کتاب 26: باب الاِنْتِهَاءِ عَنِ الْمَعَاصِي
صحیح بخاری
صحیح بخاری 6482
محمد بن علاء نے ہم سے بیان کیا کہ ابو اُسامہ نے ہمیں بتایا۔ اُنہوں نے برید بن عبداللہ بن ابی بردہ سے، انہوں نے ابوبردہ سے، ابو بردہ نے حضرت ابو موسیٰؓ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: میری مثال اور اس پیغام کی مثال جو اللہ نے مجھے دیکر بھیجا اس شخص کی سی مثال ہے جو ایک قوم کے پاس آیا اور کہنے لگا: میں نے اپنی آنکھوں سے فوج کو دیکھا اور میں کُھلا کُھلا ڈرانے والا ہوں اس لئے اپنی جان بچانے کے لئے بھاگو بھاگو تو ایک گروہ نے اس کی بات مان لی اور وہ رات ہی کو اطمینان سے سنبھل کر نکل گئے اور بچ گئے اور ایک گروہ نے اس کو جھٹلایا۔ اتنے میں فوج نے صبح کو اُن پر چھاپا مارا اور ان کی بیخ کنی کردی۔
صحیح بخاری 6483
ابوالیمان نے ہم سے بیان کیا کہ شعیب نے ہمیں بتایا کہ ابوالزناد نے ہم سے بیان کیا۔ ابوالزناد نے عبدالرحمٰن سے، عبدالرحمٰن نے ان کو بتایا کہ اُنہوں نے حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے سنا۔ حضرت ابوہریرہؓ نے رسول اللہ ﷺ سے سنا۔ آپؐ فرماتے تھے: میری مثال اور لوگوں کی مثال اس شخص کی سی ہے جس نے آگ سلگائی۔ جب اس آگ نے اس کے ماحول کو روشن کردیا تو پتنگے اور یہ کیڑے مکوڑے جو کہ آگ میں گرا کرتے ہیں اس آگ میں گرنے لگے اور وہ اُن کو نکالنے لگا اور وہ اس کے قابو سے باہر ہو رہے ہیں اور اس آگ میں بے تحاشا کود رہے ہیں۔ میں بھی تمہارے تہ بند کی مُریوں کو پکڑے ہوئے آگ سے روک رہا ہوں اور تم اس میں بے تحاشا کود رہے ہو۔
صحیح بخاری 6484
ابو نعیم نے ہم سے بیان کیا کہ زکریا (بن ابی زائدہ) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے عامر سے، عامر نے کہا میں نے حضرت عبداللہ بن عمروؓ سے سنا وہ کہتے تھے نبی ﷺ نے فرمایا: مسلمان وہ ہے جس کی زبان سے اور جس کے ہاتھ سے مسلمان سلامتی میں رہیں اور مہاجر وہ ہے جس نے اُن باتوں کو چھوڑ دیا جن سے اللہ نے روکا۔