کتاب 3: باب كَيْفَ كَانَتْ يَمِينُ النَّبِيِّ صلى الله عليه وسلم
صحیح بخاری
صحیح بخاری 6628
محمد بن یوسف (فریابی) نے ہم سے بیان کیا۔ انہوں نے سفیان (ثوری) سے، سفیان نے موسیٰ بن عقبہ سے، موسیٰ نے سالم سے، سالم نے حضرت ابن عمرؓ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا کہ نبی ﷺ کی یہ بھی قسم ہوتی: لَا وَمُقَلِّبِ الْقُلُوبِ۔
صحیح بخاری 6629
موسیٰ (بن اسماعیل) نے ہم سے بیان کیا کہ ابوعوانہ نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے عبدالملک (بن عمیر) سے، عبدالملک نے حضرت جابر بن سمرہؓ سے، حضرت جابرؓ نے نبی ﷺ سے روایت کی۔ آپؐ نے فرمایا: اب جو قیصر مرا تو اس کے بعد کوئی قیصر نہ ہوگا اور اب جو کسریٰ مرا تو اس کے بعد کوئی کسریٰ نہ ہو گا۔ اسی ذات کی قسم جس کے ہاتھ میں میری جان ہے تم ضرور بالضرور ان دونوں کے خزانوں کو اللہ کی راہ میں خرچ کرو گے۔
صحیح بخاری 6630
ابوالیمان نے ہم سے بیان کیا کہ شعیب نے ہمیں خبر دی۔ انہوں نے زُہری سے روایت کی، (کہا:) سعید بن مسیب نے مجھے بتایا کہ حضرت ابو ہریرہؓ نے کہا: رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: اگر (یہ) کسریٰ مرا تو اس کے بعد کوئی کسریٰ نہ ہوگا اور اگر قیصر مرا تو اس کے بعد کوئی قیصر نہ ہوگا اور اسی ذات کی قسم ہے جس کے ہاتھ میں محمد کی جان ہے، تم ضرور ہی ان دونوں کے خزانوں کو اللہ کی راہ میں خرچ کرو گے۔
صحیح بخاری 6631
محمد (بن سلام) نے مجھ سے بیان کیا کہ عبدہ نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ہشام بن عروہ سے، ہشام نے اپنے باپ سے، ان کے باپ نے حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا سے، حضرت عائشہؓ نے نبی ﷺ سے روایت کی۔ آپؐ نے فرمایا: اے محمد کی اُمت! اللہ کی قسم، اگر تم جانتے جو میں جانتا ہوں تو تم روتے بہت اور ہنستے تھوڑا۔
صحیح بخاری 6632
یحيٰ بن سلیمان نے ہم سے بیان کیا، کہا: ابن وہب نے مجھے بتایا۔ حیوہ نے مجھے خبر دی، کہا: ابوعقیل زہرہ بن معبد نے مجھ سے بیان کیا کہ انہوں نے اپنے دادا عبداللہ بن ہشام سے سنا۔ انہوں نے کہا: ہم نبی ﷺ کے ساتھ تھے اور آپؐ حضرت عمر بن خطابؓ کا ہاتھ پکڑے ہوئے تھے۔ حضرت عمرؓ نے آپؐ سے کہا: یا رسول اللہ! آپؐ مجھے ہر ایک چیز سے زیادہ پیارے ہیں مگر میں یہ نہیں کہہ سکتا کہ میرے نفس سے بھی بڑھ کر۔ نبی ﷺ نے فرمایا: اسی ذات کی قسم جس کے ہاتھ میں میری جان ہے، اس وقت تک نہیں، جب تک کہ میں تمہیں تمہارے نفس سے بھی بڑھ کر پیارا نہ ہو جاؤں۔ تو حضرت عمرؓ نے آپؐ سے کہا: تو پھر اب یہ ایسا ہی ہو گا۔ اللہ کی قسم! آپؐ مجھے میرے نفس سے بھی بڑھ کر پیارے ہیں۔ نبی ﷺ نے فرمایا: عمر! اب ٹھیک ہے۔
صحیح بخاری 6633
