کتاب 37: باب التَّعَوُّذِ مِنْ عَذَابِ الْقَبْرِ
صحیح بخاری
صحیح بخاری 6364
حمیدی نے ہم سے بیان کیا کہ سفیان (بن عیینہ) نے ہمیں بتایا۔ موسیٰ بن عقبہ نے ہم سے بیان کیا۔ انہوں نے کہا: میں نے حضرت اُم خالد بنت خالدؓ سے سنا۔ (موسیٰ بن عقبہ) کہتے تھے: میں نے اُن کے علاوہ کسی اور سے نہیں سنا کہ جس نے نبی ﷺ سے سنا ہو۔ وہ کہتی تھیں: میں نے نبی ﷺ سے سنا کہ آپؐ عذاب قبر سے پناہ مانگ رہے تھے۔
صحیح بخاری 6365
آدم نے ہم سے بیان کیا کہ شعبہ نے ہمیں بتایا کہ عبدالملک (بن عمیر) نے ہم سے بیان کیا۔ عبدالملک نے مصعب (بن سعد بن ابی وقاص) سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: حضرت سعدؓ پانچ دعائیں کرنے کا حکم دیا کرتے تھے اور نبی ﷺ سے روایت کرتے ہوئے ان کا ذکر کرتے کہ آپؐ یہ دعائیں کرنے کا حکم دیا کرتے تھے: یعنی اے اللہ! میں تیری پناہ لیتا ہوں بخل سے اور میں تیری پناہ لیتا ہوں بزدلی سے اور میں تیری پناہ لیتا ہوں اس سے کہ نہایت ہی نکمی عمر تک پہنچا دیا جاؤں اور میں تیری پناہ لیتا ہوں دنیا کے فتنے سے یعنی دجال کے فتنے سے اور میں تیری پناہ لیتا ہوں عذاب قبر سے۔
صحیح بخاری 6366
عثمان بن ابی شیبہ نے ہم سے بیان کیا کہ جریر (بن عبدالحمید) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے منصور (بن معتمر) سے، منصور نے ابو وائل سے، ابو وائل نے مسروق سے، مسروق نے حضرت عائشہؓ سے روایت کی۔ آپؓ بیان کرتی تھیں: میرے پاس مدینہ کے یہودیوں کی بوڑھی عورتوں میں سے دو بوڑھی عورتیں آئیں اور مجھے کہنے لگیں کہ قبروں والوں کو بھی ان کی قبروں میں عذاب دیا جاتا ہے۔ میں نے ان دونوں کو جھٹلایا اور میں نے یہ پسند نہ کیا کہ ان کو سچا سمجھوں۔ اور وہ باہر چلی گئیں۔ اور نبی ﷺ میرے پاس آئے۔ میں نے آپؐ سے کہا: یا رسول اللہ! دو بوڑھی عورتیں آئیں اور میں نے آپؐ سے سارا ذکر کیا۔ آپؐ نے فرمایا: انہوں نے سچ کہا۔ اُنہیں عذاب دیا جاتا ہے جسے سب جانور سنتے ہیں۔ پھر میں نے اس کے بعد جب بھی آپؐ کو نماز میں دیکھا تو دیکھا کہ آپؐ ضرور ہی عذاب قبر سے پناہ مانگتے تھے۔