کتاب 4: باب لاَ تَحْلِفُوا بِآبَائِكُمْ

صحیح بخاری

صحیح بخاری 6646

حَدَّثَنَا عَبْدُ اللَّهِ بْنُ مَسْلَمَةَ عَنْ مَالِكٍ عَنْ نَافِعٍ عَنْ عَبْدِ اللَّهِ بْنِ عُمَرَ ـ رضى الله عنهما ـ أَنَّ رَسُولَ اللَّهِ صلى الله عليه وسلم أَدْرَكَ عُمَرَ بْنَ الْخَطَّابِ وَهْوَ يَسِيرُ فِي رَكْبٍ يَحْلِفُ بِأَبِيهِ فَقَالَ " أَلاَ إِنَّ اللَّهَ يَنْهَاكُمْ أَنْ تَحْلِفُوا بِآبَائِكُمْ مَنْ كَانَ حَالِفًا فَلْيَحْلِفْ بِاللَّهِ أَوْ لِيَصْمُتْ ".

عبداللہ بن مسلمہ نے ہم سے بیان کیا۔ انہوں نے مالک سے، مالک نے نافع سے، نافع نے حضرت عبداللہ بن عمر رضی اللہ عنہما سے روایت کی کہ رسول اللہ ﷺ حضرت عمر بن خطابؓ سے آ ملے اور وہ ایک قافلہ کے ساتھ جا رہے تھے، وہ اپنے باپ کی قسم کھا رہے تھے۔ آپؐ نے فرمایا: دیکھو! اللہ تمہیں منع فرماتا ہے کہ تم اپنے باپ دادوں کی قسمیں کھاؤ۔ جس نے قسم کھانی ہی ہو تو وہ اللہ کی قسم کھائے یا خاموش رہے۔

صحیح بخاری 6647

حَدَّثَنَا سَعِيدُ بْنُ عُفَيْرٍ حَدَّثَنَا ابْنُ وَهْبٍ عَنْ يُونُسَ عَنِ ابْنِ شِهَابٍ قَالَ قَالَ سَالِمٌ قَالَ ابْنُ عُمَرَ سَمِعْتُ عُمَرَ يَقُولُ قَالَ لِي رَسُولُ اللَّهِ صلى الله عليه وسلم " إِنَّ اللَّهَ يَنْهَاكُمْ أَنْ تَحْلِفُوا بِآبَائِكُمْ ". قَالَ عُمَرُ فَوَاللَّهِ مَا حَلَفْتُ بِهَا مُنْذُ سَمِعْتُ النَّبِيَّ صلى الله عليه وسلم ذَاكِرًا وَلاَ آثِرًا.
قَالَ مُجَاهِدٌ {أَوْ أَثَرَةٍ مِنْ عِلْمٍ} يَأْثُرُ عِلْمًا.
تَابَعَهُ عُقَيْلٌ وَالزُّبَيْدِيُّ وَإِسْحَاقُ الْكَلْبِيُّ عَنِ الزُّهْرِيِّ.
وَقَالَ ابْنُ عُيَيْنَةَ وَمَعْمَرٌ عَنِ الزُّهْرِيِّ عَنْ سَالِمٍ عَنِ ابْنِ عُمَرَ سَمِعَ النَّبِيُّ صلى الله عليه وسلم عُمَرَ.

سعید بن عفیر نے ہم سے بیان کیا کہ (عبداللہ) بن وہب نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے یونس سے، یونس نے ابن شہاب سے روایت کی، کہا: سالم نے بیان کیا: حضرت ابن عمرؓ کہتے تھے: میں نے حضرت عمرؓ کو کہتے ہوئے سنا کہ رسول اللہ ﷺ نے مجھ سے فرمایا: اللہ تمہیں منع فرماتا ہے کہ تم اپنے باپ دادوں کی قسمیں کھاؤ۔ حضرت عمرؓ کہتے تھے: اللہ کی قسم جب سے میں نے یہ نبی ﷺ سے سنا اُن (آباء) کی قسم نہیں کھائی۔ نہ خود اُن کا نام لیا اور نہ کسی دوسرے کی زبانی نقل کیا۔ مجاہد نے کہا: (یہ جو سورة احقاف میں فرمایا ہے:) اَوْ اَثٰرَةٍ مِّنْ عِلْمٍ۔ (اس کے معنی ہیں:) یا کوئی علم کی بات ہی نقل کی جائے۔ یونس کی طرح اس حدیث کو عقیل اور زبیدی اور اسحاق کلبی نے بھی زُہری سے روایت کیا۔ اور (سفیان) ابن عیینہ اور معمر نے بھی زُہری سے روایت کرتے ہوئے بیان کیا کہ زُہری نے سالم سے، سالم نے حضرت ابن عمرؓ سے نقل کیا کہ نبی ﷺ نے حضرت عمرؓ کو سنا۔

