کتاب 10: باب آيَةِ الْحِجَابِ
صحیح بخاری
صحیح بخاری 6238
یحيٰ بن سلیمان نے ہم سے بیان کیا کہ (عبداللہ) بن وہب نے ہمیں بتایا۔ یونس نے مجھ سے بیان کیا۔ یونس نے ابن شہاب سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: حضرت انس بن مالکؓ نے مجھے بتایا کہ وہ دس برس کے تھے جب رسول اللہ ﷺ مدینہ میں آئے اور میں نے رسول اللہ ﷺ کی خدمت دس برس کی۔ یعنی جب تک آپؐ زندہ رہے۔ اور میں سب لوگوں سے پردے کے حکم کو زیادہ جانتا ہوں۔ جب وہ نازل کیا گیا اور حضرت ابيّ بن کعبؓ بھی مجھے اس کے متعلق پوچھا کرتے تھے۔ اور سب سے پہلے جو یہ حکم نازل ہوا تو اس وقت جب رسول اللہ ﷺ حضرت زینب بنت جحشؓ کو اپنے گھر لائے نبی ﷺ صبح کو ان کے دلہا تھے۔ آپؐ نے لوگوں کو دعوت دی۔ انہوں نے کھانا کھایا اور پھر چلے گئے اور چند آدمی ان میں سے رسول اللہ ﷺ کے پاس بیٹھے رہے اور دیر تک بیٹھے رہے۔ یہ دیکھ کر رسول اللہ ﷺ کھڑے ہوئے اور باہر چلے گئے اور میں بھی آپؐ کے ساتھ چلا گیا تا کہ وہ لوگ نکلیں۔ رسول اللہ ﷺ چلے۔ میں بھی آپؐ کے ساتھ چلا یہاں تک کہ آپؐ حضرت عائشہؓ کے حجرے کی دہلیز پر پہنچے۔ پھر رسول اللہ ﷺ نے خیال کیا کہ وہ چلے گئے ہوں گے۔ یہ خیال کر کے رسول اللہ ﷺ لوٹے اور میں بھی آپؐ کے ساتھ لوٹا اور حضرت زینبؓ کے پاس آئے تو دیکھا کہ وہ بیٹھے ہوئے ہیں ابھی تک منتشر نہیں ہوئے۔ نبی ﷺ یہ دیکھ کر پھر لوٹے اور میں بھی آپؐ کے ساتھ ہی لوٹا اور حضرت عائشہؓ کے حجرے کی دہلیز تک پہنچے اور پھر خیال کیا کہ اب تو وہ ضرور ہی نکل گئے ہوں گے۔ یہ خیال کرکے آپؐ لوٹے اور میں بھی آپؐ کے ساتھ لوٹا۔ کیا دیکھا کہ وہ چلے گئے ہیں۔ تب حجاب کے متعلق آیت نازل کی گئی اور آپؐ نے میرے اور اپنے درمیان پردہ ڈالا۔
صحیح بخاری 6239
ابوالنعمان نے ہم سے بیان کیا کہ معتمر (بن سلیمان) نے ہمیں بتایا کہ میرے باپ نے کہا: ابو مجلز نے ہم سے بیان کیا۔ ابو مجلز نے حضرت انس رضی اللہ عنہ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: جب نبی ﷺ نے حضرت زینبؓ سے نکاح کیا تو لوگ اندر آئے اور انہوں نے کھانا کھایا پھر باتیں کرنے بیٹھ گئے تو آپؐ نے یوں اظہار کیا گویا آپؐ اُٹھنے کے لئے تیار ہو رہے ہیں مگر وہ نہ اُٹھے۔ جب آپؐ نے یہ دیکھا تو آپؐ کھڑے ہوئے جب آپؐ کھڑے ہوئے تو لوگوں میں سے وہ بھی کھڑے ہوئے جو کھڑے ہوئے اور باقی بیٹھ رہے اور نبی ﷺ اندر جانے کے لئے آئے تو کیا دیکھا کہ وہ لوگ بیٹھے ہوئے ہیں۔ پھر اس کے بعد وہ اٹھ کر چلے گئے اور میں نے نبی ﷺ کو بتایا۔ آپؐ آئے اور اندر چلے گئے اور میں بھی اندر جانے لگا مگر آپؐ نے میرے اور اپنے درمیان پردہ ڈالا اور اللہ تعالیٰ نے یہ حکم اُتارا۔ یعنی اے مؤمنو! نبی کے گھروں میں ہرگز داخل نہ ہوا کرو۔ ابو عبداللہ (امام بخاریؒ) نے کہا: یہ بات سمجھنے والی ہے کہ آپؐ نے ان سے اجازت نہیں لی۔ جب آپؐ کھڑے ہوئے اور باہر گئے۔ اور اس میں یہ ہے کہ آپؐ کھڑے ہونے کے لئے تیار ہوئے اور آپؐ کا مقصد یہ تھا کہ وہ اُٹھ جائیں۔
صحیح بخاری 6240
اسحاق (بن راہویہ) نے مجھ سے بیان کیا کہ یعقوب بن ابراہیم نے ہمیں بتایا کہ میرے باپ نے ہم سے بیان کیا۔ انہوں نے صالح سے، صالح نے ابن شہاب سے روایت کی۔ وہ کہتے تھے: مجھے عروہ بن زبیر نے بتایا کہ نبی ﷺ کی زوجہ حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا بیان کرتی تھیں کہ حضرت عمر بن خطابؓ رسول اللہ ﷺ سے کہا کرتے تھے: اپنی ازواج سے پردہ کرائیں۔ فرماتی تھیں: مگر آپؐ نے ایسا نہ کیا اور نبی ﷺ کی ازواج رات کو ہی مناصع کی طرف جایا کرتی تھیں۔ حضرت سودہ بنت زمعہؓ نکلیں اور وہ دراز قامت عورت تھیں تو حضرت عمر بن خطابؓ نے انہیں دیکھ لیا۔ وہ کسی مجلس میں تھے۔ کہتے تھے: سودہؓ! میں نے تمہیں پہچان لیا ہے۔ اس لئے کہ انہیں یہ بہت ہی خواہش تھی کہ پردے کا حکم نازل کیا جائے۔ فرماتی تھیں: پھر اللہ عزوجل نے وہ آیت نازل کی جس میں حجاب کا حکم ہوا۔