کتاب 33: بَابُ هَلْ يُصَلَّى عَلَى غَيْرِ النَّبِيِّ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ
صحیح بخاری
صحیح بخاری 6359
سلیمان بن حرب نے ہم سے بیان کیا کہ شعبہ نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے عمرو بن مرہ سے، عمرو نے حضرت (عبداللہ) ابن ابی اوفیٰؓ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: نبی ﷺ کا طریق تھا کہ جب آپؐ کے پاس کوئی شخص صدقہ لے کر آتا تو آپؐ دعا کرتے: اے اللہ! اس پر اپنا خاص رحم فرما۔ میرے والد بھی آپؐ کے پاس صدقہ لے کر آئے تو آپؐ نے دعا کی: اے اللہ! ابو اوفیٰؓ کے خاندان پر خاص رحمت فرما۔
صحیح بخاری 6360
عبداللہ بن مسلمہ نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے مالک سے، مالک نے عبداللہ بن ابی بکر سے، عبداللہ نے اپنے باپ سے، ان کے باپ نے عمرو بن سُلَیم زُرَقی سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: مجھے حضرت ابو حمید ساعدیؓ نے خبر دی۔ انہوں نے کہا: یا رسول اللہ! ہم آپؐ کے لئے رحمت کی دعا کیسے کیا کریں؟ آپؐ نے فرمایا: یوں کہا کرو: اے اللہ! محمد اور ان کی ازواج اور ان کی ذریت پر ویسے ہی رحمت فرما جیسا کہ تو نے ابراہیمؑ کے خاندان پر رحمت کی اور محمد اور ان کی ازواج اور ان کی ذریت کو ویسے ہی برکت دے جیسے تو نے ابراہیمؑ کے خاندان کو برکت دی۔ یقیناً تو بہت ہی خوبیوں والا بہت ہی بڑائی والا ہے۔