اسماعیل (بن ابی اویس) نے ہم سے بیان کیا، کہا: مالک نے مجھے بتایا۔ انہوں نے ابن شہاب سے، ابن شہاب نے عبیداللہ بن عبداللہ بن عتبہ بن مسعود سے، عبیداللہ نے حضرت ابوہریرہؓ اور حضرت زید بن خالدؓ سے روایت کی۔ ان دونوں نے ان کو بتایا کہ دو شخص رسول اللہ ﷺ کے پاس اپنا جھگڑا لائے۔ ان میں سے ایک نے کہا: کتاب اللہ کے مطابق ہمارے درمیان فیصلہ فرماویں اور دوسرے نے کہا، اور وہ ان دونوں میں سے زیادہ سمجھ دار تھا، ہاں یا رسول اللہ! کتاب اللہ کے مطابق ہمارے درمیان فیصلہ فرماویں۔ مجھے اجازت دیں کہ میں بیان کروں۔ آپؐ نے فرمایا: بیان کرو۔ اس نے کہا: میرا بیٹا اس شخص کے پاس نوکر تھا۔ مالک نے کہا: عسیف نوکر کو کہتے ہیں۔ اُس نے اس کی بیوی کے ساتھ زنا کیا اور لوگوں نے مجھے بتایا کہ میرے بیٹے کو سنگسار کیا جائے گا تو میں نے سو بکریاں اور اپنی ایک لونڈی (اس کو) دے کر اس کو چھڑا لیا ہے۔ پھر میں نے اہل علم سے پوچھا: انہوں نے مجھے بتایا کہ میرے بیٹے کو جو سزا ہونی چاہیئے تو سو کوڑے اور ایک سال کی جلاوطنی ہے اور سنگسار تو اس کی بیوی کو کیا جائے۔ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: دیکھو اس ذات کی قسم جس کے ہاتھ میں میری جان ہے، میں تمہارے درمیان کتاب اللہ کے مطابق فیصلہ کروں گا۔ تمہاری بکریاں اور تمہاری لونڈی جو ہیں تو یہ تمہیں واپس ملیں گی اور آپؐ نے اس کے بیٹے کو سو کوڑے لگوائے اور ایک سال کے لئے اس کو جلا وطن کر دیا اور اُنیس اسلمیؓ کو حکم دیا گیا کہ وہ دوسرے کی بیوی کے پاس جائے۔ اگر وہ اقرار کرے تو اس کو سنگسار کرے۔ چنانچہ اُس نے اعتراف کیا اور اُنیس نے اس کو سنگسار کیا۔
صحیح بخاری 6634
اسماعیل (بن ابی اویس) نے ہم سے بیان کیا، کہا: مالک نے مجھے بتایا۔ انہوں نے ابن شہاب سے، ابن شہاب نے عبیداللہ بن عبداللہ بن عتبہ بن مسعود سے، عبیداللہ نے حضرت ابوہریرہؓ اور حضرت زید بن خالدؓ سے روایت کی۔ ان دونوں نے ان کو بتایا کہ دو شخص رسول اللہ ﷺ کے پاس اپنا جھگڑا لائے۔ ان میں سے ایک نے کہا: کتاب اللہ کے مطابق ہمارے درمیان فیصلہ فرماویں اور دوسرے نے کہا، اور وہ ان دونوں میں سے زیادہ سمجھ دار تھا، ہاں یا رسول اللہ! کتاب اللہ کے مطابق ہمارے درمیان فیصلہ فرماویں۔ مجھے اجازت دیں کہ میں بیان کروں۔ آپؐ نے فرمایا: بیان کرو۔ اس نے کہا: میرا بیٹا اس شخص کے پاس نوکر تھا۔ مالک نے کہا: عسیف نوکر کو کہتے ہیں۔ اُس نے اس کی بیوی کے ساتھ زنا کیا اور لوگوں نے مجھے بتایا کہ میرے بیٹے کو سنگسار کیا جائے گا تو میں نے سو بکریاں اور اپنی ایک لونڈی (اس کو) دے کر اس کو چھڑا لیا ہے۔ پھر میں نے اہل علم سے پوچھا: انہوں نے مجھے بتایا کہ میرے بیٹے کو جو سزا ہونی چاہیئے تو سو کوڑے اور ایک سال کی جلاوطنی ہے اور سنگسار تو اس کی بیوی کو کیا جائے۔ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: دیکھو اس ذات کی قسم جس کے ہاتھ میں میری جان ہے، میں تمہارے درمیان کتاب اللہ کے مطابق فیصلہ کروں گا۔ تمہاری بکریاں اور تمہاری لونڈی جو ہیں تو یہ تمہیں واپس ملیں گی اور آپؐ نے اس کے بیٹے کو سو کوڑے لگوائے اور ایک سال کے لئے اس کو جلا وطن کر دیا اور اُنیس اسلمیؓ کو حکم دیا گیا کہ وہ دوسرے کی بیوی کے پاس جائے۔ اگر وہ اقرار کرے تو اس کو سنگسار کرے۔ چنانچہ اُس نے اعتراف کیا اور اُنیس نے اس کو سنگسار کیا۔
