باب 6: باب إِلْقَاءِ النَّذْرِ الْعَبْدَ إِلَى الْقَدَرِ
صحیح بخاری
صحیح بخاری 6608
ابو نعیم نے ہم سے بیان کیا کہ سفیان (بن سعید) نے ہمیں بتایا۔ اُنہوں نے منصور (بن معتمر) سے، منصور نے عبداللہ بن مُرہ سے، عبداللہ نے حضرت ابن عمر رضی اللہ عنہما سے روایت کی۔ اُنہوں نے کہا: نبی ﷺ نے منت ماننے سے منع فرمایا۔ اور فرمایا: وہ کچھ بھی پلٹ نہیں سکتی ہاں اس کے ذریعہ سے بخیل سے کچھ نکال لیا جاتا ہے۔
صحیح بخاری 6609
بشر بن محمد نے ہم سے بیان کیا کہ عبداللہ (بن مبارک) نے ہمیں بتایا۔ معمر نے ہمیں خبر دی۔ معمر نے ہمام بن منبہ سے، ہمام نے حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے، حضرت ابوہریرہؓ نے نبی ﷺ سے روایت کی۔ آپؐ نے فرمایا (اللہ تعالیٰ فرماتا ہے:) نذر ابن آدم کے کسی کام نہیں آتی جو میں نے اس کے لئے مقدر نہیں کیا ہوتا۔ (یا نذر ابن آدم کا کوئی ایسا مقصد بر نہیں لاتی جو میں نے مقدر نہیں کیا ہوتا) بلکہ نذر اُسے تقدیر کے ہی حوالے کرتی ہے۔ اور میں نے اس کے لئے اس نذر کو مقدر کیا ہوتا ہے تاکہ اس کے ذریعہ سے بخیل سے کچھ نکالوں۔