کتاب 30: باب مَنْ أَجَابَ بِلَبَّيْكَ وَسَعْدَيْكَ
صحیح بخاری
صحیح بخاری 6267
موسیٰ بن اسماعیل نے ہم سے بیان کیا کہ ہمام نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے قتادہ سے، قتادہ نے حضرت انسؓ سے، حضرت انسؓ نے حضرت معاذ (بن جبلؓ) سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: میں نبی ﷺ کے پیچھے آپؐ کے ساتھ سوار تھا۔ آپؐ نے فرمایا: معاذ! میں نے کہا: لَبَّيْكَ وَسَعْدَيْكَ۔ پھر آپؐ نے اسی طرح تین بار فرمایا۔ (اس کے بعد پوچھا:) کیا تم جانتے ہو کہ اللہ کا حق بندوں پر کیا ہے؟ میں نے کہا: نہیں۔ آپؐ نے فرمایا: اللہ کا حق بندوں پر یہ ہے کہ وہ اس کی عبادت کریں اور اس کا کسی چیز کو بھی شریک نہ ٹھہرائیں۔ پھر تھوڑی دور چلتے رہے اور پھر فرمایا: معاذ! میں نے کہا: لَبَّيْكَ وَسَعْدَيْكَ۔ آپؐ نے فرمایا: کیا تم جانتے ہو بندوں کا حق اللہ پر کیا ہے؟ جب وہ اس کے حق کو ادا کریں یہ کہ وہ ان کو سزا نہ دے۔ ہدبہ (بن خالد) نے ہم سے بیان کیا کہ ہمام (بن یحيٰ) نے ہمیں بتایا کہ قتادہ (بن دعامہ) نے ہم سے بیان کیا۔ قتادہ نے حضرت انسؓ سے، حضرت انسؓ نے حضرت معاذؓ سے یہی روایت کی۔
صحیح بخاری 6268
عمر بن حفص نے ہم سے بیان کیا کہ میرے باپ نے ہمیں بتایا۔ اعمش نے ہم سے بیان کیا کہ زید بن وہب نے ہمیں بتایا۔ (انہوں نے کہا) کہ اللہ کی قسم حضرت ابوذرؓ نے ہم سے ربزہ میں یہ بیان کیا۔ وہ کہتے تھے: میں عشاء کے وقت نبی ﷺ کے ساتھ مدینہ کے پتھریلے میدان میں چلا جا رہا تھا۔ اتنے میں اُحد کا پہاڑ ہمارے سامنے ہوا تو آپؐ نے فرمایا: ابوذرؓ! میں پسند نہیں کرتا کہ میرے پاس اُحد برابر سونا ہو، مجھ پر ایک رات یا فرمایا: تین رات ایسی گزر جائیں کہ اس میں سے میرے پاس ایک دینار باقی رہے سوائے اس کے کہ جو میں نے قرض کے چکانے کے لئے رکھ چھوڑا ہو۔ میں تو ضرور ہی اس کو اللہ کے بندوں میں اس طرح اس طرح اس طرح تقسیم کر دوں اور حضرت ابوذرؓ نے ہم کو اپنے ہاتھ کے اشارہ سے سمجھایا۔ پھر آپؐ نے فرمایا: ابوذرؓ! میں نے کہا: لَبَّيْكَ وَسَعْدَيْكَ، یا رسول اللہ۔ آپؐ نے فرمایا: جو بہت مال دار ہیں وہی نادار ہوں گے سوائے اُن کے جو یوں اور یوں تقسیم کریں۔ پھر آپؐ نے مجھے فرمایا: ابوذرؓ! تم اپنی جگہ کھڑے رہنا، یہاں سے جانا نہیں جب تک میں لوٹ نہ آؤں۔ آپؐ چلے گئے اور میری نظر سے غائب ہو گئے۔ اتنے میں میں نے ایک آواز سنی اور میں ڈرا کہ کہیں رسول اللہ ﷺ کو کوئی حادثہ نہ پیش آیا ہو۔ میں نے ارادہ کیا کہ جاؤں۔ پھر رسول اللہ ﷺ کے ارشاد کا خیال کیا کہ یہاں سے جانا نہیں، اس لئے میں ٹھہرا رہا۔ میں نے کہا: یا رسول اللہ! میں نے ایک آواز سنی، میں ڈرا کہ کہیں کوئی حادثہ پیش نہ آیا ہو۔ پھر میں نے آپؐ کے ارشاد کا خیال کیا اور میں کھڑا رہا۔ نبی ﷺ نے فرمایا: یہ جبریل تھے جو میرے پاس آئے تھے اور انہوں نے مجھے بتایا کہ میری امت میں سے جو ایسی حالت میں فوت ہو جائے کہ وہ کسی چیز کو بھی اللہ کا شریک نہ ٹھہراتا ہوگا وہ جنت میں داخل ہو جائے گا۔ میں نے کہا: یا رسول اللہ! گو اس نے زنا اور چوری بھی کی ہو؟ آپؐ نے فرمایا: گو اس نے زنا بھی کیا ہو اور چوری بھی کی ہو۔ (اعمش کہتے تھے:) میں نے زید سے کہا: مجھے یہ خبر پہنچی ہے کہ یہ راوی حضرت ابودرداءؓ تھے تو انہوں نے کہا: میں یہ گواہی دیتا ہوں کہ حضرت ابوذرؓ نے مجھ سے یہ واقعہ ربزہ میں بیان کیا۔ اعمش نے کہا اور ابوصالح (سمان) نے مجھے حضرت ابودرداءؓ سے روایت کرتے ہوئے اسی طرح کا واقعہ بتایا اور ابوشہاب نے بھی اعمش سے اسے نقل کیا۔ انہوں نے یہ الفاظ کہے کہ میرے پاس تین دن سے زیادہ ٹھہرا رہے۔