کتاب 58: باب الدُّعَاءِ عَلَى الْمُشْرِكِينَ

صحیح بخاری

صحیح بخاری 6392

حَدَّثَنَا ابْنُ سَلاَمٍ أَخْبَرَنَا وَكِيعٌ عَنِ ابْنِ أَبِي خَالِدٍ قَالَ سَمِعْتُ ابْنَ أَبِي أَوْفَى ـ رضى الله عنهما ـ قَالَ دَعَا رَسُولُ اللَّهِ صلى الله عليه وسلم عَلَى الأَحْزَابِ فَقَالَ " اللَّهُمَّ مُنْزِلَ الْكِتَابِ سَرِيعَ الْحِسَابِ اهْزِمِ الأَحْزَابَ اهْزِمْهُمْ وَزَلْزِلْهُمْ ".

(محمد) بن سلام نے ہم سے بیان کیا کہ وکیع نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے (اسماعیل) ابن ابی خالد سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: میں نے حضرت (عبداللہ) ابن ابی اوفیٰ رضی اللہ عنہما سے سنا۔ انہوں نے کہا: رسول اللہ ﷺ نے ان قوموں کے مغلوب ہونے کی دعا کی جو جنگ احزاب میں شریک ہوئی تھیں۔ آپؐ نے کہا: اے اللہ! کتاب کے نازل کرنے والے، بہت جلدی حساب لینے والے، ان فوجوں کو شکست دے، ان فوجوں کو بھگا اور ان کے پاؤں اُکھیڑ دے۔

صحیح بخاری 6393

حَدَّثَنَا مُعَاذُ بْنُ فَضَالَةَ حَدَّثَنَا هِشَامٌ عَنْ يَحْيَى عَنْ أَبِي سَلَمَةَ عَنْ أَبِي هُرَيْرَةَ أَنَّ النَّبِيَّ صلى الله عليه وسلم كَانَ إِذَا قَالَ " سَمِعَ اللَّهُ لِمَنْ حَمِدَهُ ". فِي الرَّكْعَةِ الآخِرَةِ مِنْ صَلاَةِ الْعِشَاءِ قَنَتَ " اللَّهُمَّ أَنْجِ عَيَّاشَ بْنَ أَبِي رَبِيعَةَ اللَّهُمَّ أَنْجِ الْوَلِيدَ بْنَ الْوَلِيدِ اللَّهُمَّ أَنْجِ سَلَمَةَ بْنَ هِشَامٍ اللَّهُمَّ أَنْجِ الْمُسْتَضْعَفِينَ مِنَ الْمُؤْمِنِينَ اللَّهُمَّ اشْدُدْ وَطْأَتَكَ عَلَى مُضَرَ اللَّهُمَّ اجْعَلْهَا سِنِينَ كَسِنِي يُوسُفَ ".

معاذ بن فضالہ نے ہم سے بیان کیا کہ ہشام بن ابی عبداللہ (دستوائی) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے یحيٰ (بن ابی کثیر) سے، یحيٰ نے ابوسلمہ (بن عبدالرحمٰن) سے، ابوسلمہ نے حضرت ابوہریرہ ؓ سے روایت کی کہ نبی ﷺ کا معمول تھا جب عشاء کی نماز کی آخری رکعت میں سَمِعَ اللهُ لِمَنْ حَمِدَهُ کہتے تو کھڑے ہو کر یوں دعا کرتے: اے اللہ! عیاش بن ابی ربیعہ کو نجات دے، اے اللہ! ولید بن ولید کو نجات دے، اے اللہ! سلمہ بن ہشام کو نجات دے (اور) اے اللہ! اُن مؤمنوں کو نجات دے جنہیں کمزور سمجھا جاتا ہے، اے اللہ! مضر کو سختی سے لتاڑ، اے اللہ! ان کے سالوں کو ایسے سال کر دے جو یوسف کے سالوں کے سے ہوں۔

صحیح بخاری 6394

حَدَّثَنَا الْحَسَنُ بْنُ الرَّبِيعِ حَدَّثَنَا أَبُو الأَحْوَصِ عَنْ عَاصِمٍ عَنْ أَنَسٍ ـ رضى الله عنه ـ قَالَ بَعَثَ النَّبِيُّ صلى الله عليه وسلم سَرِيَّةً يُقَالُ لَهُمُ الْقُرَّاءُ فَأُصِيبُوا فَمَا رَأَيْتُ النَّبِيَّ صلى الله عليه وسلم وَجَدَ عَلَى شَىْءٍ مَا وَجَدَ عَلَيْهِمْ فَقَنَتَ شَهْرًا فِي صَلاَةِ الْفَجْرِ وَيَقُولُ " إِنَّ عُصَيَّةَ عَصَوُا اللَّهَ وَرَسُولَهُ ".

