کتاب 34: باب الْعُزْلَةُ رَاحَةٌ مِنْ خُلاَّطِ السُّوءِ
صحیح بخاری
صحیح بخاری 6494
ابوالیمان نے ہم سے بیان کیا کہ شعیب نے ہمیں خبر دی۔ انہوں نے زہری سے، زہری نے کہا: عطاء بن یزید نے مجھ سے بیان کیا کہ حضرت ابوسعیدؓ نے اُنہیں بتایا۔ وہ کہتے تھے، کہا گیا، یا رسول اللہ۔ نیز محمد بن یوسف نے کہا کہ اوزاعی نے ہم سے بیان کیا۔ زہری نے ہمیں بتایا، زہری نے عطاء بن یزید لیثی سے، عطاء نے حضرت ابوسعید خدریؓ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: ایک اعرابی نبی ﷺ کے پاس آیا اور پوچھنے لگا: یا رسول اللہ ! لوگوں میں سے کون سا شخص بہتر ہے؟ آپؐ نے فرمایا: وہ شخص جس نے اپنی جان اور مال سے جہاد کیا اور وہ شخص جو پہاڑوں کی کسی کھوہ میں بیٹھے اپنے ربّ کی عبادت کر رہا ہے اور لوگوں کو اپنے شر سے محفوظ رکھتا ہے۔ (شعیب کی طرح محمد بن ولید) زبیدی اور سلیمان بن کثیر اور نعمان (بن راشد) نے بھی زہری سے روایت کی۔ اور معمر نے زہری سے، زہری نے عطاء سے یا عبیداللہ سے، اُنہوں نے حضرت ابوسعید (خدری ؓ) سے، حضرت ابوسعیدؓ نے نبی ﷺ سے نقل کیا اور یونس اور (عبدالرحمٰن بن خالد) بن مسافر اور یحيٰ بن سعید نے بھی ابن شہاب سے نقل کیا۔ اُنہوں نے عطاء (بن یزید لیثی) سے، عطاء نے نبی ﷺ کے کسی صحابی سے، اُنہوں نے نبی ﷺ سے روایت کی۔
صحیح بخاری 6495
ابو نعیم نے ہم سے بیان کیا کہ (عبد العزیز) ماجشون نے ہمیں بتایا۔ اُنہوں نے عبدالرحمٰن بن ابی صعصعہ سے، عبدالرحمٰن نے اپنے باپ (عبد اللہ بن ابی صعصعہ) سے روایت کی کہ اُنہوں نے حضرت ابو سعیدؓ سے سنا۔ حضرت ابو سعیدؓ بیان کرتے ہیں کہ میں نے نبی ﷺ سے سنا۔ آپؐ فرماتے تھے: لوگوں پر ایک ایسا زمانہ آئے گا جس میں مسلمان شخص کا بہتر مال بکریاں ہوں گی جنہیں وہ پہاڑوں کی چوٹیوں اور بارش کی جگہوں میں ساتھ ساتھ لئے پھرے گا۔ اپنے دین کو فتنوں سے بچاتے ہوئے بھاگتا پھرے گا۔