کتاب 42: باب الْجُلُوسِ كَيْفَمَا تَيَسَّرَ
صحیح بخاری
صحیح بخاری 6282
اسماعیل (بن ابی اویس) نے ہم سے بیان کیا، کہا: مالک نے مجھے بتایا۔ انہوں نے اسحاق بن عبداللہ بن ابی طلحہ سے، اسحاق نے حضرت انس بن مالک رضی اللہ عنہ سے روایت کی۔ انہوں نے اُن کو کہتے ہوئے سنا۔ رسول اللہ ﷺ جب مسجد قبا کو جاتے تو حضرت اُم حرام بنت ملحانؓ کے ہاں جاتے۔ وہ آپؐ کو کھانا کھلاتیں اور وہ حضرت عبادہ بن صامتؓ کی بیوی تھیں۔ ایک دن آپؐ ان کے ہاں گئے اور حضرت اُم حرامؓ نے آپؐ کو کھانا کھلایا اور رسول اللہ ﷺ سوئے پھر ہنستے ہوئے جاگے۔ حضرت اُم حرامؓ کہتی تھیں: میں نے پوچھا: یا رسول اللہ! آپؐ کو کیا بات ہنسا رہی ہے؟ آپؐ نے فرمایا: میری اُمت میں سے کچھ لوگ میرے سامنے پیش کئے گئے جو اللہ کی راہ میں غازی ہیں۔ اس سمندر میں سوار جا رہے ہیں، بادشاہ ہیں تختوں پر بیٹھے ہوئے یا فرمایا: جیسے بادشاہ ہوتے ہیں تختوں پر بیٹھے ہوئے ہیں۔ اسحاق نے ان الفاظ کے متعلق شک کیا۔ میں نے کہا: اللہ سے دعا کریں کہ مجھے بھی انہی میں سے کرے۔ آپؐ نے دعا کی اور پھر سر رکھ کر سو گئے۔ پھر جاگے تو ہنس رہے تھے۔ میں نے پوچھا: یا رسول اللہ! آپؐ کو کیا بات ہنسا رہی ہے؟ آپؐ نے فرمایا: میری اُمت کے کچھ لوگ میرے سامنے پیش کئے گئے جو اللہ کی راہ میں غازی ہیں۔ اس سمندر میں سوار جا رہے ہیں۔ بادشاہ ہیں تختوں پر بیٹھے ہوئے۔ یا (فرمایا:) بادشاہوں کی طرح تختوں پر بیٹھے ہوئے ہیں۔ میں نے کہا: اللہ سے دعا کریں کہ مجھے بھی ان میں سے کرے۔ آپؐ نے فرمایا: تم تو پہلوں میں ہو۔ چنانچہ انہوں نے بھی حضرت معاویہؓ کے زمانہ میں سمندر میں سفر کیا اور جب سمندر سے باہر آئیں تو اپنے جانور پر سے گر کر فوت ہو گئیں۔
صحیح بخاری 6283

صحیح بخاری 6284
علی بن عبداللہ نے ہم سے بیان کیا کہ سفیان (بن عیینہ) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے زہری سے، زہری نے عطاء بن یزید لیثی سے، عطاء نے حضرت ابوسعید خدری رضی اللہ عنہ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: نبی ﷺ نے دو طرح کے پہننے اور دو قسم کی خرید و فروخت سے منع فرمایا۔ کپڑے کو اس طرح لپیٹنا کہ دونوں ہاتھ اندر ہی ہوں اور ایک کپڑے میں گوٹھ مار کر بیٹھنا کہ آدمی کی شرمگاہ پر کوئی کپڑے کا حصہ نہ رہے اور چیز کو چھو کر اور پھینک کر لینا دینا۔ (سفیان کی طرح) معمر اور محمد بن ابی حفص اور عبداللہ بن بدیل نے بھی زہری سے یہی روایت کی۔