کتاب 18: باب الْيَمِينِ فِيمَا لاَ يَمْلِكُ، وَفِي الْمَعْصِيَةِ، وَفِي الْغَضَبِ
صحیح بخاری
صحیح بخاری 6678
محمد بن علاء نے مجھ سے بیان کیا کہ ابواسامہ نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے بُرید سے، بُرید نے ابوبردہ سے، ابوبردہ نے حضرت ابوموسیٰؓ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: میرے ساتھیوں نے مجھے نبی ﷺ کے پاس بھیجا کہ آپؐ سے سواریاں مانگوں۔ آپؐ نے فرمایا: اللہ کی قسم! میں تمہیں کسی پر سوار نہیں کروں گا اور اتفاق سے میں آپؐ کو ایسے وقت میں ملا کہ آپؐ ناراض تھے۔ پھر جب میں آپؐ کے پاس آیا آپؐ نے فرمایا: اپنے ساتھیوں کے پاس جاؤ اُنہیں کہو کہ اللہ یا (فرمایا کہ) اللہ کا رسول ﷺ تمہیں سواریاں دیتا ہے۔
صحیح بخاری 6679
عبدالعزیز نے ہم سے بیان کیا کہ ابراہیم (بن سعد) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے صالح سے، صالح نے ابن شہاب سے روایت کی۔ نیز حجاج (بن منہال) نے ہم سے بیان کیا کہ عبداللہ بن عمر نمیری نے ہمیں بتایا۔ یونس بن یزید ایلی نے ہم سے بیان کیا، کہا: میں نے زُہری سے سنا۔ زہری نے کہا: میں نے عروہ بن زبیر اور سعید بن مسیب اور علقمہ بن وقاص اور عبیداللہ بن عبداللہ بن عتبہ سے نبی ﷺ کی زوجہ حضرت عائشہؓ کا وہ واقعہ سنا جبکہ ان کے متعلق بہتان باندھنے والوں نے وہ باتیں کیں جو انہوں نے کیں اور جو انہوں نے کہا، اللہ نے ان کو اس افترا سے بری قرار دیا۔ ان میں سے ہر ایک نے اس حدیث کا ایک ایک ٹکڑا مجھ سے بیان کیا۔ اللہ نے یہ آیت نازل کی: اِنَّ الَّذِيْنَ جَآءُوْ بِالْاِفْكِ۔ دس آیات تک، یہ ساری آیتیں میری بریت کے متعلق تھیں۔ تو حضرت ابوبکر صدیقؓ نے کہا اور وہ مسطح کو بوجہ اپنے قریبی رشتہ دار ہونے کے خرچ دیا کرتے تھے کہ اللہ کی قسم میں مسطح کو اب اس کے بعد کہ اس نے عائشہؓ کے متعلق افترا کیا ہے کبھی بھی کچھ خرچ نہیں دوں گا۔ تو اللہ نے یہ حکم نازل کیا: تم میں سے جو اہل فضیلت اور کشائش والے ہیں وہ قریبیوں کے ساتھ سلوک کرنے میں کمی نہ کریں۔ حضرت ابوبکرؓ نے کہا: کیوں نہیں اللہ کی قسم میں ضرور پسند کرتا ہوں کہ اللہ میری پردہ پوشی فرماتے ہوئے مجھ سے درگزر کرے اور وہ مسطح کو وہ خرچ دوبارہ دینے لگے جو اُس کو دیا کرتے تھے اور کہا: اللہ کی قسم میں اب اس خرچ کو اس سے کبھی نہیں چھینوں گا۔
صحیح بخاری 6680
ابو معمر (عبداللہ بن عمرو مقعد) نے ہم سے بیان کیا کہ عبدالوارث (بن سعید) نے ہمیں بتایا۔ ایوب نے ہم سے بیان کیا۔ ایوب نے قاسم سے، قاسم نے زہدم (بن مضرب جرمی) سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: ہم حضرت ابو موسیٰ اشعریؓ کے پاس تھے تو انہوں نے کہا: میں کچھ اشعری لوگوں سمیت رسول اللہ ﷺ کے پاس آیا اور میں آپؐ سے ایسے وقت میں ملا کہ آپؐ ناراض تھے۔ ہم نے آپؐ سے سواریاں مانگیں تو آپؐ نے قسم کھائی کہ آپؐ ہمیں سواریاں نہیں دیں گے۔ پھر اس کے بعد آپؐ نے فرمایا: اللہ کی قسم! میں جو بھی ایسی قسم کھا بیٹھوں گا کہ پھر اس کے سوا کسی اور بات کو بہتر سمجھوں گا تو ان شاء اللہ ضرور ہی وہی کروں گا جو بہتر ہو اور اس قسم کا کفارہ ادا کروں گا۔