کتاب 22: باب كَيْفَ يُرَدُّ عَلَى أَهْلِ الذِّمَّةِ السَّلاَمُ
صحیح بخاری
صحیح بخاری 6256
ابوالیمان نے ہم سے بیان کیا کہ شعیب نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے زُہری سے روایت کی۔ زہری نے کہا: مجھے عروہ نے بتایا کہ حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا بیان کرتی ہیں: یہودیوں میں سے کچھ لوگ نبی ﷺ کے پاس آئے اور کہا: السَّامُ عَلَيْكَ۔ میں سمجھ گئی۔ میں نے بھی کہا: عَلَيْكُمُ السَّامُ وَاللَّعْنَةُ۔ رسول اللہ ﷺ نے یہ سن کر فرمایا: عائشہ! ٹھہرو۔ اللہ ہر معاملہ میں نرمی پسند کرتا ہے۔ میں نے کہا: یا رسول اللہ! کیا آپ ﷺ نے سنا نہیں جو انہوں نے کہا؟ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: میں بھی تو جواب دے چکا ہوں عَلَیْکُمْ۔
صحیح بخاری 6257
عبداللہ بن یوسف نے ہم سے بیان کیا کہ مالک نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے عبداللہ بن دینار سے، عبداللہ بن دینار نے حضرت عبداللہ بن عمر رضی اللہ عنہما سے روایت کی کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا کہ جب یہود تمہیں سلام کریں۔ ان میں سے ایک یہی کہتا ہے: السَّامُ عَلَيْكُمْ۔ تم کہو: وَعَلَیْکَ یعنی تم ہی پر۔
صحیح بخاری 6258
عثمان بن ابی شیبہ نے ہم سے بیان کیا کہ ہشیم نے ہمیں بتایا کہ عبیداللہ بن ابی بکر بن انس نے ہم سے بیان کیا۔ حضرت انس بن مالک رضی اللہ عنہ نے ہمیں بتایا۔ کہتے تھے: نبی ﷺ نے فرمایا: جب اہل کتاب تمہیں سلام کریں تو تم کہو: وَعَلَیْکُمْ۔ یعنی تم ہی پر۔