کتاب 82: كتاب القدر
صحیح بخاری
صحیح بخاری 6594
ابوالولید ہشام بن عبدالملک نے ہم سے بیان کیا کہ شعبہ نے ہمیں بتایا۔ سلیمان اعمش نے ہمیں خبر دی۔ انہوں نے کہا: میں نے زید بن وہب سے سنا۔ زید نے حضرت عبداللہ (بن مسعودؓ) سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: رسول اللہ ﷺ نے ہم سے بیان کیا اور آپؐ سچے تھے اور سچ ہی آپؐ سے کہا گیا۔ آپؐ نے فرمایا: تم میں سے ایک کے اجزاء کو ماں کے پیٹ میں چالیس دن تک اکٹھا کیا جاتا ہے۔ پھر اتنی ہی مدت میں علقہ بنتا ہے۔ پھر اتنی ہی مدت میں مضغہ بنتا ہے۔ پھر اللہ فرشتہ بھیجتا ہے اور اسے چار باتوں کا حکم دیا جاتا ہے۔ اس کے رزق اور اس کی عمر کے متعلق اور آیا وہ بدبخت ہوگا یا نیک بخت۔ پھر اُس میں روح پھونکی جاتی ہے۔ اللہ کی قسم تم میں سے کوئی شخص یا کہا کوئی آدمی دوزخیوں کے کام کرتا رہتا ہے یہاں تک کہ اس کے اور دوزخ کے درمیان صرف ایک باع یا کہا ایک ہاتھ فاصلہ رہ جاتا ہے تو اس کا نوشتہ اس پر چل جاتا ہے اور وہ جنتیوں کے کام کرتا ہے اور جنت میں داخل ہو جاتا ہے اور کوئی آدمی جنتیوں کے کام کرتا رہتا ہے یہاں تک کہ اس کے اور جنت کے درمیان صرف ایک ہاتھ یا دو ہاتھ رہ جاتے ہیں کہ نوشتہ اس پر چل جاتا ہے اور وہ دوزخیوں کے کام کرتا ہے اور دوزخ میں چلا جاتا ہے۔ آدم (راوی) نے بجائے (غَيْرُ ذِرَاعٍ) کے إِلَّا ذِرَاعٌ کہا۔
صحیح بخاری 6595
سلیمان بن حرب نے ہم سے بیان کیا کہ حماد (بن زید) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے عبیداللہ بن ابی بکر بن انس سے، عبیداللہ نے حضرت انس بن مالک رضی اللہ عنہ سے، حضرت انسؓ نے نبی ﷺ سے روایت کی۔ آپؐ نے فرمایا: اللہ نے رحم پر ایک فرشتہ مقرر کیا ہے اور وہ کہتا جاتا ہے۔ اے ربّ! اب یہ نطفہ ہے۔ اے ربّ! اب یہ علقہ ہے۔ اے ربّ! اب یہ مضغہ ہے اور اگر اللہ نے چاہا کہ اس کی پیدائش کو مکمل کرے تو وہ فرشتہ پوچھتا ہے۔ اے میرے ربّ! مرد ہو یا عورت، آیا بدبخت ہو یا نیک بخت اور اس کا رزق کیا ہو اور عمر کیا ہو تو اسی طرح اس کی ماں کے پیٹ میں لکھ دیا جاتا ہے۔
صحیح بخاری 6596
آدم نے ہم سے بیان کیا کہ شعبہ نے ہمیں بتایا۔ یزید رِشک نے ہم سے بیان کیا۔ یزید نے کہا: میں نے مطرف بن عبداللہ بن شخیر سے سنا۔ وہ حضرت عمران بن حصین ؓ سے بیان کرتے تھے کہ وہ کہتے تھے: ایک شخص نے کہا: یا رسول اللہ! کیا جنتیوں کو جہنمیوں سے پہچان لیا جائے گا؟ آپؐ نے فرمایا: ہاں۔ اس نے کہا: پھر عمل کرنے والے کیوں عمل کرتے ہیں؟ آپؐ نے فرمایا: ہر ایک اس کے موافق کام کر رہا ہے جس کے لئے وہ پیدا کیا گیا، یا (فرمایا:) جس کے لئے اسے توفیق دی جاتی ہے۔
