کتاب 35: باب التَّعَوُّذِ مِنَ الْفِتَنِ
صحیح بخاری
صحیح بخاری 6362
وَكَانَ قَتَادَةُ يَذْكُرُ عِنْدَ الْحَدِيثِ هَذِهِ الآيَةَ {يَا أَيُّهَا الَّذِينَ آمَنُوا لاَ تَسْأَلُوا عَنْ أَشْيَاءَ إِنْ تُبْدَ لَكُمْ تَسُؤْكُمْ}.
حفص بن عمر نے ہم سے بیان کیا کہ ہشام (دستوائی) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے قتادہ سے، قتادہ نے حضرت انس رضی اللہ عنہ سے روایت کی کہ لوگ رسول اللہ ﷺ سے سوالات کرنے لگے، اس قدر سوال کئے کہ انہوں نے آپؐ کو اُن سے تنگ کردیا۔ آپؐ رنجیدہ ہوئے اور منبر پر چڑھ کر فرمانے لگے: آج تم مجھ سے جس بات کے متعلق بھی پوچھو گے میں اُس کو تمہارے لئے ضرور کھول کر بیان کروں گا۔ میں یہ سن کر دائیں اور بائیں دیکھنے لگا تو کیا دیکھتا ہوں کہ ہر شخص اپنا سر اپنے کپڑے میں لپیٹے ہوئے رو رہا ہے۔ پھر ایک شخص تھا کہ جب لوگوں سے اُلجھتا تو اُس کو اُس کے باپ کے سوا کسی اور کی طرف منسوب کرکے بلایا جاتا۔ وہ بولا: یا رسول اللہ! میرا باپ کون ہے؟ آپؐ نے فرمایا: حذافہ۔ پھر حضرت عمرؓ اُٹھے اور کہنے لگے: ہم خوش ہیں اللہ سے جو ہمارا ربّ ہے اور اسلام سے جو ہمارا دین ہے اور محمد ﷺ سے جو ہمارے رسول ہیں۔ ہم ابتلاؤں سے اللہ کی پناہ لیتے ہیں۔ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: خیر و شر میں مَیں نے آج جیسا دن کبھی نہیں دیکھا۔ جنت اور آگ کا نقشہ مجھے دکھایا گیا یہاں تک کہ میں نے ان کو اس دیوار کے سامنے دیکھا۔ اور قتادہ اس حدیث کے بیان کرتے وقت اس آیت کا ذکر کیا کرتے تھے: يٰۤاَيُّهَا الَّذِيْنَ اٰمَنُوْا لَا تَسْـَٔلُوْا … یعنی اے وہ لوگو جو ایمان لائے ہو! ایسی باتوں کے متعلق نہ پوچھو جو اگر تمہارے لئے ظاہر کی جائیں تو تمہیں بُری لگیں۔