کتاب 44: باب الاِسْتِعَاذَةِ مِنْ أَرْذَلِ الْعُمُرِ، وَمِنْ فِتْنَةِ الدُّنْيَا وَفِتْنَةِ النَّارِ
صحیح بخاری
صحیح بخاری 6374
اسحاق بن ابراہیم نے ہم سے بیان کیا کہ حسین (بن علی جعفی) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے زائدہ (بن قدامہ) سے، زائدہ نے عبدالملک (بن عمیر) سے، عبدالملک نے مصعب (بن سعد) سے، مصعب نے اپنے باپ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: تم ان کلمات کے ذریعہ پناہ مانگا کرو کہ جن کے ذریعہ نبی ﷺ پناہ مانگا کرتے تھے: اے اللہ! میں بزدلی سے تیری پناہ لیتا ہوں اور بخل سے تیری پناہ مانگتا ہوں اور تیری پناہ لیتا ہوں اس سے کہ نکمی عمر تک پہنچایا جاؤں اور تیری پناہ لیتا ہوں دنیا کے فتنے اور عذاب قبر سے۔
صحیح بخاری 6375
یحيٰ بن موسیٰ نے ہم سے بیان کیا کہ وکیع نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے کہا: ہشام بن عروہ نے ہم سے بیان کیا۔ ہشام نے اپنے باپ سے، ان کے باپ نے حضرت عائشہؓ سے روایت کی کہ نبی ﷺ یہ دعا کرتے تھے: اے اللہ! میں تیری پناہ لیتا ہوں سستی سے اور بہت بڑھاپے سے اور ان باتوں سے جو چٹی کا باعث ہوں اور ان باتوں سے جو گناہ کا موجب ہوں۔ اے اللہ! میں تیری پناہ لیتا ہوں آگ کے عذاب سے اور آگ کے فتنے سے اور قبر کے فتنے سے اور قبر کے عذاب سے اور دولتمندی کے فتنے کے شر سے اور فقر کے فتنے کے شر سے اور مسیح دجال کے فتنے کے شر سے۔ اے اللہ! میری خطاؤں کو برف اور اولوں کے پانی سے دھو ڈال اور میرے دل کو تمام خطاؤں سے بالکل صاف کر دے اُسی طرح کہ جس طرح سفید کپڑا میل سے پاک و صاف کردیا جاتا ہے اور میرے اور میری خطاؤں کے درمیان اتنی ہی دوری کر جتنی کہ تو نے مشرق اور مغرب کے درمیان دوری ڈالی ہے۔