کتاب 47: باب قَوْلِ اللَّهِ تَعَالَى: {أَلاَ يَظُنُّ أُولَئِكَ أَنَّهُمْ مَبْعُوثُونَ لِيَوْمٍ عَظِيمٍ يَوْمَ يَقُومُ النَّاسُ لِرَبِّ الْعَالَمِينَ}
صحیح بخاری
صحیح بخاری 6531
اسماعیل بن ابان نے ہم سے بیان کیا کہ عیسیٰ بن یونس نے ہمیں بتایا۔ ابن عون نے ہم سے بیان کیا، ابن عون نے نافع سے، نافع نے حضرت ابن عمر رضی اللہ عنہما سے، حضرت ابن عمرؓ نے نبی ﷺ سے روایت کی (کہ یہ جو اللہ تعالیٰ نے فرمایا: جس وقت (تمام) لوگ سب جہانوں کے رب (کا فیصلہ سننے) کے لئے کھڑے ہوں گے۔ آپؐ نے فرمایا: اس سے مراد یہ ہے کہ اُن میں سے ایک اپنے پسینے میں ڈوبا کھڑا ہوگا جو اُس کے آدھے کانوں تک پہنچے گا۔
صحیح بخاری 6532
عبدالعزیز بن عبداللہ نے ہم سے بیان کیا۔ اُنہوں نے کہا سلیمان (بن بلال) نے مجھے بتایا۔ اُنہوں نے ثور بن زید سے، ثور نے ابو الغیث سے، ابوالغیث نے حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت کی کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: قیامت کے روز لوگوں کو اتنا پسینہ آئے گا کہ اُن کا پسینہ زمین میں ستر ہاتھ تک پہنچ جائے گا اور اُن کے منہ تک پہنچتے پہنچتے ان کے کانوں تک پہنچ جائے گا۔