کتاب 1: باب فِي الْقَدَرِ
صحیح بخاری
صحیح بخاری 6594
ابوالولید ہشام بن عبدالملک نے ہم سے بیان کیا کہ شعبہ نے ہمیں بتایا۔ سلیمان اعمش نے ہمیں خبر دی۔ انہوں نے کہا: میں نے زید بن وہب سے سنا۔ زید نے حضرت عبداللہ (بن مسعودؓ) سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: رسول اللہ ﷺ نے ہم سے بیان کیا اور آپؐ سچے تھے اور سچ ہی آپؐ سے کہا گیا۔ آپؐ نے فرمایا: تم میں سے ایک کے اجزاء کو ماں کے پیٹ میں چالیس دن تک اکٹھا کیا جاتا ہے۔ پھر اتنی ہی مدت میں علقہ بنتا ہے۔ پھر اتنی ہی مدت میں مضغہ بنتا ہے۔ پھر اللہ فرشتہ بھیجتا ہے اور اسے چار باتوں کا حکم دیا جاتا ہے۔ اس کے رزق اور اس کی عمر کے متعلق اور آیا وہ بدبخت ہوگا یا نیک بخت۔ پھر اُس میں روح پھونکی جاتی ہے۔ اللہ کی قسم تم میں سے کوئی شخص یا کہا کوئی آدمی دوزخیوں کے کام کرتا رہتا ہے یہاں تک کہ اس کے اور دوزخ کے درمیان صرف ایک باع یا کہا ایک ہاتھ فاصلہ رہ جاتا ہے تو اس کا نوشتہ اس پر چل جاتا ہے اور وہ جنتیوں کے کام کرتا ہے اور جنت میں داخل ہو جاتا ہے اور کوئی آدمی جنتیوں کے کام کرتا رہتا ہے یہاں تک کہ اس کے اور جنت کے درمیان صرف ایک ہاتھ یا دو ہاتھ رہ جاتے ہیں کہ نوشتہ اس پر چل جاتا ہے اور وہ دوزخیوں کے کام کرتا ہے اور دوزخ میں چلا جاتا ہے۔ آدم (راوی) نے بجائے (غَيْرُ ذِرَاعٍ) کے إِلَّا ذِرَاعٌ کہا۔
صحیح بخاری 6595
سلیمان بن حرب نے ہم سے بیان کیا کہ حماد (بن زید) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے عبیداللہ بن ابی بکر بن انس سے، عبیداللہ نے حضرت انس بن مالک رضی اللہ عنہ سے، حضرت انسؓ نے نبی ﷺ سے روایت کی۔ آپؐ نے فرمایا: اللہ نے رحم پر ایک فرشتہ مقرر کیا ہے اور وہ کہتا جاتا ہے۔ اے ربّ! اب یہ نطفہ ہے۔ اے ربّ! اب یہ علقہ ہے۔ اے ربّ! اب یہ مضغہ ہے اور اگر اللہ نے چاہا کہ اس کی پیدائش کو مکمل کرے تو وہ فرشتہ پوچھتا ہے۔ اے میرے ربّ! مرد ہو یا عورت، آیا بدبخت ہو یا نیک بخت اور اس کا رزق کیا ہو اور عمر کیا ہو تو اسی طرح اس کی ماں کے پیٹ میں لکھ دیا جاتا ہے۔