کتاب 32: باب الصَّلاَةِ عَلَى النَّبِيِّ صلى الله عليه وسلم
صحیح بخاری
صحیح بخاری 6357
آدم (بن ابی ایاس) نے ہم سے بیان کیا کہ شعبہ نے ہمیں بتایا۔ حکم (بن عتیبہ) نے ہم سے بیان کیا۔ انہوں نے کہا: میں نے عبدالرحمٰن بن ابی لیلیٰ سے سنا۔ وہ کہتے تھے: حضرت کعب بن عجرہؓ مجھ سے ملے اور کہنے لگے: کیا میں تمہیں ایک تحفہ نہ دوں؟ نبی ﷺ ہمارے پاس باہر آئے اور ہم نے کہا: یا رسول اللہ! ہمیں اس کا علم تو ہو چکا ہے کہ ہم آپؐ کے لئے سلامتی کی دعا کیسے کریں۔ مگر ہم آپؐ کے لئے رحمت کی دعا کس طرح کریں؟ آپؐ نے فرمایا: تم یوں کہو: اے اللہ! محمدؐ اور آل محمدؐ کو خاص الخاص رحمت سے نواز جیسا کہ تو نے آل ابراہیمؑ کو نوازا۔ یقیناً تو بہت ہی خوبیوں والا (اور) بڑی شان والا ہے۔ اے اللہ! محمدؐ اور آل محمدؐ کو برکتیں عطا کر جیسا کہ تو نے آل ابراہیمؑ کو برکتیں عطا کیں۔ یقیناً تو بہت ہی خوبیوں والا (اور) بڑی شان والا ہے۔
صحیح بخاری 6358
ابراہیم بن حمزہ نے ہم سے بیان کیا کہ ابن ابی حازم اور دراوردی نے ہمیں بتایا۔ ان دونوں نے یزید (بن عبداللہ بن اسامہ بن ہاد) سے، یزید نے عبداللہ بن خباب سے، عبداللہ نے حضرت ابوسعید خدریؓ سے روایت کی۔ وہ کہتے تھے: ہم نے کہا: یا رسول اللہ! یہ تو ہوئی آپؐ کے لئے سلامتی کی دعا کرنا، اب رحمت کی دعا کیسے کریں؟ فرمایا: تم یوں کہا کرو: اے اللہ! محمدؐ کو خاص الخاص رحمت سے نواز جو تیرا بندہ اور تیرا رسول ہے جیسا کہ تو نے ابراہیمؑ کو نوازا۔ اور محمدؐ اور آل محمدؐ کو برکتیں عطا کر جیسا کہ تو نے ابراہیمؑ اور آل ابراہیمؑ کو برکتیں عطا کیں۔