کتاب 53: باب فِي الْحَوْضِ
صحیح بخاری
صحیح بخاری 6575
یحيٰ بن حماد نے مجھ سے بیان کیا کہ ابو عوانہ نے ہمیں بتایا۔ اُنہوں نے سلیمان (اعمش) سے، سلیمان نے شقیق سے، شقیق نے حضرت عبد اللہ (بن مسعودؓ) سے، اُنہوں نے نبی ﷺ سے روایت کی کہ میں حوض پر تمہارا پیش رَو ہوں گا۔
صحیح بخاری 6576
نیز مجھ سے عمرو بن علی نے بیان کیا کہ ہمیں محمد بن جعفر نے بتایا کہ شعبہ نے ہم سے بیان کیا کہ مغیرہ سے مروی ہے۔ اُنہوں نے کہا: میں نے ابووائل سے سنا۔ اُنہوں نے حضرت عبداللہ (بن مسعود) رضی اللہ عنہ سے، حضرت عبداللہؓ نے نبی ﷺ سے روایت کی آپؐ نے فرمایا: میں حوض پر تمہارا پیش رَو ہوں گا اور تم میں سے کچھ لوگ وہاں لائے جائیں گے۔ پھر اُنہیں (میری مرضی کے بغیر) مجھ سے پرے ہٹا دیا جائے گا۔ میں کہوں گا: اے میرے ربّ! یہ میرے ساتھی ہیں۔ تو وہ فرمائے گا: تم نہیں جانتے اِنہوں نے تیرے بعد کیا کچھ نئی نئی بدعات کیں۔ اس حدیث کو (اعمش کی طرح) عاصم نے بھی ابووائل سے روایت کیا اور حصین (بن عبدالرحمٰن) نے بھی ابووائل سے نقل کیا۔ ابووائل نے حضرت حذیفہؓ سے، حضرت حذیفہؓ نے نبی ﷺ سے روایت کیا۔
صحیح بخاری 6577
مسدد نے ہم سے بیان کیا کہ یحيٰ (بن سعید) نے ہمیں بتایا۔ اُنہوں نے عبیداللہ سے روایت کی کہ نافع نے مجھ سے بیان کیا۔ نافع نے حضرت ابن عمر رضی اللہ عنہما سے، حضرت ابن عمرؓ نے نبی ﷺ سے روایت کی آپؐ نے فرمایا: تمہارے آگے ایک حوض ہے اتنا ہی بڑا کہ جتنا جَرْبَاء اور اذْرُح کے درمیان ہے۔
صحیح بخاری 6578
عمرو بن محمد نے مجھ سے بیان کیا کہ ہشیم نے ہمیں بتایا۔ ابوبشر اور عطاء بن سائب نے ہمیں خبر دی۔ اُن دونوں نے سعید بن جبیر سے، سعید نے حضرت ابن عباس رضی اللہ عنہما سے روایت کی۔ اُنہوں نے کہا: کوثر سے مراد وہ خیر کثیر ہے جو اللہ نے آپؐ کو عطاء کیا۔ ابوبشر کہتے تھے: میں نے سعید سے کہا کہ کچھ لوگ خیال کرتے ہیں کہ وہ ایک دریا ہے جو جنّت میں ہوگا۔ سعید نے کہا: وہ دریا جو جنت میں ہوگا وہ اُسی خیر کثیر میں سے ہے جو اللہ نے آپؐ کو عطا کیا۔
صحیح بخاری 6579
