کتاب 60: باب قَوْلِ النَّبِيِّ صلى الله عليه وسلم ‏"‏ اللَّهُمَّ اغْفِرْ لِي مَا قَدَّمْتُ وَمَا أَخَّرْتُ ‏"‏‏.‏

صحیح بخاری

صحیح بخاری 6398

حَدَّثَنَا مُحَمَّدُ بْنُ بَشَّارٍ حَدَّثَنَا عَبْدُ الْمَلِكَ بْنُ صَبَّاحٍ حَدَّثَنَا شُعْبَةُ عَنْ أَبِي إِسْحَاقَ عَنِ ابْنِ أَبِي مُوسَى عَنْ أَبِيهِ عَنِ النَّبِيِّ صلى الله عليه وسلم أَنَّهُ كَانَ يَدْعُو بِهَذَا الدُّعَاءِ " رَبِّ اغْفِرْ لِي خَطِيئَتِي وَجَهْلِي وَإِسْرَافِي فِي أَمْرِي كُلِّهِ وَمَا أَنْتَ أَعْلَمُ بِهِ مِنِّي اللَّهُمَّ اغْفِرْ لِي خَطَايَاىَ وَعَمْدِي وَجَهْلِي وَهَزْلِي وَكُلُّ ذَلِكَ عِنْدِي اللَّهُمَّ اغْفِرْ لِي مَا قَدَّمْتُ وَمَا أَخَّرْتُ وَمَا أَسْرَرْتُ وَمَا أَعْلَنْتُ أَنْتَ الْمُقَدِّمُ وَأَنْتَ الْمُؤَخِّرُ وَأَنْتَ عَلَى كُلِّ شَىْءٍ قَدِيرٌ ". وَقَالَ عُبَيْدُ اللَّهِ بْنُ مُعَاذٍ وَحَدَّثَنَا أَبِي حَدَّثَنَا شُعْبَةُ عَنْ أَبِي إِسْحَاقَ عَنْ أَبِي بُرْدَةَ بْنِ أَبِي مُوسَى عَنْ أَبِيهِ عَنِ النَّبِيِّ صلى الله عليه وسلم بِنَحْوِهِ.

محمد بن بشار نے ہم سے بیان کیا کہ عبدالملک بن صباح نے ہمیں بتایا۔ شعبہ نے ہم سے بیان کیا۔ شعبہ نے ابو اسحاق سے، ابو اسحاق نے ابن ابو موسیٰ سے، انہوں نے اپنے باپ سے، اُن کے باپ نے نبی ﷺ سے روایت کی کہ آپؐ یہ دعا کیا کرتے تھے: اے میرے ربّ! مجھ پر پردہ پوشی فرماتے ہوئے میری خطا اور میری جہالت اور اپنے ہر معاملے میں جو کام میں نے بے جا کیا ہے اس سے درگزر فرما اور نیز اس امر کو بھی جو تو مجھ میں (خراب) جانتا ہے۔ اے میرے اللہ! مجھ پر پردہ پوشی فرماتے ہوئے میری خطاؤں اور جو کام میں نے عمداً کیا اس کو اور جو کام میں نے لاعلمی سے کیا اور نیز میرے مذاق سے درگزر فرما اور یہ سب باتیں مجھ میں ہیں۔ اے اللہ! مجھ پر پردہ پوشی فرماتے ہوئے ان امور میں مجھ سے درگزر فرما جو پیچھے کرنے تھے اور میں نے پہلے کر لئے اور جو پہلے کرنے تھے اور میں نے پیچھے کر ڈالے اور جو میں نے چھپایا ہے اور جس کا میں نے اظہار کیا ہے ان سب سے درگزر فرما۔ تو ہی آگے کرنے والا ہے اور تو ہی پیچھے کرنے والا ہے۔ تو ہر بات پر قدرت رکھتا ہے۔ اور عبیداللہ بن معاذ نے کہا کہ میرے باپ نے ہم سے بیان کیا کہ شعبہ نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ابو اسحاق سے، ابو اسحاق نے ابو بردہ بن ابی موسیٰ سے، ابو بردہ نے اپنے باپ سے، ان کے باپ نے نبی ﷺ سے یہی روایت بیان کی۔

صحیح بخاری 6399

حَدَّثَنَا مُحَمَّدُ بْنُ الْمُثَنَّى حَدَّثَنَا عُبَيْدُ اللَّهِ بْنُ عَبْدِ الْمَجِيدِ حَدَّثَنَا إِسْرَائِيلُ حَدَّثَنَا أَبُو إِسْحَاقَ عَنْ أَبِي بَكْرِ بْنِ أَبِي مُوسَى وَأَبِي بُرْدَةَ ـ أَحْسِبُهُ ـ عَنْ أَبِي مُوسَى الأَشْعَرِيِّ عَنِ النَّبِيِّ صلى الله عليه وسلم أَنَّهُ كَانَ يَدْعُو " اللَّهُمَّ اغْفِرْ لِي خَطِيئَتِي وَجَهْلِي وَإِسْرَافِي فِي أَمْرِي وَمَا أَنْتَ أَعْلَمُ بِهِ مِنِّي اللَّهُمَّ اغْفِرْ لِي هَزْلِي وَجِدِّي وَخَطَاىَ وَعَمْدِي وَكُلُّ ذَلِكَ عِنْدِي ".

محمد بن مثنیٰ نے ہم سے بیان کیا کہ عبیداللہ بن عبدالمجید نے ہمیں بتایا۔ اسرائیل نے ہم سے بیان کیا کہ ابواسحاق نے ہمیں بتایا۔ ابواسحاق نے ابوبکر بن ابی موسیٰ اور ابوبُردہ سے روایت کی۔ میں سمجھتا ہوں انہوں نے حضرت ابوموسیٰ اشعریؓ سے، حضرت ابوموسیٰؓ نے نبی ﷺ سے روایت کی کہ آپؐ یہ دعا کیا کرتے تھے: اے اللہ ! مجھ پر پردہ پوشی فرماتے ہوئے میری خطا سے اور میری نادانی سے اور جو زیادتی میں نے اپنے کام میں کی ہے اُس سے اور نیز اُس بات کو جو تو مجھ میں بہتر جانتا ہے، (ان سب سے) درگزر فرما۔ اے اللہ! جو غلطی میں نے مذاق سے یا سنجیدگی سے کی ہے اس کو اور نیز میرے تمام قصوروں کو جو بھول چوک سے ہوئے ہوں یا ان قصوروں کو جو میں نے جان بوجھ کر کئے ہوں اُن سب سے پردہ پوشی فرماتے ہوئے مجھ سے درگزر فرما اور یہ سب باتیں مجھ میں موجود ہیں۔

10 von 10 heute frei