صحیح بخاری 6648

حَدَّثَنَا مُوسَى بْنُ إِسْمَاعِيلَ حَدَّثَنَا عَبْدُ الْعَزِيزِ بْنُ مُسْلِمٍ حَدَّثَنَا عَبْدُ اللَّهِ بْنُ دِينَارٍ قَالَ سَمِعْتُ عَبْدَ اللَّهِ بْنَ عُمَرَ ـ رضى الله عنهما ـ يَقُولُ قَالَ رَسُولُ اللَّهُ صلى الله عليه وسلم " لاَ تَحْلِفُوا بِآبَائِكُمْ ".

موسیٰ بن اسماعیل نے ہم سے بیان کیا کہ عبدالعزیز بن مسلم نے ہمیں بتایا۔ عبداللہ بن دینار نے ہم سے بیان کیا، کہا: میں نے حضرت عبداللہ بن عمر رضی اللہ عنہما سے سنا۔ وہ کہتے تھے: رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: اپنے باپ دادوں کی قسمیں نہ کھایا کرو۔

صحیح بخاری 6649

حَدَّثَنَا قُتَيْبَةُ حَدَّثَنَا عَبْدُ الْوَهَّابِ عَنْ أَيُّوبَ عَنْ أَبِي قِلاَبَةَ وَالْقَاسِمِ التَّمِيمِيِّ عَنْ زَهْدَمٍ قَالَ كَانَ بَيْنَ هَذَا الْحَىِّ مِنْ جَرْمٍ وَبَيْنَ الأَشْعَرِيِّينَ وُدٌّ وَإِخَاءٌ فَكُنَّا عِنْدَ أَبِي مُوسَى الأَشْعَرِيِّ فَقُرِّبَ إِلَيْهِ طَعَامٌ فِيهِ لَحْمُ دَجَاجٍ وَعِنْدَهُ رَجُلٌ مِنْ بَنِي تَيْمِ اللَّهِ أَحْمَرُ كَأَنَّهُ مِنَ الْمَوَالِي فَدَعَاهُ إِلَى الطَّعَامِ فَقَالَ إِنِّي رَأَيْتُهُ يَأْكُلُ شَيْئًا فَقَذِرْتُهُ فَحَلَفْتُ أَنْ لاَ آكُلَهُ. فَقَالَ قُمْ فَلأُحَدِّثَنَّكَ عَنْ ذَاكَ إِنِّي أَتَيْتُ رَسُولَ اللَّهِ صلى الله عليه وسلم فِي نَفَرٍ مِنَ الأَشْعَرِيِّينَ نَسْتَحْمِلُهُ فَقَالَ " وَاللَّهِ لاَ أَحْمِلُكُمْ وَمَا عِنْدِي مَا أَحْمِلُكُمْ ". فَأُتِيَ رَسُولُ اللَّهِ صلى الله عليه وسلم بِنَهْبِ إِبِلٍ فَسَأَلَ عَنَّا. فَقَالَ " أَيْنَ النَّفَرُ الأَشْعَرِيُّونَ ". فَأَمَرَ لَنَا بِخَمْسِ ذَوْدٍ غُرِّ الذُّرَى فَلَمَّا انْطَلَقْنَا قُلْنَا مَا صَنَعْنَا حَلَفَ رَسُولُ اللَّهِ صلى الله عليه وسلم لاَ يَحْمِلُنَا وَمَا عِنْدَهُ مَا يَحْمِلُنَا ثُمَّ حَمَلَنَا تَغَفَّلْنَا رَسُولَ اللَّهِ صلى الله عليه وسلم يَمِينَهُ وَاللَّهِ لاَ نُفْلِحُ أَبَدًا فَرَجَعْنَا إِلَيْهِ فَقُلْنَا لَهُ إِنَّا أَتَيْنَاكَ لِتَحْمِلَنَا فَحَلَفْتَ أَنْ لاَ تَحْمِلَنَا وَمَا عِنْدَكَ مَا تَحْمِلُنَا. فَقَالَ " إِنِّي لَسْتُ أَنَا حَمَلْتُكُمْ وَلَكِنَّ اللَّهَ حَمَلَكُمْ وَاللَّهِ لاَ أَحْلِفُ عَلَى يَمِينٍ فَأَرَى غَيْرَهَا خَيْرًا مِنْهَا إِلاَّ أَتَيْتُ الَّذِي هُوَ خَيْرٌ وَتَحَلَّلْتُهَا ".

