کتاب 42: باب سَكَرَاتِ الْمَوْتِ
صحیح بخاری
صحیح بخاری 6510
محمد بن عبید بن میمون نے مجھ سے بیان کیا کہ عیسیٰ بن یونس نے ہمیں بتایا۔ اُنہوں نے عمر بن سعید سے، عمر نے کہا: ابن ابی ملیکہ نے مجھے خبر دی کہ ابوعمرو ذکوان جو حضرت عائشہؓ کے غلام تھے، نے انہیں بتایا کہ حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا فرماتی تھیں: رسول اللہ ﷺ کے سامنے چمڑے کا یا لکڑی کا بڑا پیالہ رکھا تھا جس میں کچھ پانی تھا۔ عمر اس کے متعلق شک کرتے ہیں۔ (کہ رَكْوَةٌ کہا یا عُلْبَةٌ) تو آپ اپنے ہاتھ پانی میں ڈالتے اور پھر اُن کو اپنے چہرے پر پھیرتے اور فرماتے: اللہ کے سوا کوئی معبود نہیں۔ موت کی بھی بے ہوشیاں ہوتی ہیں۔ پھر آپ نے اپنا ہاتھ اٹھایا اور یہ دعا کرنے لگے: رفیقِ اعلیٰ کے پاس۔ آخر اسی حالت میں آپؐ کی وفات ہو گئی اور آپؐ کا ہاتھ جھک گیا۔ ابو عبد اللہ (امام بخاری) نے کہا عُلْبَةٌ ایسا پیالہ ہے جو لکڑی کا ہو، اور رَكْوَةٌ چمڑے کا پیالہ ہے۔
صحیح بخاری 6511
صدقہ (بن فضل) نے مجھ سے بیان کیا کہ عبدہ (بن سلیمان) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ہشام سے، ہشام نے اپنے باپ سے، ان کے باپ نے حضرت عائشہؓ سے روایت کی۔ وہ بیان کرتی تھیں: اعراب میں سے کچھ لوگ اُجڈ تھے وہ نبی ﷺ کے پاس آتے اور آپؐ سے پوچھتے، وہ گھڑی کب ہوگی؟ تو آپؐ اس کی طرف دیکھتے جو اُن میں سب سے چھوٹا ہوتا اور فرماتے: اگر یہ زندہ رہا تو ابھی بڑھاپا اس پر نہیں آئے گا کہ تمہاری گھڑی تم پر آجائے گی۔ ہشام نے کہا: اس سے مراد اُن کی موت ہے۔
صحیح بخاری 6512
اسماعیل (بن ابی اویس) نے ہم سے بیان کیا۔ اُنہوں نے کہا کہ مالک نے مجھے بتایا۔ اُنہوں نے محمد بن عمرو بن حلحلہ سے، اُنہوں نے معبد بن کعب بن مالک سے، معبد نے حضرت ابوقتادہ بن ربعی انصاریؓ سے روایت کی کہ وہ بیان کرتے تھے کہ رسول اللہﷺ کے سامنے سے ایک جنازہ گزرا۔ آپؐ نے فرمایا۔ چھٹکارا پانے والا ہے یا اس سے چھٹکارا ہوا ہے۔ لوگوں نے کہا: یا رسول اللہ! یہ چھٹکارا پانے والا یا وہ جس سے چھٹکارا ہوا ہے سے کیا مراد ہے؟ آپؐ نے فرمایا: مؤمن بندہ دنیا کی تکلیف اور اس کے دکھ سے چھٹکارا پاکر اللہ عزّوجل کی رحمت کو سدھارتا ہے اور جو بدکار بندہ ہے اس سے بندے اور ملک اور درخت اور جانور سب چھٹکارا پاتے ہیں۔
صحیح بخاری 6513
مسدد نے ہم سے بیان کیا کہ یحيٰ (قطان) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے عبد ربہ بن سعید (انصاری) سے، عبد ربہ نے محمد بن عمرو بن حلحلہ سے روایت کی کہ (معبد) بن کعب نے مجھے بتایا۔ معبد نے حضرت ابوقتادہؓ سے، حضرت ابوقتادہؓ نے نبی ﷺ سے روایت کی۔ آپؐ نے فرمایا: چھٹکارا پانے والا ہے یا اس سے چھٹکارا ہوا ہے۔ مؤمن آرام پا لیتا ہے۔
صحیح بخاری 6514
حمیدی نے ہم سے بیان کیا کہ سفیان (بن عیینہ) نے ہمیں بتایا۔ عبداللہ بن ابی بکر بن عمرو بن حزم نے ہم سے بیان کیا۔ اُنہوں نے حضرت انس بن مالکؓ سے سنا۔ وہ کہتے تھے رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: میت کے ساتھ تین چیزیں جاتی ہیں۔ دو تو لوٹ آتی ہیں اور ایک اس کے ساتھ رہ جاتی ہے۔ اس کے ساتھ اس کے گھر والے اس کا مال اور اس کا عمل جاتا ہے۔ اس کے گھر والے اور اس کا مال، یہ تو واپس لوٹ جاتے ہیں اور اس کا عمل رہ جاتا ہے۔
صحیح بخاری 6515
ابو نعمان نے ہم سے بیان کیا کہ حماد بن زید نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ایوب سے، ایوب نے نافع سے، نافع نے حضرت ابن عمر رضی اللہ عنہما سے روایت کی۔ انہوں نے کہا رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: جب تم میں سے کوئی مر جاتا ہے تو اُس کا ٹھکانا اُس کے سامنے صبح شام پیش کیا جاتا ہے یا تو آگ ہوتی ہے یا جنت اور اُسے کہا جاتا ہے یہ تیرا ٹھکانا ہے اُس وقت تک کہ تجھے پھر اُٹھایا جائے۔
صحیح بخاری 6516
علی بن جعد نے ہم سے بیان کیا کہ شعبہ نے ہمیں بتایا۔ اُنہوں نے اعمش سے، اعمش نے مجاہد سے، مجاہد نے حضرت عائشہؓ سے روایت کی۔ آپؓ بیان کرتی تھیں: نبی ﷺ نے فرمایا: جو مر گئے ہوں ان کو برا نہ کہو کیونکہ وہ اپنے کیے کو پہنچ چکے۔