صحیح بخاری 6597
محمد بن بشار نے ہم سے بیان کیا کہ غندر نے ہمیں بتایا۔ شعبہ نے ہم سے بیان کیا۔ شعبہ نے ابوبشر (جعفر بن ابی وحشیہ) سے، ابوبشر نے سعید بن جبیر سے، سعید نے حضرت ابن عباس رضی اللہ عنہما سے روایت کی۔ اُنہوں نے کہا: نبی ﷺ سے مشرکوں کی اولاد کے متعلق پوچھا گیا تو آپؐ نے فرمایا: اللہ بہتر جانتا ہے جو وہ کرنے والے تھے۔
صحیح بخاری 6598
یحيٰ بن بکیر نے ہم سے بیان کیا کہ لیث نے ہمیں بتایا۔ اُنہوں نے یونس سے، یونس نے اِبن شہاب سے روایت کی۔ اُنہوں نے کہا: اور عطاء بن یزید نے مجھے بتایا کہ اُنہوں نے حضرت ابوہریرہؓ سے سنا۔ وہ کہتے تھے: رسول اللہ ﷺ سے مشرکوں کی اولاد کے متعلق پوچھا گیا۔ آپؐ نے فرمایا: اللہ بہتر جانتا ہے جو وہ عمل کرنے والے تھے۔
صحیح بخاری 6599
اسحاق بن ابراہیم نے ہمیں خبر دی کہ عبدالرزاق نے ہمیں بتایا کہ معمر (بن راشد) نے ہمیں خبر دی۔ معمر نے ہمام (بن منبہ) سے، ہمام نے حضرت ابوہریرہؓ سے روایت کی۔ اُنہوں نے کہا: رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: کوئی بھی ایسا بچہ نہیں جو فطرت پر پیدا نہ ہوتا ہو پھر اس کے ماں باپ ہی اس کو یہودی یا نصرانی بنا دیتے ہیں۔ (وہ اسی طرح پیدا کئے جاتے ہیں) جس طرح تم چوپائے سے نسل پیدا کرتے ہو۔ کیا تم ان چوپایوں میں کوئی کن کٹا بھی پاتے ہو؟ تمہی تو اُن کے کان کاٹتے ہو۔
صحیح بخاری 6600
اُنہوں نے کہا: یا رسول اللہ! بھلا بتلائیں تو سہی جو ایسی حالت میں مر جائے کہ ابھی چھوٹا ہی ہو؟ آپؐ نے فرمایا: اللہ بہتر جانتا ہے جو وہ کرنے والے تھے۔
صحیح بخاری 6601
عبداللہ بن یوسف نے ہم سے بیان کیا کہ مالک نے ہمیں بتایا۔ اُنہوں نے ابوزناد سے، ابوزناد نے اعرج سے، اعرج نے حضرت ابو ہریرہؓ سے روایت کی۔ اُنہوں نے کہا: رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: کوئی عورت اپنی بہن کی طلاق کا سوال نہ اُٹھائے تا کہ اس کی رکابی بھی اپنی رکابی میں انڈیل لے اور وہ نکاح کر لے کیونکہ اس کے لئے وہی ہے جو اس کے لئے مقدر کیا گیا۔
صحیح بخاری 6602