صحیح بخاری 6635
عبداللہ بن محمد (مسندی) نے مجھ سے بیان کیا کہ وہب (بن جریر) نے ہمیں بتایا۔ شعبہ نے ہم سے بیان کیا۔ شعبہ نے محمد بن ابی یعقوب سے، محمد نے عبدالرحمٰن بن ابی بکرہ سے، عبدالرحمٰن نے اپنے باپ سے، ان کے باپ نے نبی ﷺ سے روایت کی۔ آپؐ نے فرمایا: بھلا بتاؤ اگر اسلم اور غفار اور مزینہ اور جہینہ بہتر ہوں تمیم اور عامر بن صعصعہ اور غطفان اور اسد سے، تو یہ نامراد رہے اور گھاٹے میں پڑے؟ انہوں نے کہا: ہاں۔ آپؐ نے فرمایا: اُس ذات کی قسم جس کے ہاتھ میں میری جان ہے کہ وہ ان سے بہتر ہیں۔
صحیح بخاری 6636
ابو الیمان نے ہم سے بیان کیا کہ شعیب نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے زُہری سے روایت کی، کہا: عروہ نے مجھے خبر دی۔ عروہ نے حضرت ابوحمید ساعدیؓ سے روایت کی۔ انہوں نے ان کو بتایا کہ رسول اللہ ﷺ نے ایک محصل مقرر کیا اور وہ محصل جب اپنے کام سے فارغ ہوا آپؐ کے پاس آیا۔ وہ کہنے لگا: یا رسول اللہ! یہ آپؐ کے لئے ہے اور یہ مجھے ہدیہ دیا گیا ہے۔ آپؐ نے اسے فرمایا: تم پھر اپنے ماں باپ کے گھر میں کیوں نہ بیٹھے رہے اور پھر دیکھ لیتے تمہیں تحفہ دیا جاتا ہے یا نہیں۔ پھر رسول اللہ ﷺ شام کو نماز کے بعد کھڑے ہوئے اور تشہد پڑھا اور اللہ کی وہ کچھ تعریف کی جس کا وہ اہل ہے۔ پھر فرمایا: اما بعد، محصل کی یہ کیا حالت ہے کہ ہم اس کو مقرر کرتے ہیں اور پھر وہ ہمارے پاس آتا ہے اور کہتا ہے یہ تو تمہارا مالیہ ہے اور یہ مجھے ہدیہ دیا گیا ہے۔ وہ اپنے ماں باپ کے گھر میں کیوں نہیں بیٹھا رہتا اور پھر دیکھتا کیا اسے تحفے دئیے جاتے ہیں یا نہیں۔ اس ذات کی قسم جس کے ہاتھ میں محمد کی جان ہے، تم میں سے جو کوئی بھی اس (زکوٰت کے) مال میں کچھ بھی خیانت کرے گا تو ضرور ہی وہ قیامت کے دن اُس کو اپنی گردن پر اُٹھائے ہوئے لائے گا۔ اگر اونٹ ہوگا تو اس کو لائے گا وہ بڑبڑا رہا ہوگا اور اگر گائے ہوئی تو اس کو لائے گا وہ بائیں بائیں کرتی ہوگی اور اگر بکری ہوگی تو اسے لائے گا کہ وہ مَیں مَیں کر رہی ہوگی۔ دیکھو میں نے پیغام حق پہنچا دیا۔ حضرت ابوحمیدؓ نے کہا: پھر رسول اللہ ﷺ نے اپنا ہاتھ اتنا اونچا اُٹھایا کہ ہم آپؐ کی بغلوں کی سفیدی دیکھ رہے تھے۔ حضرت ابوحمیدؓ نے کہا: اور میرے ساتھ زید بن ثابتؓ نے بھی یہ بات نبی ﷺ سے سنی، تم ان سے پوچھ لو۔
صحیح بخاری 6637
ابراہیم بن موسیٰ نے مجھ سے بیان کیا کہ ہشام جو کہ یوسف کے بیٹے ہیں، نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے معمر سے، معمر نے ہمام سے، ہمام نے حضرت ابوہریرہؓ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: ابوالقاسم ﷺ نے فرمایا: اس ذات کی قسم جس کے ہاتھ میں محمد کی جان ہے، اگر تم جانتے ہوتے جو میں جانتا ہوں تو تم روتے بہت اور ہنستے تھوڑا۔
صحیح بخاری 6638
