کتاب 16: باب فَضْلِ الْفَقْرِ
صحیح بخاری
صحیح بخاری 6447
اسماعیل (بن ابی اویس) نے ہم سے بیان کیا۔ انہوں نے کہا عبدالعزیز بن ابی حازم نے مجھے بتایا۔ انہوں نے اپنے باپ سے، ان کے باپ نے حضرت سہل بن سعد ساعدیؓ سے روایت کی کہ انہوں نے کہا: ایک شخص رسول اللہ ﷺ کے سامنے سے گزرا تو آپؐ نے ایک شخص سے جو آپؐ کے پاس بیٹھا ہوا تھا پوچھا۔ اس شخص کے متعلق تمہاری کیا رائے ہے؟ اس نے کہا: یہ شخص بڑے لوگوں میں سے ہے۔ یہ اللہ کی قسم اس لائق ہے کہ اگر نکاح کا پیغام بھیجے تو نکاح کر دیا جائے اور اگر سفارش کرے تو اس کی سفارش قبول کی جائے۔ حضرت سہلؓ کہتے تھے یہ سن کر رسول اللہ ﷺ خاموش ہوگئے۔ پھر ایک اور شخص گزرا تو رسول اللہ ﷺ نے اس سے پوچھا: اس شخص کے متعلق تمہاری کیا رائے ہے؟ اس نے کہا: یا رسول اللہ ! یہ درویش مسلمانوں میں سے ہے یہ اس لائق ہے کہ اگر نکاح کا پیغام بھیجے تو اس کا نکاح نہ کیا جائے اور اگر سفارش کرے تو اس کی سفارش نہ سنی جائے اور اگر کوئی بات کہے تو اس کی بات نہ سنیں۔ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: اُن جیسے آدمیوں سے زمین بھی بھر جائے تو یہ شخص اُن سے بہتر ہے۔
صحیح بخاری 6448
حمیدی نے ہم سے بیان کیا کہ سفیان (بن عیینہ) نے ہمیں بتایا۔ اعمش نے ہم سے بیان کیا۔ اعمش نے کہا میں نے ابووائل سے سنا وہ کہتے تھے: ہم حضرت خبابؓ کی عیادت کو گئے تو انہوں نے کہا: ہم نے نبی ﷺ کے ساتھ ہجرت کی ہم اللہ کی رضا مندی چاہتے تھے اور ہمارا اجر اللہ تعالیٰ کے ذمے ہو گیا ہم میں سے وہ بھی ہیں جو گزر گئے، اپنے اجر سے کچھ نہ لیا انہی میں سے مصعب بن عمیرؓ ہیں جو اُحد کے دن شہید کیے گئے تھے اور اُنہوں نے ایک چادر چھوڑی تھی۔ جب ہم ان کا سر ڈھانکتے تو اُن کے پاؤں ظاہر ہو جاتے اور جب ہم اُن کے پاؤں ڈھانپتے تو ان کا سر ظاہر ہو جاتا۔ یہ دیکھ کر نبی ﷺ نے ہمیں فرمایا کہ ہم ان کے سر کو ڈھانپ دیں اور اُن کے پاؤں پر اِذخر (گھاس) ڈال دیں اور ہم میں سے وہ بھی ہیں جن کا میوہ ان کے لئے پک گیا اور اب وہ اُس کو چُن رہے ہیں۔
صحیح بخاری 6449
ابوالولید نے ہم سے بیان کیا کہ سلم بن زریر نے ہمیں بتایا۔ ابورجاء نے ہم سے بیان کیا۔ انہوں نے حضرت عمران بن حصین رضی اللہ عنہما سے، حضرت عمرانؓ نے نبی ﷺ سے روایت کی۔ آپؐ نے فرمایا: میں نے جنت میں جھانک کر دیکھا تو اکثر اس میں رہنے والے غریب ہی تھے اور میں نے آگ میں جھانک کر دیکھا تو اکثر اس کے رہنے والے عورتیں ہی تھیں۔ (سلم بن زریر کی طرح) ایوب اور عوف (اعرابی) نے بھی اس حدیث کو روایت کیا اور صخر (بن جویریہ) اور حماد بن نجیح نے بھی ابورجاء سے، ابورجاء نے حضرت ابن عباسؓ سے اسے نقل کیا۔
صحیح بخاری 6450
ابو معمر نے ہم سے بیان کیا کہ عبد الوارث نے ہمیں بتایا۔ سعید بن ابی عروبہ نے ہم سے بیان کیا۔ انہوں نے قتادہ سے، قتادہ نے حضرت انس رضی اللہ عنہ سے روایت کی انہوں نے کہا: نبی ﷺ نے دستر خوان (میز) پر نہیں کھایا۔ یہاں تک کہ آپؐ وفات پا گئے اور نہ ہی باریک چپاتی کھائی۔ یہاں تک کہ آپؐ وفات پا گئے۔
صحیح بخاری 6451
عبداللہ بن ابی شیبہ نے ہم سے بیان کیا کہ ابو اُسامہ نے ہمیں بتایا۔ ہشام نے ہم سے بیان کیا۔ انہوں نے اپنے باپ سے، ان کے باپ نے حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا سے روایت کی۔ آپ فرماتی تھیں: نبی ﷺ فوت ہوگئے اور میرے توشہ خانہ میں کچھ بھی نہ تھا جسے کوئی زندہ وجود کھاتا مگر کچھ تھوڑے جَو، جو میرے توشہ خانہ میں تھے میں وہی کھاتی رہی یہاں تک کہ اتنی مدت گزر گئی کہ آخر میں نے ان کو ماپا اور وہ ختم ہوگئے۔