کتاب 20: باب مَا يُكْرَهُ مِنَ السَّجْعِ فِي الدُّعَاءِ
صحیح بخاری
صحیح بخاری 6337
یحيٰ بن محمد بن سکن نے ہم سے بیان کیا کہ حبان بن ہلال ابو حبیب نے ہمیں بتایا۔ ہارون مقرئ نے ہم سے بیان کیا کہ زبیر بن خریت نے ہمیں بتایا۔ زبیر نے عکرمہ سے، عکرمہ نے حضرت ابن عباسؓ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: ہر جمعہ ایک دفعہ لوگوں کو وعظ و نصیحت کیا کرو۔ اگر تم یہ نہ مانو تو پھر دو دفعہ ہی اور اگر اس سے بھی زیادہ (ہو) تو پھر تین بار۔ اور لوگوں کو اس قرآن سے اکتاؤ نہیں۔ اور میں تمہیں کبھی (اس حال میں) نہ پاؤں کہ تم ایسے لوگوں کے پاس آؤ کہ وہ اپنی کسی بات میں مشغول ہوں اور تم انہیں اپنی باتیں سنانے لگ جاؤ اور اُن کی بات کو کاٹ دو اور ان کے اکتانے کا موجب بنو بلکہ خاموشی سے ان کی باتیں سنو۔ جب وہ تمہیں کہیں تو پھر اُن سے وعظ و نصیحت کرو ایسی حالت میں کہ وہ اس کی خواہش رکھتے ہوں۔ دیکھنا! دعا میں قافیہ بندی سے بچنا، اس سے ہمیشہ پرہیز کرتے رہو کیونکہ میں نے رسول اللہ ﷺ اور آپؐ کے صحابہ کو دیکھا ہے کہ وہ اس سے اجتناب ہی کیا کرتے تھے۔