کتاب 52: باب الصِّرَاطُ جَسْرُ جَهَنَّمَ
صحیح بخاری
صحیح بخاری 6573
ابوالیمان نے ہم سے بیان کیا کہ شعیب نے ہمیں بتایا اُنہوں نے زہری سے روایت کی کہ سعید اور عطاء بن یزید نے مجھے خبر دی، کہ حضرت ابوہریرہؓ نے ان دونوں کو نبی ﷺ سے روایت کرتے ہوئے بتایا۔ نیز محمود (بن غیلان) نے مجھ سے بیان کیا کہ عبدالرزاق (بن ہمام) نے ہمیں بتایا۔ معمر نے ہمیں خبر دی، معمر نے زہری سے، زہری نے عطاء بن یزید لیثی سے، عطاء نے حضرت ابوہریرہؓ سے روایت کی۔ وہ کہتے تھے: لوگوں نے کہا: یا رسول اللہ ! کیا قیامت کے دن ہم اپنے ربّ کو دیکھیں گے؟ آپؐ نے فرمایا: کیا تمہیں سورج کے دیکھنے میں تکلیف ہوتی ہے کہ جس کے سامنے کوئی بادل نہ ہو؟ اُنہوں نے کہا: یا رسول اللہ ! نہیں۔ آپؐ نے فرمایا: کیا چودھویں رات کو چاند کے دیکھنے میں تمہیں کچھ تکلیف ہوتی ہے جس کے سامنے کچھ بادل نہ ہو؟ انہوں نے کہا: نہیں یا رسول اللہ۔ آپ نے فرمایا: تم قیامت کے دن اس کو اسی طرح دیکھو گے۔ اللہ (آگ میں) لوگوں کو اکٹھا کرتا جائے گا اور فرمائے گا جو جس چیز کو پوجتا تھا اب اس کے پیچھے ہو لے۔ یہ سن کر جو سورج کی پوجا کرتا تھا وہ سورج کے پیچھے ہو لے گا اور جو چاند کو پوجتا تھا وہ چاند کے پیچھے ہو لے گا اور جو طاغوت کی پوجا کرتا تھا وہ طاغوت کے پیچھے ہو جائے گا اور یہ اُمت باقی رہ جائے گی جن میں منافق بھی ہوں گے۔ تو اللہ ان کے پاس جس صورت میں وہ اس کو پہچانتے تھے اس کے سوا کسی اور صورت میں آئے گا اور فرمائے گا: میں تمہارا رب ہوں۔ وہ کہیں گے: ہم تجھ سے اللہ کی پناہ مانگتے ہیں۔ ہم یہیں رہیں گے جب تک کہ ہمارا ربّ نہ آجائے۔ جب ہمارا ربّ آئے گا تو ہم اس کو پہچان لیں گے۔ پھر اللہ اُن کے پاس اس صورت میں آئے گا جس کو وہ پہچانتے ہوں گے اور وہ کہے گا: میں تمہارا ربّ ہوں وہ کہیں گے تُو ہی ہمارا ربّ ہے اور وہ اس کے ساتھ ہو لیں گے اور جہنم کا پل رکھ دیا جائے گا۔ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: تو میں پہلا ہوں گا جو پار کرے گا۔ اس دن رسولوں کی بھی یہی پکار ہوگی۔ یا اللہ بچانا، یا اللہ بچانا اور اس پل پر ایسے آنکڑے ہوں گے جیسے اونٹ کٹارہ کے کانٹے ہوتے ہیں۔ کیا تم نے اونٹ کٹارہ کے کانٹے نہیں دیکھے؟ اُنہوں نے کہا: یا رسول اللہ ! کیوں نہیں۔ ضرور دیکھے ہیں۔ آپؐ نے فرمایا: تو وہ اونٹ کٹارہ کے کانٹوں کی طرح ہوں گے مگر اتنی بات ہے کہ وہ اس قدر بڑے ہوں گے کہ اللہ ہی جانتا ہے اور وہ آنکڑے لوگوں کو ان کے اعمال کے لحاظ سے اُچکتے جائیں گے۔ اُن میں سے ایسا بھی ہوگا جو اپنے عمل کی وجہ سے ہلاک ہو رہا ہوگا اور اُن میں سے وہ بھی ہو گا جو چھل چھلا کر گرتے گرتے بچ جائے گا۔ جب اللہ اپنے بندوں کے درمیان فیصلہ کرنے سے فارغ ہو جائے گا اور جس کو آگ سے نکالنے کا ارادہ کرے گا یعنی ان لوگوں میں سے جو یہ گواہی دیتے تھے کہ اللہ کے سوا کوئی معبود نہیں تو وہ ملائکہ کو حکم دے گا کہ ان کو نکالیں اور وہ ان کو سجدوں کے نشانوں سے پہچان لیں گے اور اللہ نے آگ پر یہ حرام کر دیا ہے کہ وہ ابن آدم میں سجدے کے نشان کو جلائے۔ فرشتے اُن کو نکالیں گے، وہ جل کر کوئلہ ہو چکے ہوں گے اس لئے ان پر وہ پانی ڈالا جائے گا جسے آب حیات کہتے ہیں اور وہ اس طرح نشوونما پائیں گے جیسے دانہ سیلاب کے کوڑا کرکٹ میں نشوونما پاتا ہے اور ایک شخص باقی رہ جائے گا جو آگ کی طرف اپنا منہ کئے ہوئے ہوگا وہ کہے گا: اے میرے ربّ! اس کی بدبو نے مجھے پریشان کر دیا ہے اور اس کی لپٹ نے مجھے جلا دیا ہے میرے منہ کو آگ سے پھیر دے اور وہ اللہ سے یہی دعا کرتا رہے گا اور وہ فرمائے گا: شاید اگر تمہاری مان لوں تو تم مجھ سے اس کے سوا اور کچھ مانگو۔ وہ کہے گا: نہیں۔ تیری ہی عزت کی قسم میں اس کے سوا تجھ سے کچھ نہیں مانگوں گا اور وہ آگ سے اس کے منہ کو پھیر دے گا۔ پھر وہ اس کے بعد کہے گا: اے میرے ربّ! مجھے جنت کے دروازے کے قریب کر دے۔ ربّ کہے گا: کیا تم نے یہ نہیں کہا تھا کہ اس کے سوا تم مجھ سے کچھ نہیں مانگو گے؟ افسوس تجھ پر ابن آدم، کتنے دغا باز ہو تم اور وہ اللہ سے یہی مانگتا رہے گا۔ اور اللہ فرمائے گا: شاید اگر میں تمہاری یہ مان لوں تو تم اس کے سوا کچھ اور مجھ سے مانگو گے۔ وہ کہے گا: تجھے تیری ہی عزت کی قسم اس کے سوا کچھ اور میں تجھ سے نہیں مانگوں گا اور وہ اللہ سے بڑے بڑے عہد اور اقرار کرے گا کہ وہ اس سے اس کے سوا کچھ اور نہیں مانگے گا اور وہ اس کو جنت کے دروازے کے قریب کر دے گا۔ جو کچھ کہ اس میں ہوگا، جب وہ دیکھے گا تو جب تک اللہ چاہے گا کہ وہ خاموش رہے وہ خاموش رہے گا۔ پھر اس کے بعد وہ کہے گا: اے میرے ربّ! مجھے جنت میں داخل کر دے۔ پھر اللہ فرمائے گا: کیا تم نے یہ نہیں کہا تھا کہ تم مجھ سے اس کے سوا کچھ اور نہیں مانگو گے؟ افسوس تم پر ابن آدم کتنے ہی دغا باز ہو تم اور وہ کہے گا: اے میرے ربّ! اپنی مخلوقات میں سے مجھے سب سے بدنصیب نہ بنا اور وہ بار بار یہی دعا کرتا رہے گا یہاں تک کہ اللہ ہنس پڑے گا اور جب وہ اس کی حالت کو دیکھ کر ہنس پڑے گا تو جنت میں جانے کی اس کو اجازت دے دے گا اور جب وہ اس کے اندر جائے گا تو اسے کہا جائے گا یہ یہ آرزو کر اور وہ آرزو کرے گا۔ پھر اس سے کہا جائے گا یہ بھی آرزو کر اور وہ آرزو کرے گا۔ یہاں تک کہ اس کی تمام آرزوئیں ختم ہو جائیں گی تو اللہ اس سے کہے گا: یہ سب آرزوئیں تمہارے لئے پوری کی گئی ہیں اور اتنی ہی اور۔ حضرت ابوہریرہؓ نے کہا اور یہ وہ شخص ہے جو جنتیوں میں سے سب سے آخر میں داخل ہوگا۔
صحیح بخاری 6574
عطاء )بن یزید( کہتے تھے (کہ جب حضرت ابوہریرہؓ نے یہ حدیث بیان کی تو) حضرت ابوسعید خدریؓ حضرت ابوہریرہؓ کے ساتھ بیٹھے ہوئے تھے۔ وہ اُن کے اس بیان میں اُن کے خلاف کوئی اور بات نہیں کہتے تھے یہاں تک کہ جب وہ اپنی اس بات پر پہنچے کہ یہ سب تمہارے لئے پوری کی گئیں اور اُن کے ساتھ اتنی ہی اور بھی۔ تو حضرت ابوسعیدؓ نے کہا: میں نے رسول اللہ ﷺ کو یوں فرماتے سنا۔ یہ سب تمہارے لئے پوری کی گئیں اور ویسی ہی دس گنا اور حضرت ابوہریرہؓ نے کہا: میں نے تو یہ یاد رکھا ہے اُن کے ساتھ اتنی ہی اور۔