سعید بن ابی مریم نے ہم سے بیان کیا کہ نافع بن عمر نے ہمیں بتایا۔ اُنہوں نے ابن ابی ملیکہ سے روایت کی۔ اُنہوں نے کہا: حضرت عبداللہ بن عمروؓ کہتے تھے: نبی ﷺ نے فرمایا: میرا حوض ایک مہینہ کی مسافت ہے اس کا پانی دودھ سے بھی زیادہ سفید ہے اور اس کی خوشبو مشک سے بھی زیادہ عمدہ ہے اور اس کے آبخورے آسمان کے ستاروں کی طرح ہیں۔ جس نے اُن سے پیا وہ کبھی پیاسا نہ ہوگا۔
صحیح بخاری 6580
سعید بن عفیر نے ہم سے بیان کیا۔ اُنہوں نے کہا: ابن وہب نے مجھے بتایا۔ اُنہوں نے یونس سے روایت کی۔ ابن شہاب نے کہا: حضرت انس بن مالک رضی اللہ عنہ نے مجھے بتایا کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: میرا حوض اس قدر بڑا ہے کہ جتنا ایلہ اور صنعاء کے درمیان فاصلہ ہے جو یمن میں ہے اور اس میں اتنے آبخورے ہیں جتنے آسمان کے ستاروں کی گنتی۔
صحیح بخاری 6581
ابوالولید نے ہم سے بیان کیا کہ ہمام نے ہمیں بتایا۔ اُنہوں نے قتادہ سے، قتادہ نے حضرت انسؓ سے، حضرت انسؓ نے نبی ﷺ سے روایت کی۔ نیز ہدبہ بن خالد نے ہم سے بیان کیا کہ ہمام نے ہمیں بتایا۔ قتادہ نے ہم سے بیان کیا، حضرت انس بن مالکؓ نے ہمیں بتایا۔ حضرت انسؓ نے نبی ﷺ سے روایت کی۔ آپؐ نے فرمایا: میں جنّت میں چلا جا رہا تھا اتنے میں میں اپنے آپ کو دریا کے کنارے پر دیکھتا ہوں اس کے دونوں کناروں پر خولدار موتیوں کے گنبد تھے۔ میں نے پوچھا: جبریلؑ! یہ کیا ہے؟ اُنہوں نے کہا: یہی وہ کوثر ہے جو تمہارے ربّ نے تمہیں دیا۔ کیا دیکھتا ہوں کہ اس کی مٹی یا کہا اس کی خوشبو تیز مشک کی ہے۔ ہدبہ نے شک کیا کہ مٹی کہا یا خوشبو۔
صحیح بخاری 6582
مسلم بن ابراہیم نے ہم سے بیان کیا کہ وہیب نے ہمیں بتایا۔ عبدالعزیز نے ہم سے بیان کیا۔ عبدالعزیز نے حضرت انسؓ سے، حضرت انسؓ نے نبی ﷺ سے روایت کی۔ آپؐ نے فرمایا: میرے ساتھیوں میں سے کچھ لوگ میرے پاس حوض پر پانی پینے کے لئے آئیں گے اور جب میں اُن کو پہچان لوں گا تو اسی وقت انہیں باوجود میرے نہ چاہنے کے ہٹا دیا جائے گا۔ میں کہوں گا میرے ساتھی ہیں تو اللہ تعالیٰ فرمائے گا: تو نہیں جانتا اِنہوں نے تیرے بعد کیا کچھ نئی نئی بدعتیں کیں۔
صحیح بخاری 6583
