کتاب 20: باب الصَّبْرِ عَنْ مَحَارِمِ اللَّهِ
صحیح بخاری
صحیح بخاری 6470
ابوالیمان نے ہم سے بیان کیا کہ شعیب نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے زہری سے، زہری نے کہا مجھے عطاء بن یزید نے خبر دی کہ حضرت ابو سعیدؓ نے انہیں بتایا کہ کچھ انصاری لوگوں نے رسول اللہ ﷺ سے کچھ مانگا تو اُن میں سے جس نے بھی آپؐ سے مانگا آپؐ نے اس کو دیا یہاں تک کہ جو آپ کے پاس تھا ختم ہوگیا تو جب سب کچھ ختم ہوگیا یعنی آپؐ نے اپنے دونوں ہاتھوں سے خرچ کر ڈالا تو آپؐ نے ان سے فرمایا: جو (مال) بھلائی بھی میرے پاس ہو گی میں اس کو تم سے چھپا کر نہیں رکھوں گا اور بات یہ ہے کہ جو سوال سے بچے گا اللہ اُسے بچائے گا اور جو اپنے نفس پر زور ڈال کر صبر کرے گا اللہ اس کو صبر دے گا اور جو شخص استغناء چاہے گا اللہ اُسے مستغنی کر دے گا اور صبر سے بہتر اور اس سے بڑھ کر کوئی نعمت تمہیں ہرگز نہیں ملے گی۔
صحیح بخاری 6471
خلاد بن یحيٰ نے ہم سے بیان کیا کہ مسعر (بن کدام) نے ہمیں بتایا۔ زیاد بن علاقہ نے ہم سے بیان کیا۔ انہوں نے کہا میں نے حضرت مغیرہ بن شعبہؓ سے سنا وہ کہتے تھے: نبی ﷺ اتنی دیر تک نماز پڑھتے کہ آپؐ کے پاؤں سوج جاتے یا (کہا:) پھول جاتے۔ تو آپؐ سے کہا جاتا۔ آپؐ فرماتے: کیا میں شکر گزار بندہ نہ بنوں۔