کتاب 19: باب قَوْلِ اللَّهِ تَعَالَى {وَصَلِّ عَلَيْهِمْ}
صحیح بخاری
صحیح بخاری 6331
مسدد نے ہم سے بیان کیا کہ یحيٰ (قطان) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے یزید بن ابی عبید سے جو حضرت سلمہ (بن اکوَعؓ) کے غلام تھے روایت کی کہ حضرت سلمہ بن اکوَعؓ نے ہم سے بیان کیا۔ انہوں نے کہا: ہم نبی ﷺ کے ساتھ خیبر کی طرف نکلے تو لوگوں میں سے ایک شخص نے کہا:
عامرؓ! اگر تم ہمیں اپنے شعر سناؤ (تو کیا ہی اچھا ہو) وہ اُترے اور حُدی (اونٹوں کو چلانے کے لئے شعر) گانے لگے۔ ساتھ نصیحت بھی کرتے جاتے تھے:
اللہ کی قسم! اگر اللہ نہ ہوتا تو ہم بھی ہدایت نہ پاتے
اور (یزید بن ابی عبید نے) ان کے علاوہ اور شعروں کا بھی ذکر کیا مگر میں نے ان کو یاد نہیں رکھا۔ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: یہ کون ہانکنے والا ہے؟ لوگوں نے کہا: عامر بن اکوَعؓ۔ آپؐ نے فرمایا: اللہ اس پر رحم کرے تو لوگوں میں سے ایک شخص نے کہا: یا رسول اللہ! آپؐ نے ہمیں اور فائدہ کیوں نہ اُٹھانے دیا؟ جب لڑائی کے لئے صفیں بندھ گئیں تو مسلمان ان سے لڑے اور عامرؓ اپنی ہی تلوار کے پرتلے کی وجہ سے زخمی ہوئے اور وہ وفات پاگئے۔ جب لوگ شام کو آئے تو انہوں نے بہت سی آگیں جلائیں۔ رسول اللہ ﷺ نے پوچھا: یہ آگیں کیسی ہیں؟ کیا چیز پکانے کے لئے تم جلا رہے ہو؟ لوگوں نے کہا: پالتو گدھوں کو پکانے کے لئے۔ آپؐ نے فرمایا: جو اِن ہانڈیوں میں ہے اس کو انڈیل دو اور ان ہانڈیوں کو توڑ دو۔ ایک شخص نے کہا: یا رسول اللہ! کیا یہ نہیں ہوسکتا جو ان ہانڈیوں میں ہے اُس کو انڈیل دیں اور ان کو دھولیں؟ آپؐ نے فرمایا: یہی سہی۔
صحیح بخاری 6332
مسلم (بن ابراہیم) نے ہم سے بیان کیا کہ شعبہ نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے عمرو بن مُرہ سے روایت کی کہ میں نے حضرت ابن ابی اوفیٰ رضی اللہ عنہما سے سنا کہ نبی ﷺ کا طریق تھا کہ جب کوئی شخص آپؐ کے پاس صدقہ لاتا تو دعا کرتے: اے اللہ! فلاں کے خاندان پر اپنا خاص رحم فرما۔ میرے والد آپؐ کے پاس (صدقہ لے کر) آئے تو آپؐ نے فرمایا: اے اللہ! ابی اوفیٰ کے خاندان پر اپنا خاص رحم فرما۔
صحیح بخاری 6333
علی بن عبداللہ نے ہم سے بیان کیا کہ سفیان (بن عیینہ) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے اسماعیل (بن ابی خالد) سے، اسماعیل نے قیس (بن ابی حازم) سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: میں نے حضرت جریر (بن عبداللہ بجلیؓ) سے سنا کہ انہوں نے کہا: رسول اللہ ﷺ نے مجھ سے فرمایا: کیا تم مجھے ذی الخلصہ سے بے فکر نہیں کرو گے؟ وہ ایک بُت خانہ تھا جہاں لوگ پوجا پاٹ کیا کرتے تھے، جسے کعبہ یمانی کہا کرتے تھے۔ میں نے کہا: یا رسول اللہ! میں ایک ایسا آدمی ہوں جو گھوڑے پر جم کر نہیں بیٹھ سکتا۔ آپؐ نے میرے سینے پر ہاتھ مارا اور دعا کی: اے اللہ! اس کو جم کر بیٹھنے کی توفیق دے اور اس کو ہدایت یافتہ راہنما بنا۔ حضرت جریرؓ کہتے تھے: میں اپنی قوم احمس کے پچاس سوار لے کر نکلا۔ اور کبھی سفیان (بن عیینہ) نے یوں کہا: میں اپنی قوم کا جتھا لے کر چل پڑا اور وہاں پہنچا اور اس کو جلا دیا۔ پھر میں نبی ﷺ کے پاس آیا۔ میں نے کہا: یا رسول اللہ! اللہ کی قسم! میں آپؐ کے پاس نہیں آیا جب تک اسے خارشی اونٹ کی طرح نہیں چھوڑ دیا۔ آپؐ نے احمس اور اس کے سواروں کے لئے دعا کی۔
صحیح بخاری 6334
سعید بن ربیع نے ہم سے بیان کیا کہ شعبہ نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے قتادہ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: میں نے حضرت انسؓ سے سنا۔ انہوں نے کہا: حضرت اُم سلیمؓ نے نبیؐ سے کہا: انسؓ آپؐ کا خادم ہے۔ آپؐ نے (انسؓ کے لئے) دعا کی: اے اللہ! اس کے مال اور اولاد کو بڑھا اور جو تو نے اسے عطا کیا ہے اس میں اس کے لئے برکت دے۔
صحیح بخاری 6335
عثمان بن ابی شیبہ نے مجھ سے بیان کیا کہ عبدہ نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ہشام سے، ہشام نے اپنے باپ سے، ان کے باپ نے حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا سے روایت کی۔ وہ بیان کرتی ہیں کہ نبی ﷺ نے ایک شخص کو مسجد میں قرآن پڑھتے سنا تو آپؐ نے فرمایا: اللہ اس پر رحم کرے۔ اس نے مجھے فلاں فلاں آیت یاد دلا دی جسے میں فلاں فلاں سورة میں سے (بھول کر) چھوڑ جایا کرتا تھا۔
صحیح بخاری 6336
حفص بن عمر نے ہم سے بیان کیا کہ شعبہ نے ہمیں بتایا۔ سلیمان (بن مہران) نے مجھے خبر دی۔ سلیمان نے ابو وائل سے، ابو وائل نے حضرت عبداللہؓ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: نبی ﷺ نے کوئی مال تقسیم کیا تو ایک شخص نے کہا: یہ تو ایسی تقسیم ہے کہ اِس سے اللہ کی رضا مندی نہیں چاہی گئی۔ (یہ سن کر) میں نے نبی ﷺ کو بتایا تو آپؐ اس قدر رنجیدہ ہوئے کہ میں نے اس رنج کو آپؐ کے چہرے میں دیکھا۔ آپؐ نے فرمایا: اللہ موسیٰؑ پر رحم کرے۔ اُنہیں تو اس سے زیادہ دکھ دیا گیا تھا، انہوں نے صبر کیا۔