کتاب 25: باب الْخَوْفِ مِنَ اللَّهِ
صحیح بخاری
صحیح بخاری 6480
عثمان بن ابی شیبہ نے ہم سے بیان کیا کہ جریر (بن عبدالحمید) نے ہمیں بتایا۔ اُنہوں نے منصور (بن معتمر) سے، منصور نے ربعی سے، ربعی نے حضرت حذیفہ (بن یمانؓ) سے، حضرت حذیفہؓ نے نبی ﷺ سے روایت کی۔ آپؐ نے فرمایا: تم میں سے جو پہلے لوگ تھے ان میں ایک شخص تھا جو اپنے عمل کو بُرا سمجھا کرتا تھا۔ اس نے اپنے گھر والوں کو کہا۔ جب میں مر جاؤں تو مجھے لے کر کسی آندھی کے دن سمندر میں بکھیر دینا۔ اُنہوں نے اس کے ساتھ ایسا ہی کیا۔ پھر اللہ نے اس کو اکٹھا کیا اور پوچھا: جو کام تم نے کیا اس پر تمہیں کس نے آمادہ کیا؟ اس نے کہا: صرف تیرے ڈر نے ہی مجھے اس پر آمادہ کیا۔ تو اللہ نے اس پر پردہ پوشی فرماتے ہوئے اس سے درگزر کیا۔
صحیح بخاری 6481
موسیٰ (بن اسماعیل) نے ہم سے بیان کیا کہ معتمر نے ہمیں بتایا۔ (اُنہوں نے کہا) میں نے اپنے باپ سے سنا کہ قتادہ نے ہم سے بیان کیا۔ قتادہ نے عقبہ بن عبدالغافر سے، عقبہ نے حضرت ابو سعید (سعد بن مالک) خدری رضی اللہ عنہ سے، حضرت ابوسعیدؓ نے نبی ﷺ سے روایت کی کہ آپؐ نے ایک شخص کا ذکر کیا جو اُن لوگوں میں تھا جو پہلے گزر چکے یا (فرمایا) جو تم سے پہلے تھے۔ اللہ نے اس کو مال و اولاد دی تھی۔ فرمایا جب وہ مرنے لگا تو اس نے اپنے بیٹوں سے کہا میں تمہارا کیسا باپ تھا وہ بولے بہت اچھے باپ تھے۔ اس نے کہا: اس نے تو اللہ کے پاس کوئی نیکی کا ذخیرہ نہیں چھوڑا۔ قتادہ نے لَمْ يَبْتَئِرْ کی تفسیر یوں کی کہ جمع نہیں رکھا اور اگر وہ اللہ کے سامنے پہنچا تو وہ اس کو سزا دے گا اس لئے دیکھو جب میں مر جاؤں تو مجھے جلا ڈالنا۔ جب میں جل کر کوئلہ بن جاؤں تو مجھے پیسنا۔ راوی نے فَاسْحَقُونِي کہا یا فَاسْهَكُونِي کہا۔ پھر جب تیز آندھی ہو تو مجھے اس میں بکھیر دینا۔ اس پر اس نے قسم دے کر ان سے پختہ عہدوپیمان لئے اور انہوں نے ایسا ہی کیا۔ پھر اللہ نے فرمایا: ہو جا تو کیا دیکھا کہ وہ شخص کھڑا ہے۔ پھر فرمایا: اے میرے بندے جو تم نے کیا، اس پر تمہیں کس نے آمادہ کیا۔ اس نے کہا: تیرے خوف نے یا (کہا) تیرے خوف کی گھبراہٹ نے۔ پھر اللہ نے اس کے گناہوں کی یوں تلافی کی کہ اس پر رحم کیا۔ (معتمر کے باپ سلیمان نے کہا) میں نے ابوعثمان سے یہ حدیث بیان کی تو اُنہوں نے کہا۔ میں نے بھی سلمان سے سنا مگر انہوں نے اتنا زائد بیان کیا کہ پھر مجھے سمندر میں بکھیر دینا یا کچھ ایسا ہی بتایا۔ اور معاذ نے کہا: ہمیں شعبہ نے قتادہ سے روایت کرتے ہوئے بتایا کہ میں نے حضرت ابوسعیدؓ سے سنا۔ وہ نبی ﷺ سے یہی حدیث روایت کرتے تھے۔