کتاب 53: باب الدُّعَاءِ لِلْمُتَزَوِّجِ

صحیح بخاری

صحیح بخاری 6386

حَدَّثَنَا مُسَدَّدٌ حَدَّثَنَا حَمَّادُ بْنُ زَيْدٍ عَنْ ثَابِتٍ عَنْ أَنَسٍ ـ رضى الله عنه ـ قَالَ رَأَى النَّبِيُّ صلى الله عليه وسلم عَلَى عَبْدِ الرَّحْمَنِ بْنِ عَوْفٍ أَثَرَ صُفْرَةٍ فَقَالَ " مَهْيَمْ ". أَوْ " مَهْ ". قَالَ تَزَوَّجْتُ امْرَأَةً عَلَى وَزْنِ نَوَاةٍ مِنْ ذَهَبٍ. فَقَالَ " بَارَكَ اللَّهُ لَكَ أَوْلِمْ وَلَوْ بِشَاةٍ ".

مسدد نے ہم سے بیان کیا کہ حماد بن زید نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ثابت سے، ثابت نے حضرت انس رضی اللہ عنہ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: نبی ﷺ نے حضرت عبدالرحمٰن بن عوفؓ پر زردی کا نشان دیکھا تو فرمایا: مَهْيَمْ۔ یا (فرمایا:) مہ۔ یعنی یہ کیا ہے؟ انہوں نے کہا: میں نے ایک عورت سے گٹھلی برابر سونے پر نکاح کیا ہے۔ آپؐ نے فرمایا: اللہ تمہیں مبارک کرے۔ ولیمہ کرو گو ایک بکری ہی سہی۔

صحیح بخاری 6387

حَدَّثَنَا أَبُو النُّعْمَانِ حَدَّثَنَا حَمَّادُ بْنُ زَيْدٍ عَنْ عَمْرٍو عَنْ جَابِرٍ ـ رضى الله عنه ـ قَالَ هَلَكَ أَبِي وَتَرَكَ سَبْعَ ـ أَوْ تِسْعَ ـ بَنَاتٍ فَتَزَوَّجْتُ امْرَأَةً فَقَالَ النَّبِيُّ صلى الله عليه وسلم " تَزَوَّجْتَ يَا جَابِرُ ". قُلْتُ نَعَمْ. قَالَ " بِكْرًا أَمْ ثَيِّبًا ". قُلْتُ ثَيِّبًا. قَالَ " هَلاَّ جَارِيَةً تُلاَعِبُهَا وَتُلاَعِبُكَ أَوْ تُضَاحِكُهَا وَتُضَاحِكُكَ ". قُلْتُ هَلَكَ أَبِي فَتَرَكَ سَبْعَ ـ أَوْ تِسْعَ ـ بَنَاتٍ فَكَرِهْتُ أَنْ أَجِيئَهُنَّ بِمِثْلِهِنَّ فَتَزَوَّجْتُ امْرَأَةً تَقُومُ عَلَيْهِنَّ. قَالَ " فَبَارَكَ اللَّهُ عَلَيْكَ ". لَمْ يَقُلِ ابْنُ عُيَيْنَةَ وَمُحَمَّدُ بْنُ مُسْلِمٍ عَنْ عَمْرٍو " بَارَكَ اللَّهُ عَلَيْكَ ".

ابو نعمان نے ہم سے بیان کیا کہ حماد بن زید نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے عمرو (بن دینار) سے، عمرو نے حضرت جابر رضی اللہ عنہ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: میرے باپ وفات پا گئے۔ وہ سات یا نو بیٹیاں چھوڑ گئے۔ میں نے ایک عورت سے نکاح کیا۔ تو نبی ﷺ نے فرمایا: جابرؓ! تم نے نکاح کر لیا؟ میں نے کہا: ہاں۔ آپؐ نے فرمایا: کنواری یا بیوہ؟ میں نے کہا: بیوہ۔ آپؐ نے فرمایا: کسی نوجوان لڑکی سے کیوں نہ کیا کہ تم اُس سے کھیلتے اور وہ تم سے کھیلتی یا (فرمایا:) تم اُس سے ہنستے اور وہ تم سے ہنستی۔ میں نے کہا: میرے والد فوت ہوگئے اور وہ سات یا نو بیٹیاں چھوڑ گئے تو میں نے نا پسند کیا کہ اُن کے پاس اُن جیسی لے آؤں۔ اس لئے میں نے ایک (پختہ عمر) عورت سے شادی کی جو اُن کی نگرانی کرے۔ آپؐ نے فرمایا: اللہ تمہیں برکت دے۔ ابن عیینہ اور محمد بن مسلم نے عمرو (بن دینار) سے بَارَكَ اللهُ عَلَيْكَ کے الفاظ نقل نہیں کئے۔

10 von 10 heute frei