کتاب 11: باب عَهْدِ اللَّهِ عَزَّ وَجَلَّ
صحیح بخاری
صحیح بخاری 6659
محمد بن بشار نے مجھ سے بیان کیا کہ (محمد) ابن ابی عدی نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے شعبہ سے، شعبہ نے سلیمان (بن اعمش) اور منصور (بن معتمر) سے، ان دونوں نے ابو وائل سے، ابو وائل نے حضرت عبداللہ (بن مسعود) رضی اللہ عنہ سے، حضرت عبداللہؓ نے نبی ﷺ سے روایت کی۔ آپؐ نے فرمایا: جس نے جھوٹی قسم کھائی کہ اس کے ذریعہ سے وہ کسی مسلمان شخص کا مال یا کہا اپنے بھائی کا مال مارنا چاہتا ہے تو وہ اللہ سے ایسی حالت میں ملے گا کہ وہ اس سے ناراض ہوگا۔ پھر اللہ نے اس قول کی تصدیق میں یہ آیت نازل کی: یعنی وہ لوگ جو اللہ کے عہد کے بدلے میں قیمت حاصل کرتے ہیں۔
صحیح بخاری 6660
سلیمان نے اپنی حدیث میں یوں کہا کہ حضرت اشعث بن قیسؓ گزرے اور پوچھا: حضرت عبداللہؓ تم سے کیا بیان کر رہے تھے؟ تو انہوں نے ان کو بتایا تو حضرت اشعثؓ کہنے لگے: یہ آیت میرے متعلق اور میرے ایک ساتھی کے متعلق نازل ہوئی بسبب ایک کنویں کے جو ہمارے درمیان مشترک تھا۔