کتاب 31: باب مَنْ هَمَّ بِحَسَنَةٍ أَوْ بِسَيِّئَةٍ
صحیح بخاری
صحیح بخاری 6491
ابو معمر نے ہم سے بیان کیا کہ عبدالوارث (بن سعید) نے ہمیں بتایا۔ جعد (بن دینار) ابو عثمان نے ہم سے بیان کیا کہ ابو رجاء عطاردی نے ہمیں بتایا، ابو رجاء نے حضرت ابن عباس رضی اللہ عنہما سے روایت کی۔ انہوں نے نبی ﷺ سے منجملہ اُن باتوں کے جو اپنے ربّ عزّوجل سے روایت کیا کرتے تھے سنا۔ حضرت ابن عباسؓ نے کہا، آپؐ نے فرمایا کہ اللہ نے نیکیاں اور بدیاں لکھ دی ہیں۔ پھر ان کو کھول کر بیان کیا ہے اس لئے جو شخص نیکی کرنے پر آمادہ ہوا مگر اس کو نہ کیا تو اللہ اس کے لئے اپنے پاس پوری نیکی لکھے گا۔ اگر اُس نے اُس کا ارادہ کیا اور اس کو کیا بھی تو اللہ اس کے لئے اپنے پاس دس نیکیاں لکھے گا بلکہ سات سو گنا تک بلکہ ان سے بھی بڑھ کر کئی گنا تک اور جس نے بدی کا ارادہ کیا مگر اُسے کیا نہیں تو اللہ اس کے لئے اپنے پاس پوری نیکی لکھے گا اور اگر وہ اس پر آمادہ ہوا اور اُس کو کر لیا تو اللہ اُس کے لئے ایک ہی بدی لکھے گا۔