کتاب 13: باب
صحیح بخاری
صحیح بخاری 6320
احمد بن یونس نے ہم سے بیان کیا کہ زُہَیر نے ہمیں بتایا۔ عبیداللہ بن عمر نے ہم سے بیان کیا کہ سعید بن ابی سعید مقبری نے مجھے بتایا۔ سعید نے اپنے باپ سے، ان کے باپ نے حضرت ابوہریرہؓ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: نبی ﷺ نے فرمایا: جب تم میں سے کوئی اپنے بچھونے پر آرام کرنے لگے تو چاہیئے کہ وہ اپنے بچھونے کی چادر کو اندر کے حصے سے جھاڑ لے کیونکہ وہ نہیں جانتا کہ اس کے پیچھے بچھونے پر کیا چیز آگئی۔ پھر یہ کہے: تیرے نام سے اے میرے ربّ۔ میں نے اپنا پہلو رکھا ہے اور تیرے ہی ذریعہ سے میں اس کو اٹھاؤں گا۔ اگر تو نے میری جان کو روک لیا تو اِس پر رحم فرما اور اگر تو اس کو چھوڑ دے تو پھر اس کو محفوظ رکھ اُسی رحمت سے جس رحمت سے تو نیکوں کو محفوظ رکھتا ہے۔ (زہیر بن معاویہ کی طرح) ابو ضمرہ اور اسماعیل بن زکریا نے بھی عبیداللہ سے یہی روایت کی۔ اور یحيٰ بن سعید (قطان) اور بشر (بن مفضل) نے بھی اس حدیث کو عبیداللہ سے، عبیداللہ نے سعید سے، سعید نے حضرت ابوہریرہؓ سے، حضرت ابوہریرہؓ نے نبی ﷺ سے روایت کیا۔ اور مالک اور (محمد) ابن عجلان نے بھی اسے سعید سے، سعید نے حضرت ابوہریرہؓ سے، حضرت ابوہریرہؓ نے نبی ﷺ سے روایت کیا۔