مالک بن اسماعیل نے ہم سے بیان کیا کہ اسرائیل نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے عاصم (بن سلیمان) سے، عاصم نے ابوعثمان سے، ابوعثمان نے حضرت اُسامہؓ سے روایت کی۔ اُنہوں نے کہا: میں نبی ﷺ کے پاس تھا کہ اتنے میں آپؐ کے پاس آپؐ کی ایک بیٹی کا قاصد آیا کہ اُن کا بیٹا نزع کی حالت میں ہے۔ اور اس وقت آپؐ کے پاس حضرت سعد (بن عبادہؓ)، حضرت اُبَیّ بن کعبؓ اور حضرت معاذ (بن جبلؓ) بیٹھے ہوئے تھے تو آپؐ نے ان کو کہلا بھیجا۔ اللہ ہی کے لئے ہے جو وہ لے اور اللہ ہی کے لئے ہے جو وہ دے۔ ہر چیز کی ایک مدت مقرر ہے اس لئے چاہیے کہ وہ صبر کرے اور اللہ کی رضا مندی حاصل کرے۔
صحیح بخاری 6603
حبان بن موسیٰ نے ہم سے بیان کیا کہ عبداللہ (بن مبارک) نے ہمیں بتایا۔ یونس (بن یزید) نے ہمیں خبر دی۔ یونس نے زہری سے، زہری نے کہا: مجھے عبداللہ بن محیریز جمحی نے بتایا کہ حضرت ابو سعید خدریؓ نے انہیں بتایا کہ وہ ایک بار نبی ﷺ کے پاس بیٹھے ہوئے تھے اتنے میں ایک انصاری شخص آیا اور کہنے لگا: یا رسول اللہ ! ہمیں قیدی (عورتیں) ملتی ہیں اور ہم مال پسند کرتے ہیں تو آپؐ کی عزل کرنے کے متعلق کیا رائے ہے؟ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: کیا تم ایسا کرتے ہو ؟ اگر تم ایسا نہ کرو تب بھی تمہیں کچھ حرج نہیں۔ کیونکہ جو جان بھی اللہ نے مقرر کردی ہے کہ وہ پیدا ہو تو وہ ضرور ہو کر رہے گی۔
صحیح بخاری 6604
موسیٰ بن مسعود نے ہم سے بیان کیا کہ سفیان (ثوری) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے اعمش سے، اعمش نے ابووائل سے، ابووائل نے حضرت حذیفہ رضی اللہ عنہ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: نبی ﷺ نے ہمیں مخاطب کرکے ایک ایسی تقریر فرمائی کہ جس میں آپؐ نے کوئی بات بھی نہیں چھوڑی جو اس گھڑی کے قائم ہونے تک ہونے والی تھی مگر آپؐ نے اس کا ذکر کر دیا، اس کو سمجھ گئے جو سمجھ گئے اور اسے نہ سمجھا جنہوں نے نہ سمجھا۔ کسی بات کو میں سمجھتا کہ میں بھول گیا ہوں تو پھر میں اسے پہچان لیتا۔ اسی طرح جس طرح پر کوئی شخص کسی کو پہچانتا ہوتا ہے جب وہ اس سے غائب ہو اور پھر اسے دیکھ کر پہچان لیتا ہے۔
صحیح بخاری 6605
عبدان نے ہم سے بیان کیا۔ انہوں نے ابو حمزہ سے، ابو حمزہ نے اعمش سے، اعمش نے سعد بن عبیدہ سے، سعد نے ابو عبدالرحمٰن سُلمی سے، اُنہوں نے حضرت علی رضی اللہ عنہ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: ہم نبی ﷺ کے پاس بیٹھے ہوئے تھے اور آپؐ کے پاس ایک چھڑی تھی جس کو آپؐ زمین پر آہستہ آہستہ مار رہے تھے۔ پھر آپؐ نے سر جھکا لیا اور فرمایا: تم میں سے کوئی بھی ایسا نہیں جس کا ٹھکانہ آگ یا جنت میں مقرر نہ کر دیا گیا ہو تو لوگوں میں سے ایک شخص کہنے لگا: یا رسول اللہ ! کیا ہم بھروسہ نہ کریں۔ آپؐ نے فرمایا: نہیں۔ عمل کئے جاؤ ہر ایک کے لئے آسانی کی گئی ہے پھر آپؐ نے یہ آیت پڑھی: پس جس نے (خدا کی راہ میں) دیا اور تقویٰ اختیار کیا۔
