کتاب 45: باب كَيْفَ الْحَشْرُ
صحیح بخاری
صحیح بخاری 6522
مُعَلیَّ بن اسد نے ہم سے بیان کیا کہ وہیب نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے (عبداللہ) بن طاؤس سے، ابن طاؤس نے اپنے باپ سے، اُن کے باپ نے حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے، حضرت ابوہریرہؓ نے نبی ﷺ سے روایت کی۔ آپؐ نے فرمایا: لوگوں کو تین طریقوں سے اکٹھا کرکے لے جایا جائے گا۔ بعضوں کو تو ایسی حالت میں اکٹھا کیا جائے گا کہ وہ خواہش بھی رکھتے ہوں گے اور ڈرتے بھی ہوں گے اور بعض ایک اونٹ پر دو دو ہوں گے اور بعض ایک اونٹ پر تین تین اور بعض ایک اونٹ پر چار چار اور بعض ایک اونٹ پر دس دس اور اُن میں سے جو باقی رہ جائیں گے ان کو تو آگ ہانک کر لے جائے گی جو اُن کے ساتھ جہاں وہ قیلولہ کریں گے قیلولہ کرے گی اور اُن کے ساتھ جہاں وہ رات کو ٹھہریں گے اُن کے ساتھ ٹھہرے گی اور جہاں وہ صبح کو ہوں گے وہ اُن کے ساتھ صبح کو ہوگی اور جہاں وہ شام کو ہوں گے وہ اُن کے ساتھ شام کو ہوگی۔
صحیح بخاری 6523
عبداللہ بن محمد نے ہم سے بیان کیا کہ یونس بن محمد بغدادی نے ہمیں بتایا۔ شیبان نے ہم سے بیان کیا، شیبان نے قتادہ سے روایت کی کہ حضرت انس بن مالک رضی اللہ عنہ نے ہمیں بتایا کہ ایک شخص نے کہا: اے اللہ کے نبی! کافر کو اُس کے منہ کے بل کیونکر ہانک کر لے جایا جائے گا؟ آپؐ نے فرمایا: کیا وہ جس نے اس کو دنیا میں دو پاؤں کے بل چلایا قادر نہیں کہ اُس کو قیامت کے دن اس کے منہ کے بل چلائے؟ قتادہ نے کہا: کیوں نہیں ضرور اور ہمارے ربّ کی عزت کی قسم ہے۔
صحیح بخاری 6524
علی (بن مدینی) نے ہم سے بیان کیا کہ سفیان (بن عیینہ) نے ہمیں بتایا۔ عمرو (بن دینار) نے کہا: میں نے سعید بن جبیر سے سنا۔ (سعید نے کہا:) میں نے حضرت ابن عباسؓ سے سنا۔ (اُنہوں نے کہا:) میں نے نبی ﷺ سے سنا۔ آپؐ فرماتے تھے: تم اللہ سے ملو گے ننگے پاؤں، ننگے بدن، پیدل چلتے ہوئے، بے ختنہ۔ سفیان نے کہا: یہ حدیث بھی انہی حدیثوں میں سے ہے جن کو ہم سمجھتے ہیں کہ حضرت ابن عباسؓ نے نبی ﷺ سے سنا۔
صحیح بخاری 6525
قتیبہ بن سعید نے ہم سے بیان کیا کہ سفیان (بن عیینہ) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے عمرو (بن دینار) سے، عمرو نے سعید بن جبیر سے، سعید نے حضرت ابن عباس رضی اللہ عنہما سے روایت کی۔ اُنہوں نے کہا: میں نے رسول اللہ ﷺ سے سنا۔ آپؐ منبر پر کھڑے لوگوں سے مخاطب تھے۔ فرما رہے تھے: تم اللہ سے ننگے پاؤں، ننگے بدن بے ختنہ ملو گے۔
صحیح بخاری 6526
محمد بن بشار نے مجھ سے بیان کیا کہ غندر نے ہمیں بتایا۔ شعبہ نے ہم سے بیان کیا۔ شعبہ نے مغیرہ بن نعمان سے، مغیرہ نے سعید بن جبیر سے، سعید نے حضرت ابن عباسؓ سے روایت کی اُنہوں نے کہا: نبی ﷺ ہمارے درمیان خطاب کے لیے کھڑے ہوئے۔ آپؐ نے فرمایا: تم ننگے پاؤں، ننگے بدن بے ختنہ اکٹھے کیے جاؤ گے۔ (آپؐ نے یہ آیت پڑھی:) جس طرح ہم نے تمہاری پیدائش کو پہلی دفعہ شروع کیا تھا اُسی طرح پھر اُس کو دوہرائیں گے یہ ہم نے اپنے اوپر لازم کر رکھا ہے۔ ہم ایسا ہی کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔ (اور فرمایا:) قیامت کے دن تمام مخلوق میں سے پہلے جس کو (لباس) پہنایا جائے گا ابراہیمؑ ہوں گے۔ اور ایسا ہوگا کہ میری اُمت میں سے کچھ لوگوں کو لایا جائے گا پھر اُنہیں پکڑ کر بائیں طرف لے جائیں گے۔ میں کہوں گا: اے میرے ربّ! یہ میرے ساتھی ہیں۔ فرمائے گا: تو نہیں جانتا کہ تیرے بعد اِنہوں نے کیا نئی نئی بدعتیں کی ہیں تو میں اُسی طرح کہوں گا جس طرح اس نیک بندے نے کہا تھا۔ اور جب تک میں ان میں (موجود) رہا میں ان کا نگران رہا۔ جب تو نے مجھے وفات دے دی تو تو ہی اُن پر نگران تھا (میں نہ تھا) اور تو ہر چیز پر نگران ہے۔ اگر تو اُنہیں عذاب دینا چاہے تو وہ تیرے بندے ہیں اور اگر تو اُنہیں بخشنا چاہے تو تُو بہت غالب (اور) بڑی حکمتوں والا (خدا) ہے۔ آپؐ فرماتے تھے: پھر کہا جائے گا کہ وہ اپنی ایڑیوں کے بل پھرتے ہی رہے۔
صحیح بخاری 6527
قیس بن حفص نے ہم سے بیان کیا کہ خالد بن حارث نے ہمیں بتایا۔ حاتم بن ابی صغیرہ نے ہم سے بیان کیا۔ حاتم نے عبداللہ بن ابی ملیکہ سے، عبداللہ نے کہا: قاسم بن محمد بن ابی بکر نے مجھ سے بیان کیا کہ حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا بیان کرتی تھیں: رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: ننگے پاؤں، ننگے بدن، بِن ختنہ تمہیں اکٹھا کیا جائے گا۔ حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا بیان کرتی ہیں: میں نے کہا: یا رسول اللہ ! مرد اور عورتیں ایک دوسرے کو دیکھیں گے؟ آپؐ نے فرمایا: وہ حالت اس سے زیادہ سخت ہوگی کہ اُن کو اِس کی فکر ہو۔
صحیح بخاری 6528
محمد بن بشار نے مجھ سے بیان کیا کہ غندر نے ہمیں بتایا۔ شعبہ نے ہم سے بیان کیا۔ شعبہ نے ابواسحاق سے، ابواسحاق نے عمرو بن میمون سے، عمرو نے حضرت عبداللہ (بن مسعودؓ) سے روایت کی۔ اُنہوں نے کہا: ہم نبی ﷺ کے ساتھ ایک بڑے خیمے میں تھے۔ آپؐ نے پوچھا: کیا تم خوش ہو گے کہ جنتیوں میں سے چوتھائی تم ہو؟ ہم نے کہا: ہاں۔ آپؐ نے فرمایا: کیا تم خوش ہو گے کہ جنتیوں میں تہائی تم ہو؟ ہم نے کہا: ہاں۔ آپؐ نے فرمایا: کیا تم خوش ہو گے اس سے کہ جنتیوں میں آدھے تم ہو گے؟ ہم نے کہا: ہاں۔ آپؐ نے فرمایا: اُس ذات کی قسم ہے جس کے ہاتھ میں محمدؐ کی جان ہے میں پختہ اُمید رکھتا ہوں کہ جنتیوں میں آدھے تم ہو گے اور یہ اس لئے کہ جنت میں کوئی داخل نہیں ہوتا مگر وہ نفس جو کامل فرمانبردار ہو۔ اور مشرکوں کے مقابل تم ایسے ہی ہو کہ جیسے سفید بال سیاہ بیل کے جسم میں یا جیسے سیاہ بال لال بیل کے جسم میں۔
صحیح بخاری 6529
اسماعیل نے ہم سے بیان کیا کہ میرے بھائی نے مجھے بتایا۔ اُنہوں نے سلیمان (بن بلال) سے، سلیمان نے ثور (بن زید دیلی) سے، ثور نے ابوالغیث سے، ابوالغیث نے حضرت ابو ہریرہؓ سے روایت کی کہ نبی ﷺ نے فرمایا: پہلے جنہیں قیامت کے دن بلایا جائے گا آدمؑ ہوں گے۔ اُن کی ذریت سامنے دکھائی دے گی اور اُن سے کہا جائے گا یہ تمہارے بابا آدم ہیں اور وہ کہیں گے۔ میں حاضر ہوں اور جو ارشاد ہو اس کے بجا لانے کے لئے تیار ہوں۔ تو اللہ فرمائے گا۔ اپنی ذریت میں سے جہنم کا ایک گروہ نکال۔ آدمؑ کہیں گے: اے ربّ! کتنے نکالوں؟ اللہ تعالیٰ فرمائے گا۔ ننانوے فیصد۔ صحابہ نے (یہ سن کر) کہا: یا رسول اللہ! اگر ہم میں سے ننانوے فیصد کو نکال لیا گیا تو پھر ہم میں سے کیا رہ جائے گا؟ آپؐ نے فرمایا: میری اُمت دوسری اُمتوں کے مقابل ایسی ہے جیسے سفید بال سیاہ بیل میں۔