سعید بن ابی مریم نے ہم سے بیان کیا کہ محمد بن مطرف نے ہمیں بتایا۔ ابو حازم نے مجھ سے بیان کیا۔ اُنہوں نے حضرت سہل بن سعدؓ سے روایت کی۔ اُنہوں نے کہا: نبی ﷺ نے فرمایا: میں حوض (کوثر) پر تمہارا پیش رَو ہوں گا جو میرے پاس آیا اس نے اس سے پیا اور جس نے اس سے پیا اس کے بعد وہ کبھی بھی پیاسا نہ ہوا۔ کچھ لوگ ایسے ہی میرے پاس پینے کے لئے آئیں گے جنہیں میں پہچان لوں گا اور وہ مجھے پہچانتے ہوں گے۔ پھر میرے اور ان کے درمیان روک ڈال دی جائے گی۔
صحیح بخاری 6584
ابو حازم نے کہا: نعمان بن ابی عیاش نے مجھ سے سنا اور پوچھا، کیا اس طرح تم نے حضرت سہلؓ سے سنا؟ میں نے کہا: ہاں۔ نعمان نے کہا اور میں حضرت ابو سعید خدریؓ کے متعلق شہادت دیتا ہوں کہ میں نے ان سے (یہ حدیث) سنی وہ اس میں اتنا بڑھاتے تھے کہ میں کہوں گا یہ لوگ مجھ سے تعلق رکھتے ہیں۔ تو کہا جائے گا: تو نہیں جانتا اِنہوں نے تیرے بعد کیا کچھ نئی نئی بدعات کیں۔ میں کہوں گا: وہ شخص مجھ سے دور ہو جائے دور ہو جائے، جس نے میرے بعد ہی (دین کو) بدل دیا۔ حضرت ابنِ عباسؓ نے کہا سُحْقًا کے معنے ہیں دوری۔ سَحِيقٌ جو کہا جاتا ہے اس سے مراد ہے بَعِيدٌ یعنی دوری۔ سَحَقَهُ اور أَسْحَقَهُ کا مطلب ہے اُسے دور کیا۔
صحیح بخاری 6585
احمد بن شبیب بن سعید حبطی نے کہا، میرے باپ نے ہمیں بتایا۔ اُنہوں نے یونس سے، یونس نے ابنِ شہاب سے، ابنِ شہاب نے سعید بن مسیب سے، سعید نے حضرت ابو ہریرہؓ سے روایت کی کہ وہ بیان کرتے تھے نبی ﷺ نے فرمایا قیامت کے دن میرے صحابہ میں سے ایک جماعت میرے پاس آئے گی۔ پھر وہ حوض سے دور کر دیئے جائیں گے۔ میں عرض کروں گا اے میرے رب یہ تو میرے صحابہ ہیں اللہ تعالیٰ فرمائے گا کہ تمہیں معلوم نہیں کہ انہوں نے تمہارے بعد کیا کیا نئی چیزیں گھڑ لی تھیں۔ یہ لوگ (دین سے) اُلٹے قدموں واپس لوٹ گئے تھے۔
صحیح بخاری 6586
وَقَالَ شُعَيْبٌ عَنِ الزُّهْرِيِّ كَانَ أَبُو هُرَيْرَةَ يُحَدِّثُ عَنِ النَّبِيِّ صلى الله عليه وسلم فَيُجْلَوْنَ. وَقَالَ عُقَيْلٌ فَيُحَلَّئُونَ. وَقَالَ الزُّبَيْدِيُّ عَنِ الزُّهْرِيِّ عَنْ مُحَمَّدِ بْنِ عَلِيٍّ عَنْ عُبَيْدِ اللَّهِ بْنِ أَبِي رَافِعٍ عَنْ أَبِي هُرَيْرَةَ عَنِ النَّبِيِّ صلى الله عليه وسلم.
