کتاب 18: باب مَنْ رَدَّ فَقَالَ عَلَيْكَ السَّلاَمُ
صحیح بخاری
صحیح بخاری 6251
اسحاق بن منصور نے ہم سے بیان کیا کہ عبداللہ بن نمیر نے ہمیں بتایا کہ عبیداللہ نے ہم سے بیان کیا۔ عبیداللہ نے سعید بن ابی سعید مقبری سے، سعید نے حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت کی کہ ایک شخص مسجد میں آیا اور رسول اللہ ﷺ مسجد کے ایک طرف بیٹھے ہوئے تھے۔ اس نے نماز پڑھی اور اس کے بعد آ کر آپؐ کو سلام کہا تو رسول اللہ ﷺ نے اس سے کہا: وَعَلَيْكَ السَّلَامُ واپس جاؤ اور نماز پڑھو کیونکہ تم نے نماز نہیں پڑھی۔ وہ لوٹا اور نماز پڑھی۔ پھر آیا اور سلام کہا۔ آپؐ نے فرمایا: وَعَلَيْكَ السَّلَامُ واپس جاؤ اور نماز پڑھو کیونکہ تم نے نماز نہیں پڑھی۔ اس نے دوسری بار یا اس کے بعد کہا: یا رسول اللہ! مجھے سکھائیں۔ آپؐ نے فرمایا: جب تم نماز کے لئے کھڑے ہو تو پورے طور پر وضو کرو پھر قبلے کی طرف منہ کرو اور اللہ اکبر کہو۔ پھر قرآن سے وہ آیتیں پڑھو جو تم آسانی سے پڑھ سکو۔ پھر رکوع کرو یہاں تک کہ رکوع کی حالت میں تمہیں اطمینان حاصل ہو جائے۔ پھر سر اُٹھاؤ یہاں تک کہ تم سیدھے کھڑے ہو جاؤ۔ پھر سجدہ کرو یہاں تک کہ سجدے کی حالت میں تمہیں اطمینان حاصل ہو جائے۔ پھر سر اُٹھاؤ یہاں تک کہ تم اطمینان سے بیٹھ جاؤ۔ پھر سجدہ کرو یہاں تک کہ سجدے کی حالت میں تمہیں اطمینان حاصل ہو جائے۔ پھر سر اُٹھاؤ یہاں تک کہ تم اطمینان سے بیٹھ جاؤ۔ پھر ساری نماز میں اسی طرح کرو۔ اور ابواسامہ نے (دوسرے سجدے کے ذکر کے) آخر میں یوں کہا: یہاں تک کہ تم سیدھے کھڑے ہو جاؤ۔
صحیح بخاری 6252
(محمد) ابن بشار نے ہم سے بیان کیا، کہا: یحيٰ (بن سعید قطان) نے مجھے بتایا۔ انہوں نے عبیداللہ (عمری) سے کہ سعید (مقبری) نے مجھ سے بیان کیا۔ سعید نے اپنے باپ سے، ان کے باپ نے حضرت ابوہریرہؓ سے روایت کی۔ کہتے تھے: نبی ﷺ نے فرمایا: پھر تم سر اُٹھاؤ یہاں تک کہ بیٹھ کر تمہیں اطمینان ہو جائے۔