کتاب 5: باب مُبَاشَرَةِ الْحَائِضِ
صحیح بخاری
صحیح بخاری 299
ہم سے قبیصہ نے بیان کیا۔ انہوں نے کہا کہ سفیان نے ہمیں بتلایا۔ انہوں نے منصور سے، منصور نے ابرہیم سے، ابراہیم نے اسود سے، اسود نے حضرت عائشہؓ سے روایت کی۔ کہتی تھیں کہ میں اور نبی ﷺ ایک ہی برتن سے نہایا کرتے تھے اور ہم جنبی ہوتے۔
صحیح بخاری 300
اور آپ مجھ سے فرماتے تو میں تہ بند باندھ لیتی اور آپ میرے ساتھ بدن سے بدن لگا کر لیٹ جاتے حالانکہ میں حائضہ ہوتی۔
صحیح بخاری 301
اور آپ متکلف ہوتے اپنا سر میری طرف نکالتے تو میں اسے دھوتی حالانکہ میں حائضہ ہوتی۔
صحیح بخاری 302
ہم سے اسماعیل بن خلیل نے بیان کیا۔ انہوں نے کہا: علی بن مسہر نے ہمیں بتلایا۔ انہوں نے کہا: ابواسحق شیبانی نے ہم سے بیان کیا۔ انہوں نے عبد الرحمان بن اسود سے، عبدالرحمان نے اپنے باپ سے، ان کے باپ نے حضرت عائشہ سے روایت کی۔ وہ کہتی تھی: ہم میں سے جب کوئی حائضہ ہوتی اور رسول اللہ ﷺ اس کے ساتھ بدن لگا کر لیٹنا چاہتے تو آپ اس کو تہ بند باندھنے کے لئے فرماتے؛ در آنحالیکہ اس کا حیض جوش میں ہوتا۔ پھر اس کے ساتھ بدن لگا کر لیٹتے۔ حضرت عائشہ کہتی تھیں تم میں سے کون اپنی شہوت قابو میں رکھ سکتا ہے جس طرح کہ رسول اللہ ﷺ اپنی شہوت کو قابو میں رکھتے۔ اور جریر نے بھی شیبانی سے اس حدیث کو روایت کیا۔
صحیح بخاری 303
ہم سے ابو نعمان نے بیان کیا، کہا: عبدالواحد نے ہم سے بیان کیا۔ انہوں نے کہا: شیبانی نے ہمیں بتلایا۔ انہوں نے کہا: عبدالله بن شداد نے ہم سے بیان کیا، کہا: میں نے حضرت میمونہ سے سنا۔ وہ کہتی تھیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم جب اپنی عورتوں میں سے کسی عورت کے ساتھ بدن سے بدن لگا کر لیٹنا چاہتے تو اسے فرماتے اور وہ تہ بند باندھ لیتیں حالانکہ وہ (اس وقت) حائضہ ہوتیں۔ اور سفیان نے بھی شیبانی سے یہ حدیث روایت کی۔