ہم سے احمد بن صالح نے بیان کیا (انہوں نے کہا) ہم سے ابن وہب نے بیان کیا انہوں نے کہا کہ مجھے یونس نے خبر دی انہیں ابن شہاب نے انہیں ابن مسیب نے وہ نبی ﷺ کے صحابہ سے روایت کرتے تھے کہ آنحضرت ﷺ نے فرمایا حوض پر میرے صحابہ کی ایک جماعت میرے پاس آئے گی۔ پھر انہیں اس سے دور کر دیا جائے گا میں عرض کروں گا میرے ربّ! یہ تو میرے صحابہ ہیں اللہ تعالیٰ فرمائے گا کہ تمہیں معلوم نہیں کہ انہوں نے تمہارے بعد کیا کیا نئی چیزیں ایجاد کر لی تھیں۔ یہ الٹے پاؤں (اسلام سے) واپس لوٹ گئے تھے۔ اور شعیب نے زُہری سے روایت کرتے ہوئے کہا کہ حضرت ابو ہریرہؓ نبی ﷺ سے روایت کرتے ہوئے بیان کرتے تھے کہ اُنہیں الگ کر دیا جائے گا۔ اور عُقَیل نے کہا فَيُحَلَّئُونَ یعنی اُنہیں روک دیا جائے گا۔ اور زبیدی نے کہا: زُہری سے مروی ہے۔ زُہری نے محمد بن علی سے، محمد نے عبید اللہ بن ابی رافع سے، اُنہوں نے حضرت ابو ہریرہؓ سے، اُنہوں نے نبی ﷺ سے روایت کی۔
صحیح بخاری 6587
ابراہیم بن منذر حِزامی نے مجھ سے بیان کیا کہ محمد بن فلیح نے ہمیں بتایا۔ میرے باپ نے ہمیں بتایا۔ اُنہوں نے کہا: ہلال (بن ابی میمونہ) نے مجھے بتایا۔ ہلال نے عطاء بن یسار سے، عطاء نے حضرت ابوہریرہؓ سے، حضرت ابوہریرہؓ نے نبی ﷺ سے روایت کی۔ آپؐ نے فرمایا: میں کھڑا ہی تھا کہ اتنے میں ایک گروہ میرے سامنے آیا۔ جب میں نے اُن کو پہچان لیا تو ایک شخص میرے اور اُن کے درمیان سے نکلا۔ کہنے لگا: ادھر آؤ۔ میں نے کہا: کہاں؟ اُس نے کہا: آگ کی طرف۔ میں نے کہا: بخدا اُنہوں نے کیا کیا ؟ اُس نے کہا: وہ تو تمہارے بعد پیٹھ پھیرتے اُلٹے پاؤں مرتد ہو گئے۔ پھر ایک گروہ میرے سامنے آیا۔ جب میں نے اُن کو پہچان لیا تو ایک شخص میرے اور اُن کے درمیان سے نکلا۔ کہنے لگا: ادھر آؤ۔ میں نے کہا: کہاں؟ اُس نے کہا: آگ کی طرف۔ میں نے کہا: بخدا اُنہوں نے کیا کیا ؟ اُس نے کہا: وہ تو تمہارے بعد پیٹھ پھیرتے اُلٹے پاؤں مرتد ہو گئے۔ میں نہیں سمجھتا کہ ان میں سے کوئی بچے گا مگر ایسے ہی جیسے کوئی شتر بے مہار بچ نکلے۔
صحیح بخاری 6588
ابراہیم بن منذر نے مجھ سے بیان کیا کہ انس بن عیاض نے ہمیں بتایا۔ اُنہوں نے عبیداللہ (عمری) سے، عبیداللہ نے خبیب (بن عبدالرحمٰن) سے، خبیب نے حفص بن عاصم سے، حفص نے حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت کی کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: میرے گھر اور میرے منبر کے درمیان جنت کے باغات میں سے ایک باغ ہے اور میرا منبر میرے حوض پر ہے۔
صحیح بخاری 6589
عبدان نے ہم سے بیان کیا کہ میرے باپ نے مجھے بتایا۔ اُنہوں نے شعبہ سے، شعبہ نے عبدالملک (بن عمیر) سے روایت کی۔ اُنہوں نے کہا: میں نے حضرت جندبؓ سے سنا۔ وہ کہتے تھے: میں نے نبی ﷺ سے سنا آپؐ فرماتے تھے: میں حوض پر تمہارا پیش رَو ہوں گا۔
