کتاب 7: باب مَا يُحْذَرُ مِنْ زَهْرَةِ الدُّنْيَا وَالتَّنَافُسِ فِيهَا
صحیح بخاری
صحیح بخاری 6425
اسماعیل بن عبد اللہ نے ہم سے بیان کیا۔ انہوں نے کہا اسماعیل بن ابراہیم بن عقبہ نے مجھ سے بیان کیا۔ اُنہوں نے موسیٰ بن عقبہ سے روایت کی کہ ابنِ شہاب نے کہا: عروہ بن زبیر نے مجھے بتایا کہ حضرت مسور بن مخرمہؓ نے انہیں خبر دی کہ حضرت عمرو بن عوفؓ جو بنو عامر بن لوئی کے حلیف اور نبی ﷺ کے ساتھ بدر میں شریک تھے، نے ان سے بیان کیا کہ رسول اللہ ﷺ نے حضرت ابوعبیدہ بن جراحؓ کو بحرین کی طرف جزیہ لینے کے لئے بھیجا اور رسول اللہ ﷺ نے بحرین والوں سے صلح کی تھی اور ان پر حضرت علاء بن حضرمیؓ کو امیر مقرر کیا تھا۔ حضرت ابوعبیدہؓ بحرین سے مال لے کر آئے اور انصار نے حضرت ابوعبیدہؓ کے آنے سے متعلق سنا۔ انہوں نے نبی ﷺ کے ساتھ آ کر صبح کی نماز پڑھی۔ جب آپؐ نے (نماز کے بعد) اُن کی طرف رُخ کیا۔ صحابہ آپؐ کے سامنے آ بیٹھے۔ رسول اللہ ﷺ نے جب ان کو دیکھا تو آپؐ مسکرائے اور فرمایا: میں سمجھتا ہوں تم نے سن لیا ہے کہ ابوعبیدہؓ کچھ لے آئے ہیں۔ اُنہوں نے کہا: ہاں یا رسول اللہ! آپؐ نے فرمایا: پھر تمہیں بشارت ہو اور اسی بات کی اُمید رکھو جو تمہیں خوش کرے گی۔ بخدا! تمہارے متعلق مجھے محتاجی کا اندیشہ نہیں۔ بلکہ اس بات کا اندیشہ ہے کہ کہیں دنیا تمہارے لئے اس طرح فراخ نہ ہو جائے جیسے ان لوگوں کے لئے فراخ کی گئی جو تم سے پہلے تھے اور تم اس میں ایک دوسرے سے بڑھ کر خواہش کرو جیسا کہ انہوں نے اس کے متعلق خواہش کی اور تمہیں اس طرح غافل کر دے جیسا کہ ان کو غافل کیا۔
صحیح بخاری 6426
قتیبہ بن سعید نے ہم سے بیان کیا کہ لیث بن سعد نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے یزید بن ابی حبیب سے، یزید نے ابوالخیر سے، ابوالخیر نے حضرت عقبہ بن عامرؓ سے روایت کی کہ رسول اللہ ﷺ ایک دن باہر تشریف لے گئے اور اُحد والوں کا اُسی طرح نماز جنازہ پڑھا جس طرح کہ آپؐ میت کا جنازہ پڑھا کرتے تھے۔ پھر آپؐ منبر پر آئے اور فرمایا: میں تمہارا پیشرو ہوں اور میں تمہارے متعلق گواہ ہوں اور میں اللہ کی قسم اب بھی اپنے حوض کو دیکھ رہا ہوں اور مجھے زمین کے خزانوں کی چابیاں یا فرمایا زمین کی چابیاں دی گئی ہیں اور بخدا مجھے تمہارے متعلق یہ ڈر نہیں کہ تم میرے بعد مشرک ہو جاؤ گے بلکہ مجھے تمہارے متعلق یہ ڈر ہے کہ کہیں دنیا میں ایک دوسرے کی ریس نہ کرنے لگ جاؤ۔
صحیح بخاری 6427
اسماعیل نے ہم سے بیان کیا۔ کہا: مالک نے مجھے بتایا۔ انہوں نے زید بن اسلم سے، زید نے عطاء بن یسار سے، عطاء نے حضرت ابوسعید خدریؓ سے روایت کی انہوں نے کہا رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: تمہارے متعلق زیادہ جو میں ڈرتا ہوں وہ یہ ہے کہ اللہ تمہارے لئے زمین کی برکتیں نکالے گا۔ پوچھا گیا: زمین کی برکتیں کیا ہوتی ہیں؟ آپؐ نے فرمایا: دنیا کی زیبائش۔ اس پر ایک شخص نے آپؐ سے پوچھا: کیا اچھی چیز بھی شر کو لاتی ہے؟ تو نبی ﷺ خاموش ہو گئے۔ یہاں تک کہ میں نے سمجھا کہ آپؐ پر وحی نازل ہو رہی ہے۔ پھر آپؐ اپنی پیشانی سے (پسینہ) صاف کرنے لگے اور فرمایا: وہ پوچھنے والا کہاں ہے؟ اس نے کہا: میں یہ ہوں۔ حضرت ابوسعیدؓ کہتے تھے: ہم نے اسے اچھا سمجھا جب وہ سامنے آیا آپؐ نے فرمایا: خیر خیر کو ہی لاتی ہے۔ یہ مال ہرا بھرا میٹھا ہے۔ مگر یہ تو دیکھو کہ جب موسم بہار میں گھاس اُگتی ہے تو وہ اس (جانور) کو مار ڈالتی ہے یا مرنے کے قریب کر دیتی ہے (جسے کھانے سے اپھارہ ہو جاتا ہے۔) مگر وہ (جانور) جو ہَری گھاس کھاتا ہے اور جب اس کی دونوں کوکھیں بھر جاتی ہیں۔ وہ سورج کے سامنے جا کھڑا ہوتا ہے۔ وہ جگالی کرتا ہے اور بول وبراز کرتا ہے۔ پھر چرتا پھرتا ہے (تو وہ بچ جاتا ہے) دیکھو یہ مال بھی ہرا بھرا اور میٹھا ہے جس نے صحیح طریقے سے اس کو لیا اور صحیح طور پر اسے خرچ کیا تو پھر کیا ہی اچھا ہے یہ مددگار اور جس نے ناجائز طور پر اسے لیا تو وہ اس شخص کی طرح ہوگا جو کھاتا ہے اور سیر نہیں ہوتا۔
صحیح بخاری 6428
محمد بن بشار نے مجھے بتایا کہ محمد بن جعفر نے ہم سے بیان کیا۔ شعبہ نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے کہا میں نے ابو جمرہ سے سنا۔ اُنہوں نے کہا زہدم بن مضرب نے مجھے بتایا۔ زہدم نے کہا میں نے حضرت عمران بن حصین رضی اللہ عنہما سے سنا اُنہوں نے نبی ﷺ سے روایت کی آپؐ نے فرمایا: تم میں سے بہتر میرے زمانے کے لوگ ہیں۔ پھر وہ جو اُن کے معاً بعد آنے والے ہیں۔ حضرت عمرانؓ کہتے تھے: میں نہیں جانتا کہ نبی ﷺ نے اپنے اس قول کے بعد دو دفعہ یا تین دفعہ فرمایا: پھر ان کے بعد ایسے لوگ ہوں گے جو گواہ بن کر آئیں گے حالانکہ ان کو گواہی کے لئے نہیں بلایا جائے گا اور خیانت کریں گے اور انہیں امین نہیں سمجھا جائے گا اور منتیں مانیں گے اور پوری نہیں کریں گے اور اُن میں موٹاپا نمایاں ہو گا۔
صحیح بخاری 6429
عبدان نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ابو حمزہ سے، ابو حمزہ نے اعمش سے، اعمش نے ابراہیم سے، ابراہیم نے عبیدہ سے، عبیدہ نے حضرت عبداللہ (بن مسعود) رضی اللہ عنہ سے، حضرت عبداللہؓ نے نبی ﷺ سے روایت کی آپؐ نے فرمایا: بہتر لوگ میرے زمانے کے لوگ ہیں۔ پھر وہ جو اُن کے معاً بعد۔ پھر وہ جو اُن کے معاً بعد ہوں گے۔ پھر ان کے بعد ایسے لوگ آئیں گے کہ ان کی گواہی ان کی قسموں سے پہلے ہوگی اور ان کی قسمیں ان کی گواہی سے پہلے ہوں گی۔
صحیح بخاری 6430
یحيٰ بن موسیٰ نے ہم سے بیان کیا کہ وکیع نے ہمیں بتایا۔ اسماعیل (بن ابی خالد کوفی) نے ہم سے بیان کیا۔ اسماعیل نے قیس (بن ابی حازم) سے روایت کی۔ اُنہوں نے کہا: میں نے حضرت خبابؓ سے سنا اور انہوں نے ان دنوں اپنے پیٹ میں سات داغ لگوائے تھے اور کہتے تھے اگر رسول اللہ ﷺ نے موت کی دعا کرنے سے ہمیں نہ روکا ہوتا تو میں ضرور ہی موت کی دعا کرتا۔ محمد ﷺ کے ساتھی چلے گئے اور دنیا نے ان کے ایمان کو کچھ کم نہیں کیا اور ہم نے اس دنیا سے اتنا حاصل کیا ہے کہ مٹی کے سوا اس کو رکھنے کی کوئی جگہ نہیں پاتے۔
صحیح بخاری 6431
محمد بن مثنیٰ نے ہم سے بیان کیا کہ یحيٰ (قطان) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے اسماعیل (بن ابی خالد) سے، اسماعیل نے کہا قیس (بن ابی حازم) نے مجھے بتایا۔ وہ کہتے تھے: میں حضرت خبابؓ کے پاس آیا جبکہ وہ اپنی ایک دیوار بنا رہے تھے کہنے لگے: ہمارے ساتھی جو گزر گئے ہیں ان کے ایمان کو دنیا نے کچھ کم نہیں کیا اور ہم نے ان کے بعد وہ کچھ حاصل کیا ہے کہ مٹی میں رکھنے کے سوا اَور کوئی جگہ نہیں پاتے۔
صحیح بخاری 6432
محمد بن کثیر نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے سفیان (بن عیینہ) سے، سفیان نے اعمش سے، اعمش نے شقیق ابو وائل سے، انہوں نے حضرت خباب رضی اللہ عنہ سے روایت کی انہوں نے کہا: ہم نے رسول اللہ ﷺ کے ساتھ ہجرت کی پھر اپنی ہجرت کا واقعہ بیان کیا۔