عمر بن حفص نے ہم سے بیان کیا کہ میرے باپ نے ہمیں بتایا۔ اعمش نے ہم سے بیان کیا۔ اعمش نے معرور سے، معرور نے حضرت ابوذرؓ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: میں آپؐ کے پاس پہنچا اور آپؐ اس وقت کعبہ کے سائے میں بیٹھے ہوئے یہ فرما رہے تھے: وہ لوگ بڑے ہی گھاٹے میں ہیں کعبہ کے ربّ کی قسم، وہ بڑے ہی گھاٹے میں ہیں کعبہ کے ربّ کی قسم۔ میں نے پوچھا: میرا کیا حال ہے؟ کیا میرے متعلق آپؐ کو کچھ معلوم ہوا ہے؟ یہ کہہ کر میں آپؐ کے پاس بیٹھ گیا اور آپؐ یہ فرما رہے تھے: مجھ سے چپ نہ رہا گیا اور جو حالت اللہ نے چاہی مجھ پر طاری ہو گئی تھی۔ میں نے پوچھا: یہ کون لوگ ہیں؟ یا رسول اللہ! میرے ماں باپ آپؐ پر قربان۔ آپؐ نے فرمایا: وہی جو بہت مالدار ہیں مگر وہ نہیں جو اس طرح اور اس طرح اور اس طرح خرچ کریں۔
صحیح بخاری 6639
ابوالیمان نے ہم سے بیان کیا کہ شعیب نے ہمیں بتایا۔ ابوالزناد نے ہم سے بیان کیا۔ ابوالزناد نے عبدالرحمٰن اعرج سے، عبدالرحمٰن نے حضرت ابوہریرہؓ سے روایت کی۔ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: حضرت سلیمانؑ نے کہا: آج رات میں نوّے بیویوں کے پاس جاؤں گا۔ ان میں سے ہر عورت ایک شہسوار جنے گی جو اللہ کی راہ میں جہاد کرے گا۔ ان کا رفیق ان سے کہنے لگا: انشاء اللہ کہیں مگر انہوں نے انشاء اللہ نہ کہا اور وہ ان سب عورتوں کے پاس سے ہو آئے مگر ان میں سے کوئی بھی حاملہ نہ ہوئی مگر ایک ہی عورت جو ادھورا انسان جنی۔ اور اس ذات کی قسم جس کے ہاتھ میں محمد کی جان ہے، اگر وہ انشاء اللہ کہتے تو سبھی شہسوار بن کر اللہ کی راہ میں جہاد کرتے۔
صحیح بخاری 6640
لَمْ يَقُلْ شُعْبَةُ وَإِسْرَائِيلُ عَنْ أَبِي إِسْحَاقَ " وَالَّذِي نَفْسِي بِيَدِهِ ".
محمد (بن سلام) نے ہم سے بیان کیا کہ ابوالاحوص نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ابواسحاق (سبیعی) سے، ابواسحاق نے حضرت براء بن عازبؓ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: نبی ﷺ کو ایک ریشمی کپڑا ہدیہ بھیجا گیا۔ لوگ اس کو آپس میں ایک ہاتھ سے دوسرے ہاتھ لینے لگے اور اس کی خوبصورتی اور نرمی کو دیکھ کر تعجب کرنے لگے۔ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: کیا تم اس سے تعجب کرتے ہو؟ انہوں نے کہا: ہاں یا رسول اللہ۔ آپؐ نے فرمایا: اس ذات کی قسم جس کے ہاتھ میں میری جان ہے، سعد کے رومال جنت میں اس سے بھی بہتر ہوں گے۔ شعبہ اور اسرائیل نے ابواسحاق سے روایت کرتے ہوئے یوں نہیں کہا: اس ذات کی قسم جس کے ہاتھ میں میری جان ہے۔
صحیح بخاری 6641
یحيٰ بن بکیر نے ہم سے بیان کیا کہ لیث نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے یونس سے، یونس نے ابن شہاب سے روایت کی۔ (انہوں نے کہا:) عروہ بن زبیر نے مجھے بتایا کہ حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا نے بیان کیا کہ ہند بنت عتبہ بن ربیعہ نے کہا: یا رسول اللہ! جتنے بھی ڈیروں والے یا ڈیرہ والے سطح زمین پر ہیں اُن میں سے کسی کا بھی ذلیل ہونا مجھ کو اتنا پسند نہیں تھا جتنا آپؐ کے ڈیرے والوں کا یا ڈیرہ والوں کا۔ یحيٰ (بن بکیر) نے شک کیا (کہ ڈیرے کہا یا ڈیرہ)۔ پھر آج یہ حالت ہے کہ اب کوئی ڈیروں والے یا (کہا) ڈیرہ والے مجھے ان کا معزز ہونا اتنا پسند نہیں جتنا کہ آپؐ کے ڈیرے والوں یا (کہا) ڈیرہ والوں کا۔ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: ابھی اور زیادہ تمہیں پسند ہوگا، اُس ذات کی قسم جس کے ہاتھ میں محمد کی جان ہے۔ وہ کہنے لگیں: یا رسول اللہ! ابوسفیان ایک کنجوس آدمی ہے تو کیا مجھ پر کوئی گناہ ہوگا اگر میں اس مال سے جو اس کا ہے (اپنے بچوں کو) کچھ کھلاؤں؟ آپؐ نے فرمایا: نہیں مگر دستور کے مطابق۔
صحیح بخاری 6642
احمد بن عثمان نے ہم سے بیان کیا کہ شریح بن مسلمہ نے ہمیں بتایا۔ ابراہیم بن یوسف نے ہم سے بیان کیا۔ ابراہم نے اپنے باپ سے، ان کے باپ نے ابواسحاق سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: میں نے عمرو بن میمون سے سنا۔ انہوں نے کہا: مجھ سے حضرت عبداللہ بن مسعود رضی اللہ عنہ نے بیان کیا، کہا: ایک بار رسول اللہ ﷺ ایک چمڑے کے یمنی خیمے سے پشت لگائے کھڑے تھے۔ تب آپؐ نے اپنے صحابہ سے فرمایا: کیا تم اس بات پر خوش ہو کہ جنتیوں میں چوتھائی تم ہو؟ انہوں نے کہا: ہاں کیوں نہیں ضرور۔ آپؐ نے فرمایا: کیا تم اس بات پر خوش نہیں کہ جنتیوں میں تہائی تم ہو؟ انہوں نے کہا: کیوں نہیں ضرور۔ آپؐ نے فرمایا: اس ذات کی قسم ہے جس کے ہاتھ میں محمدؐ کی جان ہے، میں ضرور اُمید رکھتا ہوں کہ جنتیوں میں تم آدھے ہو گے۔
صحیح بخاری 6643
عبداللہ بن مسلمہ نے ہم سے بیان کیا۔ انہوں نے مالک سے، مالک نے عبدالرحمٰن بن عبداللہ بن عبدالرحمٰن سے، عبدالرحمٰن نے اپنے باپ سے، ان کے باپ نے حضرت ابو سعید خدریؓ سے روایت کی کہ ایک شخص نے کسی آدمی کو قُلْ هُوَ اللّٰهُ اَحَدٌ پڑھتے ہوئے سنا۔ وہ اسے بار بار دُہرا رہا تھا۔ جب صبح ہوئی تو وہ رسول اللہ ﷺ کے پاس آیا اور آپؐ سے اس کا ذکر کیا۔ یوں معلوم ہوتا تھا کہ جیسے یہ شخص اس سورة کا پڑھنا تھوڑا سمجھتا تھا، تو رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: اس ذات کی قسم جس کے ہاتھ میں میری جان ہے، یہ سورة تو تہائی قرآن کے برابر ہے۔
صحیح بخاری 6644
اسحاق (بن منصور) نے ہم سے بیان کیا کہ حبان (بن ہلال) نے ہمیں خبر دی۔ ہمام (بن یحيٰ) نے ہم سے بیان کیا کہ قتادہ نے ہمیں بتایا۔ حضرت انس بن مالک رضی اللہ عنہ نے ہم سے بیان کیا کہ انہوں نے نبیﷺ سے سنا۔ آپؐ فرماتے تھے: رکوع اور سجدہ پورا کیا کرو۔ اس ذات کی قسم ہے جس کے ہاتھ میں میری جان ہے، میں تمہیں اپنی پیٹھ کے پیچھے سے جب تم رکوع کرتے ہو اور جب تم سجدہ کر رہے ہوتے ہو، دیکھ رہا ہوتا ہوں۔
صحیح بخاری 6645
اسحاق (بن راہویہ) نے ہم سے بیان کیا کہ وہب بن جریر نے ہمیں بتایا۔ شعبہ نے ہمیں خبر دی۔ شعبہ نے ہشام بن زید سے، ہشام نے حضرت انس بن مالکؓ سے روایت کی کہ ایک انصاری عورت نبی ﷺ کے پاس آئی، اُس کے ساتھ اُس کے بچے تھے۔ نبی ﷺ نے فرمایا: اس ذات کی قسم جس کے ہاتھ میں میری جان ہے، لوگوں میں سے تم مجھے بہت پیارے ہو۔ آپؐ نے اُس سے تین بار یہ فرمایا۔