صحیح بخاری 6590
عمرو بن خالد نے ہم سے بیان کیا کہ لیث نے ہمیں بتایا۔ اُنہوں نے یزید (بن ابی حبیب) سے، یزید نے ابوالخیر سے، ابوالخیر نے حضرت عُقبہ رضی اللہ عنہ سے روایت کی کہ نبی صلی اللہ علیہ وسلم ایک دن باہر آئے اور اُحد والوں کا جنازہ اُسی طرح پڑھا جس طرح کہ آپؐ میت کا جنازہ پڑھا کرتے تھے۔ پھر فارغ ہو کر منبر کی طرف لوٹے اور فرمایا: میں تمہارا پیش رو ہوں اور میں تمہارا گواہ ہوں اور بخدا میں اَب بھی اپنے حوض کو دیکھ رہا ہوں اور مجھے زمین کے خزانوں کی چابیاں یا فرمایا: زمین کی چابیاں دی گئی ہیں اور مجھے بخدا تمہارے متعلق یہ ڈر نہیں کہ تم میرے بعد مشرک ہو جاؤ گے مگر تمہارے متعلق یہ ڈر ہے کہ کہیں ایک دوسرے سے بڑھ کر دنیا کی لالچ میں نہ پڑ جاؤ۔
صحیح بخاری 6591
علی بن عبداللہ نے ہم سے بیان کیا کہ حرمی بن عُمارہ نے ہمیں بتایا۔ شعبہ نے ہم سے بیان کیا۔ شعبہ نے معبد بن خالد سے روایت کی۔ انہوں نے حضرت حارثہ بن وہبؓ سے سنا۔ وہ کہتے تھے: میں نے نبی ﷺ سے سنا آپؐ نے حوض کا ذکر کیا فرمایا۔ اتنا ہی ہے جتنا مدینہ اور صنعاء کے درمیان فاصلہ ہے۔
صحیح بخاری 6592
اور ابن ابی عدی نے شعبہ سے، شعبہ نے معبد بن خالد سے، معبد نے حضرت حارثہ (بن وہبؓ) سے روایت کرتے ہوئے اتنا بڑھایا کہ انہوں نے نبی ﷺ سے آپ کی یہ بات سنی کہ آپؐ کا حوض اتنا ہے جتنا صنعاء اور مدینہ کے درمیان فاصلہ ہے۔ تو حضرت مستوردؓ نے اُن سے کہا: کیا تم نے آنحضرت ﷺ سے یہ نہیں سنا کہ برتنوں کا بھی ذکر کیا ہو؟ اُنہوں نے کہا: نہیں۔ حضرت مستوردؓ نے کہا: اس حدیث میں تو یہ بھی تھا کہ برتن ستاروں کی طرح ہوں گے۔
صحیح بخاری 6593
سعید بن ابی مریم نے ہم سے بیان کیا۔ اُنہوں نے نافع بن عمر سے روایت کی۔ اُنہوں نے کہا: ابن ابی ملیکہ نے مجھے بتایا۔ ابن ابی ملیکہ نے حضرت اسماء بنت ابی بکر رضی اللہ عنہما سے روایت کی۔ وہ کہتی تھیں: نبی ﷺ نے فرمایا: میں حوض پر ہوں گا اور جو تم میں سے میرے پاس (پانی پینے کے لئے) آئیں گے ان کو دیکھتا رہوں گا اور کچھ لوگوں کو میرے سامنے سے پکڑ کر لے جائیں گے۔ میں کہوں گا: اے میرے ربّ! یہ میرے ہیں اور میری اُمّت میں سے ہیں۔ تو کہا جائے گا: کیا تمہیں علم ہوا جو انہوں نے تمہارے بعد کیا؟ اللہ کی قسم وہ اپنی ایڑیوں کے بل پھرتے رہے۔ (یہ حدیث بیان کرکے) ابن ابی ملیکہ یہ دعا کیا کرتے تھے۔ اے اللہ! ہم تیری پناہ لیتے ہیں اس سے کہ ہم اپنی ایڑیوں کے بل پھر جائیں یا ہمیں اپنے دین سے بہکا یا جائے۔ یہ جو سورة مؤمنون میں ہے عَلَى اَعْقَابِكُمْ تَنْكِصُوْنَ اس کے معنی ہیں ایڑیوں کے بل اُلٹے پھرتے ہیں۔