کتاب 13: باب الْمُكْثِرُونَ هُمُ الْمُقِلُّونَ
صحیح بخاری
صحیح بخاری 6443
قتیبہ بن سعید نے ہم سے بیان کیا کہ جریر (بن عبدالحمید) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے عبدالعزیز بن رُفیع سے، عبدالعزیز نے زید بن وہب سے، زید نے حضرت ابوذر رضی اللہ عنہ سے روایت کی انہوں نے کہا: میں ایک رات جو نکلا تو کیا دیکھتا ہوں کہ رسول اللہ ﷺ اکیلے جارہے ہیں اور آپؐ کے ساتھ کوئی آدمی نہیں۔ کہتے تھے: میں نے سمجھا کہ آپؐ ناپسند کرتے ہوں کہ آپؐ کے ساتھ کوئی چلے۔ کہتے تھے: میں چاند کے سایہ میں چلنے لگا۔ آپؐ جو مڑے تو مجھے دیکھ لیا۔ آپؐ نے فرمایا: کون ہے؟ میں نے کہا: ابوذر، اللہ مجھے آپؐ کے قربان کرے۔ فرمایا: ابوذر آجاؤ۔ کہتے تھے: میں آپؐ کے ساتھ کچھ دیر چلا تو آپؐ نے فرمایا: جو بہت دولتمند ہیں وہی قیامت کے دن نادار ہوں گے مگر وہ شخص نہیں جس کو اللہ نے دولت دی ہو اور اس نے اس کو اپنے دائیں اور بائیں اور آگے اور پیچھے لٹایا ہو اور اس مال سے اچھے کام کئے ہوں۔ کہتے تھے: میں آپؐ کے ساتھ کچھ دیر اور چلا تو آپؐ نے فرمایا، یہاں بیٹھ جاؤ۔ کہتے تھے۔ آپؐ نے مجھے ایک ہموار میدان میں بٹھا دیا جس کے آس پاس پتھر تھے۔ آپؐ نے فرمایا: یہیں بیٹھے رہو اس وقت تک کہ میں تمہارے پاس لوٹ آؤں۔ کہتے تھے۔ آپؐ پتھریلی زمین میں اتنی دور چلے گئے کہ میں آپؐ کو دیکھ نہیں سکتا تھا اور میرے پاس آنے میں دیر کی اور بہت ہی دیر کی۔ پھر میں نے آپؐ سے سنا جب کہ آپؐ آرہے تھے اور آپؐ یہ فرما رہے تھے۔ گو اس نے چوری کی ہو اور گو اس نے زنا کیا ہو۔ حضرت ابوذرؓ کہتے تھے۔ جب آپؐ آئے تو مجھ سے رہا نہ گیا میں نے پوچھا۔ اے اللہ کے نبی! اللہ مجھے آپ کے قربان کرے اس میدان کے ایک طرف کون باتیں کررہا تھا؟ میں نے تو کسی کو نہیں سنا کہ آپ کو کچھ جواب دیتا ہو؟ آپؐ نے فرمایا: یہ جبریل علیہ السلام تھے جو حرہ کے کنارے میں میرے سامنے آئے اور کہا: اپنی اُمت کو بشارت دو کہ جو ایسی حالت میں مر جائے کہ وہ اللہ کا کسی کو بھی شریک نہ ٹھہراتا ہو گا تو وہ ضرور جنت میں داخل ہو گا۔ میں نے کہا: جبریل! اگرچہ اس نے چوری کی ہو اور اگرچہ اس نے زنا کیا ہو۔ انہوں نے کہا: ہاں۔ (حضرت ابوذرؓ کہتے تھے) میں نے بھی کہا۔ اگرچہ اس نے چوری کی ہو اور اگر اس نے زنا کیا ہو؟ آپؐ نے فرمایا: ہاں۔ نضر (بن شمیل) نے کہا کہ ہمیں شعبہ نے بتایا کہ حبیب بن ابی ثابت اور اعمش اور عبدالعزیز بن رفیع نے ہم سے بیان کیا کہ زید بن وہب نے ہمیں یہی بتایا۔ ابوعبداللہ (امام بخاری) نے کہا: ابوصالح کی حدیث جو اُنہوں نے ابودرداء سے روایت کی مرسل ہے صحیح نہیں۔ ہم نے صرف چاہا کہ وہ بھی معلوم ہوجائے اور صحیح حضرت ابوذرؓ کی حدیث ہے۔ ابوعبداللہ (امام بخاری) سے پوچھا گیا عطاء بن یسار کی حدیث جو اُنہوں نے ابودرداء سے روایت کی انہوں نے کہا: وہ بھی مرسل ہے صحیح نہیں اور صحیح حضرت ابوذرؓ کی حدیث ہے اور انہوں نے کہا۔ ابودرداء کی حدیث کو نظر انداز کرو یعنی یہ حدیث جب وہ مرنے لگے تو موت کے وقت لَا إِلَهَ إِلَّا اللهُ کہے۔