کتاب 35: باب رَفْعِ الأَمَانَةِ
صحیح بخاری
صحیح بخاری 6496
محمد بن سنان نے ہم سے بیان کیا کہ فلیح بن سلیمان نے ہمیں بتایا۔ ہلال بن علی نے ہم سے بیان کیا۔ ہلال نے عطاء بن یسار سے، عطاء نے حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت کی۔ اُنہوں نے کہا رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: جب امانت ضائع کردی جائے گی تو اس وقت اس گھڑی کا انتظار کرو۔ اس نے پوچھا: یا رسول اللہ! وہ امانت کیونکر ضائع کی جائے گی؟ آپؐ نے فرمایا: جب حکومت ان لوگوں کے سپرد کی جائے گی جو اس کے اہل نہیں تو اس وقت اس گھڑی کے منتظر رہو۔
صحیح بخاری 6497
محمد بن کثیر نے ہم سے بیان کیا کہ سفیان (ثوری) نے ہمیں بتایا۔ اعمش نے ہم سے بیان کیا، اعمش نے زید بن وہب سے روایت کی کہ حضرت حذیفہ (بن یمانؓ) نے ہمیں بتایا۔ اُنہوں نے کہا: رسول اللہ ﷺ نے ہمیں دو باتیں بتائیں۔ ان میں سے ایک تو میں دیکھ چکا اور دوسری کا انتظار کر رہا ہوں۔ آپؐ نے ہم سے بیان کیا کہ امانت لوگوں کے دلوں کی تہ میں نازل ہوئی۔ پھر اُنہیں قرآن سے علم ہوا پھر اُنہیں رسول اللہ ﷺ کے نمونہ سے علم ہوا اور آپؐ نے ہمیں اس کے اُٹھائے جانے کے متعلق بتایا۔ فرمایا: آدمی یوں ہی تھوڑا سا سوتا ہے تو امانت اُس کے دل سے سمیٹ لی جاتی ہے اور اس کا اثر خفیف سے نشان کی طرح باقی رہ جاتا ہے۔ پھر وہ دوسری نیند سوتا ہے اور وہ اور سمیٹ لی جاتی ہے تو پھر اس کا نشان چھالے کی طرح رہ جاتا ہے جیسے تم چنگاری اپنے پاؤں پر گراؤ تو ایک چھالا پھول آتا ہے۔ تم اس کو الگ تھلگ باہر نکلے ہوئے دیکھتے ہو اور اس میں کچھ نہیں ہوتا۔ پھر لوگ صبح کو آپس میں خرید و فروخت کرنے لگتے ہیں اور ایک شخص بھی قریب نہیں ہوتا کہ امانت ادا کرے اور پھر کہنے لگتے ہیں کہ فلاں خاندان میں ایک شخص ہے جو دیانت دار ہے اور اس شخص کے متعلق کہتے ہیں کہ کیا ہی عقلمند ہے اور کیا ہی خوش اخلاق ہے اور کیا ہی دلیر ہے حالانکہ اس کے دل میں رائی کے دانے کے برابر بھی ایمان نہیں ہوتا اور مجھ پر ایک ایسا زمانہ آچکا ہے کہ میں پروا نہیں کرتا تھا کہ کس شخص سے میں نے خرید و فروخت کا معاملہ کیا ہے۔ اگر وہ مسلمان ہوتا تو اسلام اس کو روکتا اور اگر نصرانی ہوتا تو یہ خوف اس کو روکے رکھتا کہ کہیں اس کا رئیس (سردار) اسے میرے پاس بھیج دے گا۔ مگر آج یہ حالت ہے کہ میں فلاں فلاں شخص کے سوا کسی سے خرید و فروخت کا معاملہ نہیں کرتا۔ فربری نے کہا ابو جعفر (محمد بن ابی حاتم جو امام بخاری کے منشی تھے) نے کہا: میں نے ابو عبد اللہ (امام بخاری) کو حدیث سنائی تو وہ کہنے لگے میں نے ابو احمد بن عاصم (بلخی) سے سنا وہ کہتے تھے میں نے ابو عبید سے سنا وہ کہتے تھے (عبد الملک بن قریب) اصمعی اور ابو عمرو (بن علاء قاری) وغیرہ نے کہا جذر کا لفظ جو حدیث میں ہے اس کا معنی ہے ہر چیز کی جڑ اور وکت کہتے ہیں ہلکے خفیف داغ کو اور مجل وہ موٹا چھالا جو کام کرنے سے ہتھیلی پر پڑ جاتا ہے۔
صحیح بخاری 6498
ابوالیمان نے ہم سے بیان کیا کہ شعیب نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے زہری سے، زہری نے کہا مجھے سالم بن عبداللہ نے خبر دی کہ حضرت عبداللہ بن عمر رضی اللہ عنہما کہتے تھے۔ میں نے رسول اللہ ﷺ سے سنا آپؐ فرماتے تھے۔ لوگ بھی اونٹوں کی طرح ہیں سو ہوں تو ان میں ایک سواری کا اونٹ بھی تمہیں نہیں ملتا۔