کتاب 17: بَابُ قَوْلِ اللَّهِ تَعَالَى: {إِنَّ الَّذِينَ يَشْتَرُونَ بِعَهْدِ اللَّهِ وَأَيْمَانِهِمْ ثَمَنًا قَلِيلاً أُولَئِكَ لاَ خَلاَقَ لَهُمْ فِي الآخِرَةِ وَلاَ يُكَلِّمُهُمُ اللَّهُ وَلاَ يَنْظُرُ إِلَيْهِمْ يَوْمَ الْقِيَامَةِ وَلاَ يُزَكِّيهِمْ وَلَهُمْ عَذَابٌ أَلِيمٌ}
صحیح بخاری
صحیح بخاری 6676
موسیٰ بن اسماعیل نے ہم سے بیان کیا کہ ابوعوانہ نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے اعمش سے، اعمش نے ابووائل سے، ابووائل نے حضرت عبداللہ (بن مسعود) رضی اللہ عنہ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: جو شخص اس لئے جھوٹی قسم کھائے کہ وہ کسی مسلمان آدمی کا مال مار رہا ہو تو وہ اللہ سے ایسی حالت میں ملے گا کہ وہ اس سے ناراض ہو گا۔ پھر اللہ نے آپؐ کے اس قول کی تصدیق میں یہ آیت نازل کی: جو لوگ اللہ کے عہد اور اپنی قسموں کے ذریعہ سے تھوڑا سا مول لیتے ہیں۔……
صحیح بخاری 6677
(حضرت عبداللہ بن مسعودؓ یہ حدیث بیان کر ہی رہے تھے کہ اتنے میں حضرت اشعث بن قیسؓ اندر آئے اور انہوں نے پوچھا: ابو عبدالرحمٰن نے تم سے کیا بیان کیا ہے؟ لوگوں نے کہا: ایسا ایسا بیان کیا ہے۔ انہوں نے کہا: یہ آیت میرے متعلق نازل کی گئی تھی۔ میرے ایک چچا زاد بھائی کی زمین میں میرا ایک کنواں تھا اور میں رسول اللہ ﷺ کے پاس آیا۔ آپؐ نے فرمایا: تمہارا ثبوت ہونا چاہیئے ورنہ اس سے قسم لی جائے گی۔ میں نے کہا: یا رسول اللہ! تب تو وہ اس کے متعلق قسم کھا لے گا۔ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: جس نے مضبوط قسم کھائی جبکہ وہ اس قسم میں جھوٹا ہے، اس قسم کے ذریعہ سے مسلمان آدمی کا مال مار رہا ہے تو وہ قیامت کے دن اللہ سے ایسی حالت میں ملے گا کہ وہ اس سے ناراض ہوگا۔