کتاب 36: باب التَّعَوُّذِ مِنْ غَلَبَةِ الرِّجَالِ
صحیح بخاری
صحیح بخاری 6363
قتیبہ بن سعید نے ہم سے بیان کیا کہ اسماعیل بن جعفر نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے عمرو بن ابی عمرو سے جو مطلب بن عبداللہ بن حنطب کے غلام تھے روایت کی کہ انہوں نے حضرت انس بن مالکؓ سے سنا۔ وہ کہتے تھے: رسول اللہ ﷺ نے حضرت ابوطلحہؓ سے فرمایا: اپنے لڑکوں میں سے کوئی لڑکا ہمارے لئے ڈھونڈو جو میرا کام کاج کرے تو حضرت ابوطلحہؓ مجھے اپنے پیچھے سوار کر کے لے گئے اور میں رسول اللہ ﷺ کی خدمت کیا کرتا تھا۔ جب بھی آپؐ کہیں قیام کرتے تو میں آپؐ سے سنتا کہ آپؐ اکثر یہ دعا کرتے: اے اللہ! میں تیری ہی پناہ لیتا ہوں فکر اور غم سے اور عاجزی اور سستی اور کنجوسی اور بزدلی سے اور قرضہ کے بہت ہوجانے سے اور لوگوں کے غلبہ سے۔ میں آپؐ کی اس وقت تک خدمت کرتا رہا کہ ہم خیبر سے لوٹے اور آپؐ حضرت صفیہ بنت حییؓ کو لائے۔ آپؐ نے ان سے نکاح کیا تھا۔ اور میں آپؐ کو دیکھتا تھا کہ آپؐ اپنے پیچھے عباء یا کمبل سے ایک گول گدا بناتے اور پھر اُن کو اپنے پیچھے سوار کرتے۔ جب ہم صہباء میں پہنچے تو آپؐ نے چمڑے کے ایک دسترخوان پر کھجور کا مالیدہ تیار کیا۔ پھر آپؐ نے مجھے بھیجا اور میں نے لوگوں کو بلایا اور انہوں نے کھایا اور یہ ولیمہ تھا آپؐ کا جو آپؐ نے حضرت صفیہؓ کو اپنے گھر لانے کے موقع پر کیا۔ پھر آپؐ روانہ ہو گئے۔ جب اُحد دکھائی دینے لگا تو آپؐ نے فرمایا: یہ وہ (چھوٹا سا) پہاڑ ہے جو ہم سے محبت رکھتا ہے اور ہم اس سے محبت رکھتے ہیں۔ جب آپؐ مدینہ کے اوپر پہنچے تو آپؐ نے کہا: اے اللہ! میں اس جگہ کو جو مدینہ کے دونوں پہاڑوں کے درمیان ہے اُسی طرح حرم قرار دیتا ہوں جس طرح ابراہیمؑ نے مکہ کو حرم قرار دیا تھا۔ اے اللہ! انہیں ان کے مُد میں اور ان کے صاع میں برکت دیجیو۔