کتاب 7: باب لاَ حَوْلَ وَلاَ قُوَّةَ إِلاَّ بِاللَّهِ
صحیح بخاری
صحیح بخاری 6610
محمد بن مقاتل ابوالحسن نے مجھ سے بیان کیا کہ عبداللہ (بن مبارک) نے ہمیں بتایا۔ خالد حذاء نے ہمیں خبر دی۔ خالد نے ابوعثمان نہدی سے، نہدی نے حضرت ابوموسیٰؓ سے روایت کی۔ اُنہوں نے کہا: ہم ایک غزوہ میں رسول اللہ ﷺ کے ساتھ تھے۔ ہم جس بلندی پر چڑھتے یا جس بلندی پر پہنچتے یا جس وادی میں اُترتے تو اللہ اکبر کے نعرے سے ہم اپنی آوازیں بلند کرتے۔ حضرت ابوموسیٰؓ کہتے تھے: (یہ دیکھ کر) رسول اللہ ﷺ ہمارے قریب آئے اور فرمایا: لوگو ! اپنے آپ کو سنبھال کر، آرام سے، کیونکہ تم کسی بہرے کو نہیں پکار رہے اور نہ ہی اسے جو غائب ہے۔ تم تو سمیع بصیر کو پکار رہے ہو۔ پھر فرمایا: عبداللہ بن قیس ! کیا میں تمہیں ایک ایسا کلمہ نہ سکھاؤں جو جنت کے خزانوں میں سے ہے وہ ہے: لَا حَوْلَ وَلَا قُوَّةَ إِلَّا بِاللهِ یعنی نہ (بدی سے بچنے کی) طاقت ہے نہ (نیکی کرنے کی) قوت، مگر اللہ ہی کی مدد سے۔