کتاب 20: باب التَّسْلِيمِ فِي مَجْلِسٍ فِيهِ أَخْلاَطٌ مِنَ الْمُسْلِمِينَ وَالْمُشْرِكِينَ
صحیح بخاری
صحیح بخاری 6254
ابراہیم بن موسیٰ نے ہم سے بیان کیا کہ ہشام نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے معمر سے، معمر نے زُہری سے، زہری نے عروہ بن زبیر سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: مجھے حضرت اسامہ بن زیدؓ نے بتایا کہ نبی ﷺ ایک گدھے پر سوار ہوئے جس پر پالان تھی۔ اس پر فدک کی چادر پڑی تھی اور آپؐ نے حضرت اسامہ بن زیدؓ کو اپنے پیچھے سوار کیا اور آپؐ بنی حارث بن خزرج کے محلے میں حضرت سعد بن عبادہؓ کی عیادت کو جا رہے تھے۔ اور یہ جنگ بدر سے پہلے کا واقعہ ہے۔ جاتے ہوئے آپؐ ایک ایسی مجلس کے پاس سے گزرے جس میں مسلمان اور مشرک بُت پرست اور یہودی ملے جلے تھے اور ان میں عبداللہ بن اُبيّ بن سلول بھی تھا اور اس مجلس میں حضرت عبداللہ بن رواحہؓ بھی تھے۔ جب مجلس پر جانور کی گرد پڑنے لگی تو عبداللہ بن اُبيّ نے اپنی چادر سے اپنی ناک کو ڈھانپ لیا پھر کہا: ہم پر غبار مت اُڑاؤ۔ نبی ﷺ نے انہیں السَّلَامُ عَلَیْکُمْ کہا۔ پھر ٹھہر گئے اور نیچے اُتر آئے۔ آپؐ نے ان کو اللہ کی طرف بلایا اور ان کے سامنے قرآن پڑھا۔ عبداللہ بن اُبيّ بن سلول بولا: بھلے آدمی! اگر جو تم کہتے ہو سچ ہے تو اس سے اچھی اور کوئی بات نہیں مگر ہمیں ہماری مجلسوں میں آکر تکلیف نہ دیا کرو۔ اپنے ڈیرے کو لوٹ جاؤ۔ جب ہم میں سے کوئی تمہارے پاس وہاں آئے تو اس کو یہ قصے سنانا۔ حضرت ابن رواحہؓ بولے: آپؐ ہماری مجلسوں میں آیا کریں کیونکہ ہم یہ باتیں پسند کرتے ہیں۔ اس پر مسلمان اور مشرک اور یہود ایک دوسرے کو بُرا بھلا کہنے لگے یہاں تک کہ وہ ایک دوسرے پر حملہ کرنے کے لئے بھی آمادہ ہوئے۔ نبی ﷺ ان کے جوش کو فرو کرتے رہے۔ پھر آپؐ اپنے جانور پر سوار ہوگئے اور حضرت سعد بن عبادہؓ کے پاس آئے۔ آپؐ نے فرمایا: سعدؓ تم نے سنا نہیں جو ابوحباب نے کہا؟ یعنی عبداللہ بن اُبيّ نے ایسا ایسا کہا ہے۔ انہوں نے کہا: یا رسول اللہ! آپؐ اس کو معاف کریں اور اس سے درگزر فرمائیں۔ اللہ کی قسم! اللہ نے آپؐ کو جو دیا ہے، اس بستی والوں نے آپس میں یہ ٹھہرا ہی لیا تھا کہ اس کو تاج پہنائیں اور اس کے سر پر سرداری کی پگڑی باندھیں۔ جب اللہ نے اس کو اس حق کی وجہ سے جو اس نے آپؐ کو دیا منظور نہ کیا تو اس سے اس کا گلا گُھٹ گیا اسی لئے اس نے ایسا کیا ہے جو آپؐ نے دیکھا۔ نبی ﷺ نے یہ سن کر اس سے درگزر کیا۔