حسن بن ربیع نے ہم سے بیان کیا کہ ابوالاحوص نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے عاصم (بن سلیمان) سے، عاصم نے حضرت انس رضی اللہ عنہ سے روایت کی کہ نبی ﷺ نے ایک دستہ فوج بھیجا جنہیں قراء کہا کرتے تھے اور وہ سارے کے سارے شہید ہوگئے۔ میں نے نبی ﷺ کو کسی بات پر بھی کبھی اتنا غمگین ہوتے ہوئے نہیں دیکھا جو غم آپؐ نے ان کے متعلق محسوس کیا اور آپؐ صبح کی نماز میں کھڑے ہو کر ایک مہینہ تک دعا کرتے رہے: عُصیہ نے اللہ اور اس کے رسول کی نافرمانی کی۔

صحیح بخاری 6395

حَدَّثَنَا عَبْدُ اللَّهِ بْنُ مُحَمَّدٍ حَدَّثَنَا هِشَامٌ أَخْبَرَنَا مَعْمَرٌ عَنِ الزُّهْرِيِّ عَنْ عُرْوَةَ عَنْ عَائِشَةَ ـ رضى الله عنها ـ قَالَتْ كَانَ الْيَهُودُ يُسَلِّمُونَ عَلَى النَّبِيِّ صلى الله عليه وسلم يَقُولُونَ السَّامُ عَلَيْكَ. فَفَطِنَتْ عَائِشَةُ إِلَى قَوْلِهِمْ فَقَالَتْ عَلَيْكُمُ السَّامُ وَاللَّعْنَةُ. فَقَالَ النَّبِيُّ صلى الله عليه وسلم " مَهْلاً يَا عَائِشَةُ إِنَّ اللَّهَ يُحِبُّ الرِّفْقَ فِي الأَمْرِ كُلِّهِ ". فَقَالَتْ يَا نَبِيَّ اللَّهِ أَوَلَمْ تَسْمَعْ مَا يَقُولُونَ قَالَ " أَوَلَمْ تَسْمَعِي أَنِّي أَرُدُّ ذَلِكَ عَلَيْهِمْ فَأَقُولُ وَعَلَيْكُمْ ".

عبداللہ بن محمد نے ہم سے بیان کیا کہ ہشام نے ہمیں بتایا۔ معمر نے ہمیں خبر دی۔ معمر نے زُہری سے، زہری نے عروہ سے، عروہ نے حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا سے روایت کی۔ وہ بیان کرتی تھیں کہ یہود نبی ﷺ کو سلام کہتے تو یوں کہتے: السَّامُ عَلَيْكُمْ۔ حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا اُن کی بات سمجھ گئیں اور انہوں نے یوں جواب دیا: عَلَيْكُمُ السَّامُ وَاللَّعْنَةُ۔ تو نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: عائشہ! ٹھہرو، اللہ تعالیٰ ہر کام میں نرمی پسند کرتا ہے۔ انہوں نے کہا: اے اللہ کے نبی! کیا آپؐ نے نہیں سنا جو وہ کہتے ہیں؟ آپؐ نے فرمایا: کیا تم نے نہیں سنا کہ میں اُن کو وہی جواب دیتا ہوں، میں کہتا ہوں وَعَلَيْكُمْ۔

صحیح بخاری 6396

حَدَّثَنَا مُحَمَّدُ بْنُ الْمُثَنَّى حَدَّثَنَا الأَنْصَارِيُّ حَدَّثَنَا هِشَامُ بْنُ حَسَّانَ حَدَّثَنَا مُحَمَّدُ بْنُ سِيرِينَ حَدَّثَنَا عَبِيدَةُ حَدَّثَنَا عَلِيُّ بْنُ أَبِي طَالِبٍ ـ رضى الله عنه ـ قَالَ كُنَّا مَعَ النَّبِيِّ صلى الله عليه وسلم يَوْمَ الْخَنْدَقِ فَقَالَ " مَلأَ اللَّهُ قُبُورَهُمْ وَبُيُوتَهُمْ نَارًا كَمَا شَغَلُونَا عَنْ صَلاَةِ الْوُسْطَى حَتَّى غَابَتِ الشَّمْسُ ". وَهْىَ صَلاَةُ الْعَصْرِ.

محمد بن مثنیٰ نے ہم سے بیان کیا کہ (محمد بن عبداللہ) انصاری نے ہمیں بتایا۔ ہشام بن حسان نے ہم سے بیان کیا کہ محمد بن سیرین نے ہمیں بتایا۔ عبیدہ نے ہم سے بیان کیا کہ حضرت علی بن ابی طالب رضی اللہ عنہ نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے کہا: ہم خندق والے دن نبی ﷺ کے ساتھ تھے۔ آپؐ نے فرمایا: اللہ ان کی قبروں اور ان کے گھروں کو آگ سے بھرے۔ انہوں نے ہمیں مصروف رکھا اور صلوٰۃِ وسطیٰ (درمیانی نماز) کا موقع نہیں دیا یہاں تک کہ سورج غروب ہو گیا، اور وہ نماز عصر تھی۔

10 von 10 heute frei