قتیبہ نے ہم سے بیان کیا کہ عبدالوہاب (بن عبدالمجید ثقفی) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ایوب سے، ایوب نے ابوقلابہ اور قاسم تمیمی سے، ان دونوں نے زہدم بن حارث سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: جرم کے اس قبیلہ اور اشعریوں کے درمیان دوستی اور برادری تھی۔ ہم حضرت ابوموسیٰ اشعریؓ کے پاس (بیٹھے) تھے۔ اتنے میں ان کے سامنے کھانا رکھا گیا جس میں مرغ کا گوشت تھا اور اُن کے پاس بنو تیم اللہ قبیلے کا سرخ رنگ کا ایک شخص تھا جیسے کہ وہ غلاموں میں سے تھا تو حضرت ابوموسیٰؓ نے اس کو بھی کھانے کے لئے بلایا۔ وہ کہنے لگا: میں نے اس کو کچھ کھاتے ہوئے دیکھا تو مجھے اس سے گھن آئی اور میں نے قسم کھائی کہ اسے کبھی نہیں کھاؤں گا۔ انہوں نے کہا: اُٹھو آؤ بھی، میں تمہیں اس کے متعلق کچھ بتاتا ہوں۔ میں رسول اللہﷺ کے پاس کچھ اشعری لوگوں سمیت آیا کہ ہم آپؐ سے سواری مانگیں۔ آپؐ نے فرمایا: اللہ کی قسم میں تمہیں کوئی سواری نہیں دوں گا اور میرے پاس ہے بھی نہیں جس پر میں تمہیں سوار کروں۔ پھر رسول اللہﷺ کے پاس غنیمت کے کچھ اونٹ لائے گئے اور آپؐ نے ہمارے متعلق دریافت فرمایا۔ پوچھا: وہ اشعری لوگ کہاں ہیں؟ اور ہمیں پانچ اونٹ جو سفید کہانوں والے تھے دینے کا حکم فرمایا۔ جب ہم چلے ہم نے کہا: ہم نے کیا کِیا؟ رسول اللہﷺ نے قسم کھائی تھی کہ آپؐ ہمیں کوئی سواری نہیں دیں گے اور آپؐ کے پاس کوئی سواری نہیں کہ جس پر ہمیں سوار کریں، پھر ہمیں سواری بھی دے دی۔ ہم نے رسول اللہﷺ کو آپؐ کی قسم کے متعلق لاعلمی میں رکھ کر ناجائز فائدہ اُٹھایا۔ اللہ کی قسم ہم کبھی کامیاب نہیں ہوں گے۔ (یہ خیال کر کے) ہم آپؐ کے پاس واپس گئے اور کہا: ہم اس لئے آئے تھے کہ ہم آپؐ سے سواری مانگیں۔ آپؐ نے قسم کھائی کہ آپؐ ہمیں سواری نہیں دیں گے اور نہ ہی آپؐ کے پاس کوئی ہے جس پر آپؐ ہمیں سوار کریں۔ آپؐ نے فرمایا: میں نے تو تمہیں سواری نہیں دی بلکہ اللہ نے تمہیں سواری دی۔ اللہ کی قسم میں جو ایسی قسم کھاؤں کہ پھر اس کے علاوہ کسی اور کو بہتر سمجھوں تو ضرور ہی وہی کروں جو اس سے بہتر ہے اور اس کو توڑ کر اس کا کفارہ دے دوں۔

10 von 10 heute frei