐ کو دئیے تھے ان سے عفو فرمایا کرتے تھے یہاں تک کہ اللہ نے آپؐ کو ان کے متعلق اجازت دی۔ جب رسول اللہ ﷺ بدر میں جنگ کے لئے گئے اور اللہ نے کفار کے جن سرکردہ لوگوں اور قریش کے سرداروں کو وہاں قتل کیا۔ تو رسول اللہ ﷺ اور آپؐ کے صحابہ غالب ہو کر اپنے ساتھ کفار کے سرکردہ اور قریش کے سرداروں کو قید میں کئے ہوئے واپس لوٹے تو ابن اُبیّ ابن سلول اور جو اُس کے ساتھ مشرک بت پرست تھے کہنے لگے: یہ کام تو اَب بہت بڑا ہو گیا ہے۔ یہ دیکھ کر انہوں نے رسول اللہ ﷺ کی اسلام پر بیعت کرلی اور وہ مسلمان ہوگئے۔
صحیح بخاری 6208
موسیٰ بن اسماعیل نے ہم سے بیان کیا کہ ابوعوانہ نے ہمیں بتایا۔ عبدالملک نے ہم سے بیان کیا۔ انہوں نے عبداللہ بن حارث بن نوفل سے، عبداللہ نے حضرت عباس بن عبدالمطلبؓ سے روایت کی کہ انہوں نے کہا: یا رسول اللہ! کیا آپؐ نے ابوطالب کو کچھ فائدہ پہنچایا؟ کیونکہ وہ آپؐ کی حفاظت کیا کرتے تھے اور آپؐ کی خاطر ناراض ہوا کرتے تھے۔ آپؐ نے فرمایا: ہاں۔ وہ ٹخنوں تک آگ میں ہیں۔ میں اگر نہ ہوتا تو وہ آگ کے سب سے نچلے طبقے میں ہوتے۔