صحیح بخاری 6606
حبان بن موسیٰ نے ہم سے بیان کیا کہ عبداللہ (بن مبارک) نے ہمیں بتایا۔ معمر نے ہمیں خبر دی۔ معمر نے زہری سے، زہری نے سعید بن مسیب سے، سعید نے حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: ہم خیبر میں رسول اللہ ﷺ کے ساتھ تھے رسول اللہ ﷺ نے ایک شخص کے متعلق جو اسلام کا دعویٰ رکھتا تھا اور اُن لوگوں میں سے تھا جو آپؐ کی معیت میں تھے، فرمایا: یہ شخص دوزخیوں میں سے ہے۔ جب لڑائی شروع ہوئی تو وہ شخص نہایت سختی سے لڑا، اور اُسے بہت زخم لگے جنہوں نے اس کو ہلنے نہ دیا۔ اتنے میں نبی ﷺ کے صحابہ میں سے ایک شخص آیا اور کہنے لگا: یا رسول اللہ ! آپؐ نے دیکھا اس شخص کو جس کے متعلق آپؐ نے بتایا تھا کہ وہ جہنمیوں میں سے ہے؟ اللہ کی راہ میں نہایت سختی سے لڑا اور اُسے بہت زخم لگے۔ نبی ﷺ نے فرمایا: کچھ ہو وہ دوزخیوں میں سے ہے۔ (یہ سن کر) قریب تھا کہ بعض مسلمان شک میں پڑ جاتے۔ ابھی وہ یہی باتیں کر رہا تھا کہ اس شخص نے زخموں کی درد کو محسوس کیا تو اس نے اپنا ہاتھ اپنی ترکش کی طرف جھکا کر اس سے ایک تیر کھینچ لیا اور اس سے خود کشی کر لی۔ یہ دیکھ کر مسلمانوں میں سے کچھ لوگ دوڑتے ہوئے رسول اللہ ﷺ کے پاس آئے، کہنے لگے: یا رسول اللہ ! اللہ نے آپؐ کی بات کو سچا کیا۔ فلاں نے خود کشی کر لی۔ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: بلالؓ اُٹھو اور (لوگوں میں) منادی کرو کہ جنت میں کوئی داخل نہیں ہوگا مگر مؤمن ہی اور اللہ کبھی بدکار شخص سے بھی اِس دین کی مدد کیا کرتا ہے۔
صحیح بخاری 6607
سعید بن ابی مریم نے ہم سے بیان کیا کہ ابوغسان نے ہمیں بتایا ابوحازم نے مجھ سے بیان کیا، ابوحازم نے حضرت سہل بن سعدؓ سے روایت کی کہ ایک شخص جو مسلمانوں میں سے تھا اور وہ مسلمانوں کے لئے بہت ہی کار آمد تھا۔ ایک جنگ میں وہ رسول اللہﷺ کے ساتھ نکلا۔ (مسلمانوں کی طرف سے نہایت خوبی سے لڑ رہا تھا۔) نبیﷺ نے اس کو دیکھا اور فرمایا: جو چاہتا ہو کہ ایسے شخص کو دیکھے جو دوزخیوں میں سے ہے تو وہ اس کو دیکھ لے۔ یہ سن کر لوگوں میں سے ایک شخص اس کے پیچھے ہو لیا اور وہ ایسی حالت میں تھا یعنی تمام لوگوں سے بڑھ کر مشرکوں پر حملہ کر رہا تھا یہاں تک کہ وہ زخمی ہوا۔ اس نے مرنے کی جلدی کی اور تلوار کی نوک اپنی چھاتی کے درمیان رکھی یہاں تک کہ اس کے کندھوں کے درمیان سے پار نکل گئی۔ پھر وہ شخص نبیﷺ کے پاس دوڑتا ہوا آیا، کہنے لگا: میں گواہی دیتا ہوں کہ آپؐ اللہ کے رسول ہیں۔ آپؐ نے فرمایا: کیا بات ہے؟ اس نے کہا: آپؐ نے فلاں کے متعلق فرمایا تھا کہ جو چاہتا ہو کہ دوزخیوں میں سے کسی شخص کو دیکھے تو وہ اس شخص کو دیکھے اور وہ ہم میں اُن لوگوں میں سے تھا جو مسلمانوں میں بڑے کارآمد تھے تو میں نے سمجھا کہ وہ ایسی حالت میں نہیں مرے گیا۔ جب وہ زخمی ہوا اُس نے مرنے کی جلدی کی اور اپنے تئیں مار ڈالا۔ اس پر نبیﷺ نے فرمایا ایک بندہ دوزخیوں کے سے کام کرتا رہتا ہے اور درحقیقت وہ جنتیوں میں سے ہوتا ہے اور (ایک) جنتیوں کے سے کام کرتا رہتا ہے اور درحقیقت وہ دوزخیوں میں سے ہوتا ہے اور عملوں کا اعتبار تو انجام پر ہی ہے۔
صحیح بخاری 6608
ابو نعیم نے ہم سے بیان کیا کہ سفیان (بن سعید) نے ہمیں بتایا۔ اُنہوں نے منصور (بن معتمر) سے، منصور نے عبداللہ بن مُرہ سے، عبداللہ نے حضرت ابن عمر رضی اللہ عنہما سے روایت کی۔ اُنہوں نے کہا: نبی ﷺ نے منت ماننے سے منع فرمایا۔ اور فرمایا: وہ کچھ بھی پلٹ نہیں سکتی ہاں اس کے ذریعہ سے بخیل سے کچھ نکال لیا جاتا ہے۔
صحیح بخاری 6609
بشر بن محمد نے ہم سے بیان کیا کہ عبداللہ (بن مبارک) نے ہمیں بتایا۔ معمر نے ہمیں خبر دی۔ معمر نے ہمام بن منبہ سے، ہمام نے حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے، حضرت ابوہریرہؓ نے نبی ﷺ سے روایت کی۔ آپؐ نے فرمایا (اللہ تعالیٰ فرماتا ہے:) نذر ابن آدم کے کسی کام نہیں آتی جو میں نے اس کے لئے مقدر نہیں کیا ہوتا۔ (یا نذر ابن آدم کا کوئی ایسا مقصد بر نہیں لاتی جو میں نے مقدر نہیں کیا ہوتا) بلکہ نذر اُسے تقدیر کے ہی حوالے کرتی ہے۔ اور میں نے اس کے لئے اس نذر کو مقدر کیا ہوتا ہے تاکہ اس کے ذریعہ سے بخیل سے کچھ نکالوں۔
صحیح بخاری 6610
محمد بن مقاتل ابوالحسن نے مجھ سے بیان کیا کہ عبداللہ (بن مبارک) نے ہمیں بتایا۔ خالد حذاء نے ہمیں خبر دی۔ خالد نے ابوعثمان نہدی سے، نہدی نے حضرت ابوموسیٰؓ سے روایت کی۔ اُنہوں نے کہا: ہم ایک غزوہ میں رسول اللہ ﷺ کے ساتھ تھے۔ ہم جس بلندی پر چڑھتے یا جس بلندی پر پہنچتے یا جس وادی میں اُترتے تو اللہ اکبر کے نعرے سے ہم اپنی آوازیں بلند کرتے۔ حضرت ابوموسیٰؓ کہتے تھے: (یہ دیکھ کر) رسول اللہ ﷺ ہمارے قریب آئے اور فرمایا: لوگو ! اپنے آپ کو سنبھال کر، آرام سے، کیونکہ تم کسی بہرے کو نہیں پکار رہے اور نہ ہی اسے جو غائب ہے۔ تم تو سمیع بصیر کو پکار رہے ہو۔ پھر فرمایا: عبداللہ بن قیس ! کیا میں تمہیں ایک ایسا کلمہ نہ سکھاؤں جو جنت کے خزانوں میں سے ہے وہ ہے: لَا حَوْلَ وَلَا قُوَّةَ إِلَّا بِاللهِ یعنی نہ (بدی سے بچنے کی) طاقت ہے نہ (نیکی کرنے کی) قوت، مگر اللہ ہی کی مدد سے۔
صحیح بخاری 6611
عبدان نے ہم سے بیان کیا کہ عبد اللہ (بن مبارک) نے ہمیں خبر دی۔ یونس نے ہمیں بتایا۔ یونس نے زہری سے، زہری نے کہا: مجھے ابوسلمہ (بن عبدالرحمٰن) نے بتایا۔ ابوسلمہ نے حضرت ابوسعید خدریؓ سے، حضرت ابوسعیدؓ نے نبیﷺ سے روایت کی۔ آپؐ نے فرمایا: کوئی بھی ایسا خلیفہ نہیں ہوا کہ جس کے دو قسم کے رازدار نہ ہوں۔ ایک رازدار تو وہ جو اسے بھلائی کا مشورہ دیتے ہیں اور اس پر اُسے آمادہ کرتے ہیں اور ایک رازدار وہ جو اُسے برائی کا مشورہ دیتے ہیں اور اس پر اُسے آمادہ کرتے ہیں اور معصوم وہی ہے جس کو اللہ بچائے۔
صحیح بخاری 6612
محمود بن غیلان نے مجھ سے بیان کیا کہ عبدالرزاق نے ہمیں بتایا۔ معمر نے ہمیں خبر دی۔ معمر نے (عبداللہ) بن طاؤس سے، ابن طاؤس نے اپنے باپ سے، اُن کے باپ نے حضرت ابن عباسؓ سے روایت کی۔ اُنہوں نے کہا: حضرت ابوہریرہؓ نے نبی ﷺ سے جو روایت کرتے ہوئے کہا، اس سے بڑھ کر لَمَمْ (گناہ) کے مشابہ میں نے اور کوئی بات نہیں دیکھی کہ اللہ نے ابن آدم کے لئے زنا سے جو اُس کا حصہ ہے مقرر کر دیا اُسے ضرور ہی پالے گا۔ آنکھ کا زنا نظر ہے اور زبان کا زنا بولنا ہے اور نفس آرزو کرتا ہے اور خواہش کرتا ہے اور شرمگاہ اِن سب کی تصدیق کرتی ہے یا تکذیب کرتی ہے۔ اور شبابہ (بن سوار) نے کہا: ہمیں ورقا ء (بن عمر) نے ابن طاؤس سے، اُنہوں نے اپنے باپ سے، اُن کے باپ نے حضرت ابوہریرہؓ سے، حضرت ابوہریرہؓ نے نبی ﷺ سے روایت کرتے ہوئے یہی بتایا۔
صحیح بخاری 6613
حمیدی نے ہم سے بیان کیا کہ سفیان )بن عیینہ) نے ہمیں بتایا۔ عمرو (بن دینار) نے ہم سے بیان کیا۔ عمرو نے عکرمہ سے، عکرمہ نے حضرت ابن عباس رضی اللہ عنہما سے روایت کی کہ (یہ جو فرمایا:) اور جو رؤیا ہم نے تجھے دکھائی تھی اسے … ہم نے لوگوں کے لیے صرف امتحان کا ذریعہ بنایا تھا۔ اُنہوں نے کہا: یہ آنکھ کا نظارہ ہے جو رسول اللہ ﷺ کو اس رات دکھایا گیا جس رات کہ آپؐ کو بیت المقدس کی طرف لے جایا گیا اور وہ درخت جسے قرآن میں لعنتی قرار دیا ہے۔ اُنہوں نے کہا: وہ تھوہر کا درخت ہے۔