کتاب 18: باب الْقَصْدِ وَالْمُدَاوَمَةِ عَلَى الْعَمَلِ
صحیح بخاری
صحیح بخاری 6461
عبدان (بن عثمان بن جبلہ) نے ہم سے بیان کیا کہ میرے باپ نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے شعبہ سے، شعبہ نے اشعث سے روایت کی۔ انہوں نے کہا میں نے اپنے باپ (ابوشعثا سلیم بن اسود) سے سنا۔ اُنہوں نے کہا میں نے مسروق سے سنا۔ انہوں نے کہا: میں نے حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا سے پوچھا۔ نبی ﷺ کو کون سا عمل بہت پسند تھا؟ انہوں نے فرمایا: وہ عمل جو ہمیشہ ہوتا رہتا۔ کہتے تھے۔ اُنہوں نے کہا میں نے عرض کیا : آپؐ (رات کی عبادت کے لیے) کس وقت اٹھا کرتے تھے؟ اُنہوں نے فرمایا: اس وقت اُٹھا کرتے تھے جب آپ مرغ کی آواز سنتے۔
صحیح بخاری 6462
قتیبہ (بن سعید) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے مالک سے، مالک نے ہشام بن عروہ سے، ہشام نے اپنے باپ سے، ان کے باپ نے حضرت عائشہؓ سے روایت کی۔ آپ فرماتی تھیں: نبی ﷺ کو وہ کام بہت پسند ہوتا کہ جسے اس کا کرنے والا ہمیشہ کرتا رہتا۔
صحیح بخاری 6463
آدم نے ہم سے بیان کیا کہ ابن ابی ذئب نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے سعید مقبری سے، سعید نے حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت کی۔ اُنہوں نے کہا رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: تم میں سے کسی کو اس کا عمل نجات نہیں دلائے گا۔ لوگوں نے کہا: یا رسول اللہ ! اور نہ ہی آپؐ؟ آپؐ نے فرمایا۔ نہ ہی میں سوائے اس کے کہ اللہ مجھے اپنی آغوش رحمت میں لے۔ تم بہت سنوار کر عمل کرو اور میانہ روی اختیار کرو اور صبح بھی (اللہ کی عبادت) کرو اور شام کو بھی کرو اور کچھ رات کو بھی اور میانہ روی اختیار کرو میانہ روی اختیار کرو پہنچ جاؤ گے۔
صحیح بخاری 6464
عبدالعزیز بن عبداللہ نے ہم سے بیان کیا کہ سلیمان (بن بلال) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے موسیٰ بن عقبہ سے، موسیٰ نے ابوسلمہ بن عبدالرحمٰن سے، ابوسلمہ نے حضرت عائشہؓ سے روایت کی کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: سنوار کر ٹھیک طور پر عمل کرو اور میانہ روی اختیار کرو اور سمجھ لو کہ تم میں سے کسی کو اُس کا عمل جنت میں ہرگز داخل نہیں کرے گا اور اللہ کو عملوں میں سے وہ عمل بہت پسند ہے جو ہمیشہ ہوتا رہے گو وہ تھوڑا ہی ہو۔
صحیح بخاری 6465
محمد بن عرعرہ نے مجھ سے بیان کیا کہ شعبہ نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے سعد بن ابراہیم سے، سعد نے ابوسلمہ سے، ابوسلمہ نے حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا سے روایت کی۔ آپ فرماتی تھیں: نبی ﷺ سے پوچھا گیا۔ کونسے اعمال اللہ کو بہت پسند ہیں؟ فرمایا: وہ جسے ہمیشہ کیا جائے گو وہ تھوڑا ہی ہو اور فرمایا: اعمال میں سے اتنے ہی کی ذمہ داری اُٹھاؤ جتنی کہ تم طاقت رکھتے ہو۔
صحیح بخاری 6466
عثمان بن ابی شیبہ نے مجھ سے بیان کیا کہ جریر نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے منصور سے، منصور نے ابراہیم (نخعی) سے، ابراہیم نے علقمہ سے روایت کی انہوں نے کہا: میں نے اُم المؤمنین حضرت عائشہؓ سے پوچھا، میں نے کہا: اُم المؤمنینؓ نبی ﷺ کا طرزِ عمل کیا تھا۔ کیا آپؐ کوئی دِن (روزہ کے لئے) مخصوص کیا کرتے تھے؟ تو اُنہوں نے کہا: نہیں آپ کا عمل دائمی صورت رکھتا تھا اور تم میں سے کون ہے جو ایسی استطاعت رکھتا ہو جو رسول اللہ ﷺ رکھتے تھے۔
صحیح بخاری 6467
علی بن عبداللہ نے ہم سے بیان کیا۔ محمد بن زبرقان نے ہمیں بتایا کہ موسیٰ بن عقبہ نے ہم سے بیان کیا۔ انہوں نے ابو سلمہ بن عبد الرحمٰن سے روایت کی۔ اُنہوں نے حضرت عائشہؓ سے، حضرت عائشہؓ نے نبی ﷺ سے روایت کی۔ آپؐ نے فرمایا: سنوار کر ٹھیک طور پر عمل کرو اور میانہ روی اختیار کرو اور خوش رہو۔ کیونکہ تم میں سے کسی کو اُس کا عمل جنت میں ہرگز داخل نہیں کرے گا۔ صحابہ نے کہا: یا رسول اللہ! اور نہ ہی آپؐ؟ آپؐ نے فرمایا: اور میں بھی نہیں سوائے اس کے کہ اللہ مجھے اپنی مغفرت اور رحمت میں لے لے۔ (مدینی نے) بیان کیا کہ میرا خیال ہے کہ (موسیٰ بن عقبہ نے) یہ حدیث ابو سلمہ سے ابو النضر کے واسطے سے سنی ہے۔ ابو سلمہ نے حضرت عائشہؓ سے۔ اور عفان (بن مسلم) نے بیان کیا کہ ہم سے وُہیب نے بیان کیا انہوں نے موسیٰ بن عقبہ سے روایت کی، کہا کہ میں نے ابو سلمہ سے سنا اور انہوں نے حضرت عائشہؓ سے اور انہوں نے نبی ﷺ سے کہ آپؐ نے فرمایا: سنوار کر ٹھیک طور پر عمل کرو اور خوش رہو۔ اور مجاہد نے بیان کیا کہ سَدَادًا سَدِيدًا ہر دو کے معنی صدق کے ہیں۔
صحیح بخاری 6468
ابراہیم بن منذر نے مجھے بتایا کہ محمد بن فلیح نے ہم سے بیان کیا انہوں نے کہا میرے باپ نے مجھے بتایا۔ انہوں نے ہلال بن علی سے، انہوں نے کہا میں نے حضرت انس بن مالک رضی اللہ عنہ کو یہ کہتے ہوئے سنا۔ ایک دن رسول اللہ علیہ وسلم نے ہمیں نماز پڑھائی۔ پھر آپ منبر پر کھڑے ہوئے اور آپؐ نے مسجد کے قبلہ کی جانب اپنے ہاتھ سے اشارہ کیا اور فرمایا: ابھی جبکہ میں نے تمہیں نماز پڑھائی، جنت و دوزخ مجھے دکھائی گئیں۔ جو اس دیوار پر متمثل تھیں۔ میں نے خیر و شر میں آج کے دن کی طرح کوئی دن نہیں دیکھا۔ میں نے خیر و شر میں آج کے دن کی طرح کوئی دن نہیں دیکھا۔